ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )سورج کئی بار مشرق سے طلوع ہوا اور مغرب میں غروب ہوا۔ چاند نے اپنے مہینے بھر کا سفر ہزاروں بار طے کیا۔ ستارے لاکھوں بار رات کی تاریکی میں چمکے اور صبح کی روشنی میں غائب ہو گئے۔ ابنِ آدم کے باغ میں کئی بار بہار اور خزاں نے اپنے اپنے رنگ دکھائے۔
جنت سے نکالے ہوئے انسان کی نئی بستی ایک ایسی جنگ گاہ تھی، جس میں فطرت کے مختلف عناصر ہمیشہ برسرِ پیکار رہے۔ طرح طرح کے انقلابات آئے۔ تہذیب و تمدن نے کئی روپ بدلے۔ ہزاروں قومیں ذلت کی گہرائیوں سے اٹھیں اور آندھی اور بگولے کی طرح ساری دنیا پر چھا گئیں، لیکن قانونِ فطرت میں عروج و زوال کا رشتہ ایسا مضبوط ہے کہ کسی کو بھی ہمیشہ قائم رہنے کا موقع نہیں ملتا۔
وہ قومیں جو تلواروں کے سائے میں فتح کے نقارے بجاتی ہوئی اٹھیں، طاؤس اور رباب کی دھنوں میں مدہوش ہو کر زوال کا شکار ہو گئیں۔
کوئی اس نیلگوں آسمان سے پوچھے، جس کے وسیع سینے پر گزرے ہوئے زمانے کی ہزاروں داستانیں نقش ہیں۔ اس نے بڑی بڑی قوموں کو بنتے اور بگڑتے دیکھا ہے۔ اس نے بڑے بڑے جابر بادشاہوں کو تاج و تخت سے محروم ہو کر گداگروں کا لباس پہنتے اور گداگروں کو اپنے سروں پر تاج رکھتے دیکھا ہے۔
ہو سکتا ہے کہ وہ ان داستانوں کو بار بار دہرائے جانے سے بے نیاز ہو گیا ہو، لیکن ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ صحرانشین عرب کی ترقی اور تنزل کی طویل داستان، جو دنیا کی تمام داستانوں سے مختلف ہے، اسے ابھی تک یاد ہوگی۔
اگرچہ اس داستان کا کوئی حصہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں، لیکن اس وقت ہمارے سامنے اس کا وہ رنگین باب ہے، جب مغرب و مشرق کی وادیاں، پہاڑ اور صحرا مسلمانوں کے سمندِ اقبال کے قدم چوم رہے تھے اور ان کی خاراشگاف تلواروں کے سامنے ایران اور روم کے سلطان عاجز آ چکے تھے۔
یہ وہ زمانہ تھا جب ترکستان، اندلس اور ہندوستان کی سرزمین مسلمانوں کو اپنی قوتِ تسخیر آزمانے کی دعوت دے رہی تھی۔
بصرہ سے چند میل کے فاصلے پر ایک سرسبز و شاداب نخلستان کے درمیان ایک چھوٹی سی بستی تھی۔ اس بستی کے ایک سادہ سے مکان کے صحن میں صابرہ نامی ایک ادھیڑ عمر عورت عصر کی نماز پڑھ رہی تھی۔
دوسری طرف تین بچے کھیل کود میں مصروف تھے۔ دو لڑکے اور ایک لڑکی۔ لڑکوں نے ہاتھوں میں لکڑی کی دو چھوٹی چھوٹی چھڑیاں پکڑ رکھی تھیں۔ لڑکی غور سے ان کی حرکات کا مشاہدہ کر رہی تھی۔
بڑے لڑکے نے چھڑی گھماتے ہوئے چھوٹے کی طرف دیکھا اور کہا:
"دیکھو نعیم! میری تلوار!”
چھوٹے لڑکے نے بھی اپنی چھڑی گھمائی اور کہا:
"میرے پاس بھی تلوار ہے۔ آؤ، ہم جنگ کریں!”
"تم رو پڑو گے!” بڑے لڑکے نے کہا۔
"نہیں، تم رو پڑو گے!” چھوٹے لڑکے نے جواب دیا۔
"تو پھر آؤ!” بڑے لڑکے نے تن کر کہا۔
معصوم بچے ایک دوسرے پر وار کرنے لگے اور لڑکی قدرے پریشان ہو کر یہ تماشا دیکھنے لگی۔ اس لڑکی کا نام عزرا تھا۔ چھوٹے لڑکے کا نام نعیم اور بڑے کا نام عبداللہ تھا۔ عبداللہ، نعیم سے تین سال بڑا تھا۔
عبداللہ کے ہونٹوں پر مسکراہٹ کھیل رہی تھی، لیکن نعیم کے چہرے سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ واقعی میدانِ جنگ میں کھڑا ہے۔ نعیم جلدی جلدی وار کرتا اور عبداللہ متانت سے ان کا جواب دیتا۔
اچانک نعیم کی چھڑی عبداللہ کے بازو پر لگی۔ عبداللہ نے قدرے غصے میں آ کر وار کیا۔ اب نعیم کی کلائی پر چوٹ لگی اور اس کے ہاتھ سے چھڑی گر پڑی۔
عبداللہ نے کہا:
"دیکھو، اب رونا مت!”
"میں نہیں، تم رو پڑو گے!” نعیم نے غصے سے لال پیلا ہوتے ہوئے جواب دیا۔
اس نے زمین سے ایک ڈھیلا اٹھایا اور عبداللہ کے ماتھے پر دے مارا۔ اس کے بعد اپنی چھڑی اٹھائی اور گھر کی طرف بھاگ کھڑا ہوا۔ عبداللہ بھی سر سہلاتا ہوا اس کے پیچھے بھاگا، لیکن اتنی دیر میں نعیم صابرہ کی گود میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔
"امّی! بھائی مجھے مارتا ہے۔” اس نے کہا۔
عبداللہ غصے سے ہونٹ کاٹ رہا تھا، لیکن ماں کو دیکھ کر خاموش ہو گیا۔
ماں نے پوچھا:
"عبداللہ! کیا بات ہے؟”
اس نے جواب دیا:
"امّی! اس نے مجھے پتھر مارا ہے۔”
"تم دونوں لڑے کیوں تھے، بیٹا؟” صابرہ نے نعیم کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے پوچھا۔
نعیم نے جواب دیا:
"ہم تلواروں سے جنگ کر رہے تھے۔ اس نے میری کلائی پر وار کیا، پھر میں نے بھی بدلہ لے لیا۔”
"تلواروں سے؟ تلواریں تم کہاں سے لائے؟”
"یہ دیکھو، امّی!” نعیم نے اپنی چھڑی دکھاتے ہوئے کہا۔ "یہ لکڑی کی ہے، لیکن مجھے لوہے کی تلوار چاہیے۔ لے دو نا! میں جہاد پر جاؤں گا۔”
کم سن بیٹے کے منہ سے جہاد کا لفظ سن کر جو خوشی ہوتی ہے، وہی مائیں جان سکتی ہیں جو اپنے جگر کے ٹکڑوں کو لوری دیتے وقت یہ دعا کیا کرتی تھیں:
"اے ربِ کعبہ! میرا یہ لال مجاہد بنے اور تیرے محبوب کے لگائے ہوئے درخت کو اپنی جوانی کے خون سے سیراب کرے۔”
نعیم کی زبان سے تلوار اور جہاد کے الفاظ سن کر صابرہ کا چہرہ خوشی سے چمک اٹھا اور اس کے رگ و ریشے میں مسرت کی لہریں دوڑنے لگیں۔ اس نے فرطِ انبساط سے آنکھیں بند کر لیں۔
وہ ماضی اور حال کو فراموش کر چکی تھی اور تصور میں اپنے بیٹوں کو نوجوان مجاہدوں کے لباس میں، خوبصورت گھوڑوں پر سوار میدانِ جنگ میں دیکھ رہی تھی۔
وہ دیکھ رہی تھی کہ اس کے لال دشمن کی صفوں کو چیرتے اور روندتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ دشمن کے گھوڑے اور ہاتھی ان کے بے پناہ حملوں کی تاب نہ لا کر بھاگ رہے ہیں۔ اس کے نوجوان بیٹے ان کے تعاقب میں ٹھاٹھیں مارتے ہوئے دریاؤں میں گھوڑے ڈال رہے ہیں۔
وہ دشمن کے نعروں کے جواب میں کئی بار نعرے بلند کرتے ہیں اور بالآخر زخموں سے نڈھال ہو کر کلمۂ شہادت پڑھتے ہوئے خاموش ہو جاتے ہیں۔
وہ دیکھ رہی تھی کہ جنت کی حوریں ان کے لیے شرابِ طہور کے جام لیے کھڑی ہیں۔
صابرہ نے "اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ” پڑھا اور سجدے میں سر رکھ کر دعا مانگی:
"اے زمین و آسمان کے مالک! جب مجاہدوں کی مائیں تیری بارگاہ میں حاضر ہوں تو میں کسی سے پیچھے نہ رہوں۔ ان بچوں کو اس قابل بنا دے کہ وہ اپنے آباؤ اجداد کی روایات کو قائم رکھ سکیں۔”
دعا کے بعد صابرہ اٹھی اور بچوں کو گلے لگا لیا۔
انسانی زندگی کے ہزاروں واقعات ایسے ہیں جو عقل کی محدود چار دیواری سے گزر کر مملکتِ دل کی لامحدود وسعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اگر ہم دنیا کے ہر واقعے کو عقل کی کسوٹی پر پرکھیں تو بعض اوقات ہمارے لیے نہایت معمولی باتیں بھی عجیب بن کر رہ جاتی ہیں۔
ہم دوسروں کے احساسات اور جذبات کا اندازہ اپنے احساسات اور جذبات سے لگاتے ہیں۔ اس لیے ان کی وہ حرکات جو ہماری سمجھ سے بالاتر ہوتی ہیں، ہمارے لیے ایک معما بن جاتی ہیں۔
آج کل کی ماؤں کو قرونِ اولیٰ کی ایک بہادر ماں کی تمنائیں اور دعائیں کس قدر عجیب معلوم ہوں گی! اپنے جگر کے ٹکڑوں کو آگ اور خون میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کی آرزو انہیں کس قدر بھیانک نظر آتی ہوگی۔
اپنے بچوں کو بلی کا خوف دلا کر سلانے والی مائیں ان کے متعلق شیروں کے مقابلے میں کھڑے ہونے کے خواب کب دیکھتی ہوں گی!
ہمارے کالجوں، ہوٹلوں اور قہوہ خانوں میں بیٹھے ہوئے نوجوانوں کا علم اور عقل، پہاڑوں کی بلندی اور سمندروں کی گہرائی کو خاطر میں نہ لانے والے مجاہدوں کے دلوں کا راز کیسے جان سکتے ہیں؟
رباب کے تاروں کی جنبش سے لرز جانے والے نازک مزاج انسانوں کو تیروں اور نیزوں کے مقابلے میں ڈٹ جانے والے جوان مردوں کی داستانیں کس قدر حیرت انگیز معلوم ہوں گی!
اپنے گھونسلے کے اردگرد چکر لگانے والی چڑیا عقاب کے اندازِ پرواز سے کس طرح واقف ہو سکتی ہے!
صابرہ کا بچپن اور جوانی زندگی کے ناہموار ترین راستوں سے گزر چکے تھے۔ اس کے رگ و ریشے میں عرب کے ان شہسواروں کا خون تھا جو کفر و اسلام کی ابتدائی جنگوں میں اپنی تلواروں کے جوہر دکھا چکے تھے۔
اس کا دادا جنگِ یرموک سے غازی بن کر لوٹا تھا اور جنگِ قادسیہ میں شہید ہوا تھا۔
وہ بچپن ہی سے غازی اور شہید کے الفاظ سے آشنا تھی۔ بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ جب وہ اپنی توتلی زبان سے ابتدائی حروف ادا کرنے کی کوشش کیا کرتی تھی تو اس کی ماں کا سکھایا ہوا پہلا فقرہ "ابا غازی” تھا اور چند دنوں بعد اس نے "ابا شہید” کہنا بھی سیکھ لیا تھا۔
ایسے ماحول میں پرورش پانے کے بعد اس کی جوانی اور بڑھاپے سے ہر وہ توقع کی جا سکتی تھی جو ایک مسلمان فرض شناس عورت سے وابستہ کی جا سکتی ہے۔
وہ بچپن میں عرب عورتوں کی شجاعت کے افسانے سنا کرتی تھی۔ سولہ سال کی عمر میں اس کی شادی عبدالرحمن کے ساتھ ہوئی۔ نوجوان شوہر ایک مجاہد کی تمام خوبیوں سے آراستہ تھا اور اس کی وفادار بیوی کی محبت اسے گھر کی چار دیواری میں بند کر دینے کی بجائے ہمیشہ جہاد کے لیے ابھارتی رہی۔
عبدالرحمن جب آخری مرتبہ جہاد پر روانہ ہوا تو اس وقت عبداللہ کی عمر تین سال اور نعیم کی عمر تین مہینے سے کچھ کم تھی۔
عبدالرحمن نے عبداللہ کو اٹھا کر گلے لگا لیا اور نعیم کو صابرہ کی گود سے لے کر پیار کیا۔ اس کے چہرے پر قدرے افسردگی کے آثار پیدا ہوئے، لیکن فوراً ہی مسکرانے کی کوشش کی۔
رفیقِ حیات کو میدانِ جنگ کی طرف رخصت ہوتا دیکھ کر صابرہ کے دل میں تھوڑی دیر کے لیے طوفان سا امڈ آیا، لیکن اس نے اپنی آنکھوں میں چھلکتے ہوئے آنسوؤں کو بہنے کی اجازت نہ دی۔
عبدالرحمن نے کہا:
"صابرہ! مجھ سے وعدہ کرو کہ اگر میں جنگ سے واپس نہ آیا تو میرے بیٹے میری تلواروں کو زنگ آلود نہیں ہونے دیں گے۔”
آپ تسلی رکھیں۔ صابرہ نے جواب دیا:
"میرے لال کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔”
عبدالرحمن نے خدا حافظ کہا اور گھوڑے کی رکاب میں پاؤں رکھا۔ صابرہ نے اس کے رخصت ہونے کے بعد سجدے میں سر رکھ کر دعا کی:
"اے زمین و آسمان کے مالک! اسے ثابت قدم رکھنا!”
جب شوہر اور بیوی صورت اور سیرت کے لحاظ سے ایک دوسرے کے لیے قابلِ رشک ہوں تو محبت کے جذبات کا کمال کی حد تک پہنچ جانا کوئی نئی بات نہیں۔
بلاشبہ صابرہ اور عبدالرحمن کا تعلق جسم اور روح کا تعلق تھا اور رخصت کے وقت لطیف جذبات کو اس طرح دبا لینا کسی حد تک عجیب معلوم ہوتا ہے۔
لیکن وہ کون سا عظیم الشان مقصد تھا جس کے لیے یہ لوگ دنیا کی تمام خواہشات اور تمناؤں کو قربان کر دیتے تھے؟
وہ کون سا مقصد تھا جس نے تین سو تیرہ افراد کو ایک ہزار کے مقابلے میں لا کھڑا کیا تھا؟
وہ کون سا جذبہ تھا جس نے مجاہدوں کو دریاؤں اور سمندروں میں کودنے، تپتے ہوئے وسیع صحراؤں کو عبور کرنے اور فلک بوس پہاڑوں کو روندنے کی قوت عطا کی تھی؟
ان سوالات کا جواب ایک مجاہد ہی دے سکتا ہے۔
عبدالرحمن کو رخصت ہوئے سات مہینے گزر چکے تھے۔ اس بستی کے چار اور آدمی بھی اس کے ہمراہ گئے تھے۔
ایک دن عبدالرحمن کا ایک ساتھی واپس آیا اور اونٹ سے اترتے ہی صابرہ کے گھر کی طرف بڑھا۔ اس کے آتے ہی بہت سے لوگ اس کے اردگرد جمع ہو گئے۔ کسی نے عبدالرحمن کے متعلق پوچھا، لیکن اس نے کوئی جواب نہ دیا اور خاموشی سے صابرہ کے مکان میں داخل ہو گیا۔
صابرہ نماز کے لیے وضو کر رہی تھی۔ اسے دیکھ کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ آنے والا آگے بڑھا اور چند قدم کے فاصلے پر کھڑا ہو گیا۔
صابرہ نے دھڑکتے ہوئے دل پر قابو پا کر پوچھا:
"وہ نہیں آئے؟”
"وہ شہید ہو گئے۔”
"شہید؟”
ضبط کے باوجود صابرہ کی آنکھوں سے آنسوؤں کے چند قطرے نکل پڑے۔
آنے والے نے کہا:
"اپنے آخری لمحات میں، جب وہ زخموں سے چور تھے، انہوں نے یہ خط مجھے اپنے خون سے لکھ کر دیا تھا۔”
صابرہ نے اپنے شوہر کا آخری خط کھولا اور پڑھنا شروع کیا:
صابرہ!
میری آرزو پوری ہو گئی۔ اس وقت جب کہ میں زندگی کے آخری سانس پورے کر رہا ہوں، میرے کانوں میں ایک عجیب راگ گونج رہا ہے۔ میری روح جسم کی قید سے آزاد ہو کر اس راگ کی گہرائیوں میں کھو جانے کے لیے پھڑپھڑا رہی ہے۔
میں زخموں سے چور ہونے کے باوجود ایک عجیب سی فرحت محسوس کر رہا ہوں۔ میری روح ایک ابدی سرور کے سمندر میں غوطے کھا رہی ہے۔
میں اس بستی کو چھوڑ کر ایک ایسی دنیا میں جا رہا ہوں جس کا ہر ذرہ اس دنیا کی تمام رنگینیاں اپنے پہلو میں لیے ہوئے ہے۔
میری موت پر آنسو نہ بہانا۔ میں اپنے مقصد کو پا چکا ہوں۔ یہ خیال نہ کرنا کہ میں تم سے دور جا رہا ہوں۔ ہم کسی دن ایسے مقام پر اکٹھے ہوں گے جو دائمی سرور کا مرکز ہے، جہاں کی صبح شام سے اور بہار خزاں سے آشنا نہیں۔
یہ مقام اگرچہ چاند اور ستاروں سے کہیں بلند ہے، مگر مردِ مجاہد وہاں ایک ہی جست میں پہنچ سکتا ہے۔
عبداللہ اور نعیم کو اس مقام تک پہنچنے کا راستہ دکھانا تمہارا فرض ہے۔
میں تمہیں بہت کچھ لکھنا چاہتا تھا، مگر میری روح جسم کی قید سے آزاد ہونے کے لیے بے قرار ہے۔ میں آقائے نامدار کے قدم چومنے کے لیے بے تاب ہوں۔
میں تمہیں اپنی تلوار بھیج رہا ہوں۔ بچوں کو اس کی قدر و قیمت بتانا۔
جس طرح تم میرے لیے ایک فرض شناس بیوی تھیں، اسی طرح میرے بچوں کے لیے ایک فرض شناس ماں بننا۔ انہیں اپنے ارادوں میں کمزور نہ ہونے دینا۔ انہیں یہ بتانا کہ مجاہد کی موت کے سامنے دنیا کی زندگی بے حقیقت اور بے وقعت ہے۔