سونگھنے کی حس کا ہمارے دماغ، یادداشت اور جذبات سے گہرا تعلق ہے-

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )سونگھنے کی حس کا ہمارے دماغ، یادداشت اور جذبات سے گہرا تعلق ہے- سونگھنے کی حس (Smell) کا دماغ کے ان حصوں سے براہِ راست تعلق ہے، جو جذبات اور یادداشت کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں- دوسری حسی معلومات کے برعکس سونگھنے کے سگنلز دماغ کے ان حصوں تک پہنچتے ہیں، جنہیں ایمیگڈالا (Amygdala) اور ہپوکیمپس (Hippocampus) کہتے ہیں، دماغ کے یہ دونوں حصے بالترتیب جذباتی ردِعمل اور یادداشت بنانے کے عمل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں- یہی وجہ ہے کہ کسی مانوس عطر کی خوشبو، پسندیدہ کھانے کی مہک یا کسی خاص جگہ کی خوشبو، اچانک ہمیں کئی سال پرانی یادوں اور ان سے وابستہ جذبات میں واپس لے جاتی ہے- اسے سائنسی اصطلاح میں Proust Phenomenon کہا جاتا ہے- سونگھنے کی اِس حس اور یادداشت کا تعلق انسانی دماغ کی اُن خصوصیات میں سے ایک ہے، جو ہمارے تجربات اور جذبات کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے- کبھی کبھی صرف ایک خوشبو ماضی کے کسی لمحے کو اس قدر تازہ کر دیتی ہے، جیسے وہ ابھی کل ہی کی بات ہو- #ﺍﻧﺴﺎﻥ