روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ جاوید عظیمی کی خصوصی ملاقات ۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل — مندوب خاص ) گزشتہ دنوں بروز ہفتہ 14 نومبر 2026 پاک ڈچ نیشنل فورم کی سالانہ تقریب یوم اقبال میں شرکت کے لئے معروف کالم نویس اور شاعر فیضان عارف برطانیہ سے ہالینڈ تشریف لائے ۔ متذکرہ تقریب کے اختتام پر روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ اور بزم ادب کے سربراہ محمد جاوید عظیمی نے ان سے خصوصی ملاقات کی ۔ گفتگو کے دوران فیضان عارف نے کہاآپ سے ایک طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں ۔ متذکرہ ملاقات میں دونوں شخصیات نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، تاہم گفتگو کا مرکزی نقطہ علم و ادب کا فروغ تھا ۔ اس دوران پروگرام کے منتظمین نے بلخصوص راحیلہ محمود اور سید اعجاز حسین سیفی نے التماس کی کہ آپ دونوں حضرات دستر خوان سے کھانا لے لیں کیونکہ اب وہاں رش نہیں ہے ۔ کھانا لے کر دوبارہ وہیں آکر بیٹھے کھانا تناول کرنے کے دوران بھی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا ہے ۔ فیضان عارف نے ایک موقعہ پر علمی، روحانی شخصیت اور سلسلہ عظیمیہ کے خانواده حضرت خواجہ شمس الدین عظیمیؒ کا ذکر خیر بھی کیا جب آپؒ جنگ اخبار لندن کے لئے کالم تحریر کیا کرتے تھے۔ جاوید عظیمی نے برطانیہ میں علمی ادبی سرگرمیوں سے متعلق سوال کیا تو فیضان عارف نے اس پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ بھر بالخصوص لندن میں متعدد تنظیمیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے تقریبات کا انعقاد کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔ گفتگو اتنی دلچسپ تھی کہ وقت گزرنے کا احساس بھی نہیں ہوا ۔ آخر میں فیضان عارف نےمحبت بھرے لہجے میں کہا جاوید صاحب آج آپ سے کئی سال بعد ملاقات ہوئی بہت اچھا لگا طبیعت سر شار ہو گئی۔ اللہ تعالٰی آپ کو اور آپ کی فیملی کو ہمیشہ خوش حال اور صحت مند رکھے ۔ جاوید عظیمی نے آمین کہتے ہوئے یہی دعائیں فیضان عارف کے حق میں بھی ادا کیں. اس طرح خوشگوار انداز میں الوداع کہتے ہوئے فیضان عارف قیام کے لئے ہوٹل روانہ ہو گئے۔
یاد رہے فیضان عارف کا کالم بعنوان "لندن سے ایک خط ، باقاعدگی سے روشنی نیوز میں شائع ہوتا ہے۔