شباب کی باتیں۔۔۔*خاموش سمندر سے ملاقات ہوئی ہے۔۔ تحریر  ۔۔۔۔۔مشتاق شباب

*شباب کی باتیں*

*خاموش سمندر سے ملاقات ہوئی ہے*

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ شباب کی باتیں۔۔۔*خاموش سمندر سے ملاقات ہوئی ہے۔۔ تحریر  ۔۔۔۔۔مشتاق شباب)یادیں بس یادیں رہ جاتی ہیں،  جانے والوں کو روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوتی، کوئی سبیل نہیں کی جا سکتی۔  محسن احسان کی رحلت پر جو چند اشعار ہم نے سپرد قلم کیے تھے اس میں ایک شعر تھا

*روکو اسے کہ اب کے نہ آنے پہ ہے بضد*

*اے اہل شہر فخر پشاور چلا گیا*

یوں تو اردو ادب میں گزرنے والوں کے حوالے سے لا تعداد اشعار مل جاتے ہیں،  جنہیں اکثر لوگ اپنے پیاروں کے لیے بھی استعمال کر کے ان کی اہمیت واضح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔  مگر اب کی بار ڈاکٹر سہیل احمد کی وفات حسرت آیات پر اس کے دوستوں اور شاگردوں نے نئے تعزیتی اشعار کا جو انبار لگا دیا ہے ان میں تعزیت کے نئے رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔  انجینیئر عتیق الرحمن نے ڈاکٹر سہیل احمد کے کردار کی کئی جہتوں کو سامنے لا کر حقیقتاً کوزے میں دریا کو بند کرنے کی سعی کی ہے، کہتے ہیں

*میں جب بھی ملا اس سے ہمیشہ یہ لگا ہے*

*خاموش سمندر سے ملاقات ہوئی ہے*

ڈاکٹر سہیل احمد واقعتاً ادب کا وہ خاموش سمندر تھے جو ویسے تو چپ  رہتے تھے اور سمندر کی پرسکون لہروں کے اندر جب کبھی ارتعاش پیدا ہوتا تھا اور وہ بولنے پر آتے تو فہم و ادراک کی سرکش موجیں بپھر کر طوفان مچا دیتیں،  ان کے ایک شاگرد فصیح اللہ خان نے ان کی رحلت پر جو نوحہ کہا ہے اس کے چند اشعار ڈاکٹر سہیل کی شخصیت کے حوالے سے یاد رکھے جائیں گے

*لفظوں کو اعتبار معانی کیا عطا*

*سوئے ہوئے شعور جگا کر چلا گیا*

*ہر ذہن میں خیال کا مہکا گیا گلاب*

*وہ علم کی بہار سجا کر چلا گیا*

*الفاظ کو شعور کی دولت عطا ہوئی*

*ہر حرف میں وہ معنی  بسا کر چلا گیا*

 ڈاکٹر سہیل احمد سے ملاقات چند برس پہلے حلقہ ارباب ذوق کے اجلاسوں میں ہوئی، تب  ان کے نام کے ساتھ ڈاکٹر کا سابقہ ابھی نہیں جڑا تھا۔  اچھی غزل کہتے تھے اور حلقے کے اجلاسوں میں ساتھی اہل قلم کے افسانوں، غزلوں، نظموں وغیرہ پر بحث کے دوران بہت عمدہ گفتگو کرتے، نئے نئے نکات سامنے لاتے اور بحث کو مثبت اشارے دے کر نئی شرحیں ترتیب دیتے۔  وہ دور حاضر کے مقبول ترین شاعر مرحوم غلام محمد قاصر کی شاعری کے غواص اور اچھے محققین میں اہم مقام رکھتے تھے۔ اور قاصر مرحوم کی کلیات "ایک شعر ابھی تک زندہ ہے”  کہ مرتب کرنے میں بھی ان کا اہم مقام تھا۔  اسی وجہ سے غلام محمد قاصر کی اہلیہ سلمی’  قاصر نے ڈاکٹر سہیل احمد کی رحلت پر جو پیغام شیئر کیا ہے اس کے الفاظ بھی ڈاکٹر سہیل احمد کے ساتھ سلمی’  قاصر اور ان کے خاندان کے اچھے تعلقات کے غماز ہیں۔  سلمی’ قاصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے

” پہاڑپور کے عظیم شاعر،  غلام محمد قاصر صاحب پر بہت زیادہ تحقیق اور قاصر کا گہرا مطالعہ رکھنے والے ڈاکٹر سہیل احمد ہم میں نہیں رہے۔ اللہ پاک ان کی روح کو سکون عطا فرمائے،  اور ان کی اگلی منزلیں آسان ہوں انا للہ وانا الیہ راجعون”

پشاور بالخصوص اور ملک کے دیگر شہروں کے ادبی حلقوں کی جانب سے بالعموم ڈاکٹر سہیل احمد کے حوالے سے جو تعزیتی پیغامات سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں ان میں مرحوم کے حوالے سے جن نیک جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے وہ ایک عرصے تک ان کی یادوں کو محو نہیں ہونے دیں گے۔  ڈاکٹر سہیل احمد کی اخری تقریب کے حوالے سے ان کی یادگار تصاویر ہمدم دیرینہ ناصر علی سید نے فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے ان کی یادوں کو تازہ کیا ہے۔  یہ تقریب جو سنڈیکیٹ آف رائٹرز اور ہورائزن کے اشتراک سے عبادت ہسپتال کے حق بابا آڈیٹوریم میں پروفیسر ڈاکٹر خالد مفتی کی مساعی سے منعقد کی گئی تھی اور جس میں ناصر علی سید نے اپنے حالیہ نوماہی دورہء امریکہ و کینیڈا کی یادوں کو ادبی حلقوں کے ساتھ شیئر کیا۔  اس تقریب میں ڈاکٹر سہیل احمد نے ناصر علی سید کے ساتھ اپنے دیرینہ مراسم اور ادبی حلقوں میں ان کے کردار کو جس عمدہ اور خوبصورت پیرائے میں بیان کیا، اس کی گونج ایک  عرصے تک پشاور کی ادبی حلقوں میں سنائی دیتی رہے گی۔  ناصر علی سید نے ان کی رحلت کے حوالے سے انور مسعود کا یہ مشہور شعر یاد دلا کر ڈاکٹر سہیل کی اہمیت اجاگر کی

*خاک میں ڈھونڈتے ہیں سونا لوگ*

*ہم نے سونا سپرد خاک کیا*

 ڈاکٹر سہیل احمد اپنے دوستوں، بہی خواہ ہوں اور خصوصاً اپنے شاگردوں میں کتنے مقبول تھے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب ان کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں ایمرجنسی میں ہسپتال پہنچایا گیا تو ان کے دوستوں اور خصوصاً شاگردوں کا ہسپتال کے وارڈ کے باہر تانتا بندھ گیا۔  ان کے قریبی دوستوں حلقہء ارباب ذوق کے سیکرٹری ڈاکٹر فضل کبیر، جوائنٹ سیکرٹری مسرور حسین اور لا تعداد شاگردوں نے ان کی تیمارداری کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور دن رات ان کے وارڈ کے قریب مسلسل جاگ کر ان کی خبرگیری کرتے رہے۔

 ڈاکٹر خادم ابراہیم اور مرحوم ڈاکٹر نذیر تبسم کے برخوردار وجاہت نذیر کے ہمراہ جب راقم خیبر ٹیچنگ ہسپتال پہنچا تو انہیں کارڈیالوجی یونٹ سے یورالوجی وارڈ میں منتقل کیا جا چکا تھا۔  ناصر علی سید ذاتی طور پر بھی ہم سب سے پہلے جا کر ان کی حالت کے بارے میں حلقہ کے واٹس ایپ گروپ میں وقتاً فوقتاً  اطلاعات فراہم کرتے رہے،  جس پر ڈاکٹر خالد مفتی نے بھی جا کر ان کی بیمار پرسی کی۔ ہم ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹر فضل کبیر نے رابطہ کرنے پر ہمیں ہسپتال کے ریسپشن پر چند لمحے انتظار کرنے کو کہا اور پھر ایک ساتھی بھیج کر ہماری رہنمائی کرائی،  یوں ہم بآسانی ڈاکٹر سہیل تک پہنچ گئے۔ ملاقات کے وقت بظاہر تو ان کی طبیعت بہتر نظر آئی اور وہ حسب معمول سکون کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے تا ہم ہمیں کیا پتا تھا کہ دراصل ان کی یہ بشاشت دوستوں کی اتنی بڑی تعداد میں ان کی تیمارداری، بیمار پرسی اور ان سے ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔ یعنی بقول غالب ان کے دیکھے سے جو آجاتی ہے منہ پر رونق والی صورتحال تھی،  جبکہ اصل معاملہ تو اس چراغ کا تھا،  بجھنے سے پہلے جس کی نہ صرف روشنی تیز ہو جاتی ہے اور پھر ٹمٹما کر بھڑکنے کے بعد ہمیشہ کے لیے گل ہو جاتا ہے۔

*اے شمع تیری عمر طبیعی ہے ایک رات*

*رو کر گزار یا اسے ہنس کر گزار دے*

اللہ ان کی روح کو سکون بخشے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔  آمین ثم ا

آمین۔ یا رب العالمین ۔