شباب کی باتیں۔۔۔ یہ ظرف ہمارا ہے کہ ہم کچھ نہیں کہتے۔۔۔ تحریر۔۔۔مشتاق شباب

*شباب کی باتیں*

*یہ ظرف ہمارا ہے کہ ہم کچھ نہیں کہتے*.

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ شباب کی باتیں۔۔۔ یہ ظرف ہمارا ہے کہ ہم کچھ نہیں کہتے۔۔۔ تحریر۔۔۔مشتاق شباب) پشتو زبان میں ایک مقولہ ہے جسے اردو محاورے کے مطابق بیگماتی زبان سے تشبیہ یوں دی جا سکتی ہے کہ عموما” یہ خواتین ہی بولتی ہیں،  اور جس کے الفاظ پشتو زبان میں کچھ ایسے ہیں کہ "زہ مرم د غوچے، دا بیا وائ غوچے”۔ اس مقولے کا درست ترجمہ ہے تو بہت مشکل، تاہم اسے ہم نے ایک شعر میں ڈھال کر اس کا مفہوم سمجھانے کی کوشش ضرور کی ہے جو یوں ہے کہ

*مجھے جس بات سے موت آتی ہے ہر لحظہ سے سکھیو*

*اسی کا ذکر کرکے بار دیگر چھیڑ دیتی ہے*

اب اس مسئلے کی جانب آپ کی توجہ مبزول کرانا مقصود ہے جس کا ذکر اخبار میں پڑھ کر یہ پشتو مقولہ یاد آگیا اور خبر یوں ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں "گرین رکشہ سکیم” متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ (خبر کے مطابق) لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیئے جا سکیں۔  اب اس خبر پر سبحان اللہ کہنا چاہیے یا نہیں یہ فیصلہ اپ خود کریں، تاہم  کم از کم صوبائی دارالحکومت کے حوالے سے اس پر ہم (انتہائی معذرت کے ساتھ)  لاحول ولا قوۃ  کہے بغیر نہیں رہ سکتے،  کیونکہ جس شہر میں پہلے ہی ہم (ایک پنجابی مقولے کو تبدیل کر کے )  یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ جہاں پہلے ہی "رکشے پر رکشہ چڑھا ہوا ہے” اور ضلع پشاور کے اپنے رجسٹرڈ ہزارہا رکشوں کے علاوہ ہمسایہ اضلاع کے سینکڑوں رکشے بھی دندناتے ہوئے ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں اور جن کی وجہ سے سڑکوں پر تل دھرنے کی جگہ نہیں بچی،  وہاں ایک نئی رکشہ سکیم شروع کرنے کا کیا جواز ہے؟ جبکہ ان رکشوں کے ڈرائیورز کو نہ ٹریفک قوانین کا احساس اور احترام ہے ، نہ بات کرنے کی تمیز بلکہ اکثر ایسے ہیں جو تازہ تازہ اس شہر ناپرساں پر ایک یلغار کی صورت میں نازل ہوئے ہیں، جن کو نہ سڑکوں کا پتہ، نہ گلیوں، علاقوں کی کوئی پہچان ۔ اور جب آپ ان کے ساتھ سفر کرنے کے لیے بات کرتے ہیں تو وہ راستہ بھی آپ ہی سے  پوچھتے ہیں (میرے ساتھ متعد بار ایسا ہو چکا ہے) کہ راستہ اپ بتائیں میں لے جاؤں گا۔  راستے میں ان کے ساتھ گفتگو کے دوران یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ دو تین دن پہلے ہی اس شہر میں وارد ہوئے ہیں اور کسی عزیز رشتہ دار کا رکشہ چلا رہے ہیں۔  ایسے لوگوں کے رکشوں کی رجسٹریشن نمبر سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ رکشہ بھی کسی نہ کسی ہمسایہ ضلع میں رجسٹرڈ کر کے پشاور کی سڑکوں پر مسلط کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ابھی چند روز پہلے ہی ایک خبر میں بتایا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت میں رکشوں کی تعداد مبینہ طور پر ایک لاکھ سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ جبکہ اس شہر کی سڑکوں پر اتنے رکشے چلانے کی گنجائش موجود ہی نہیں ہے۔ جس کا دوسرا اور منفی پہلو یہ ہے کہ شہر کے باشندوں کو اپنی گاڑیوں کے لیے اتنا پیٹرول اور سی این جی بھی دستیاب نہیں ہوتا جتنے کی ضرورت ہے، پھر اکثر رکشوں میں ایل پی جی کے سلنڈر بھی نصب کیے گئے ہیں جن سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں شہر کی فضا کو مسموم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ٹریفک حکام اور سابقہ حکومتوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کی کئی سکیمیں بنائیں اور غیر رجسٹرڈ رکشوں کو واپس اپنے متعلقہ اضلاع کی جانب بھیجنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر یہ تمام کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئیں اور عوام کے بارہا بلکہ بار بار شور مچانے پر اس مسئلے کو حل کرنے کے وعدے حکومتی سطح پر ضرور کیے گئے مگر ان وعدوں کے نتائج بھی سب کو معلوم ہیں یعنی بقول اسلم گورداس پوری

*لٹکے ہوئے ہیں وعدہء فردہ کی دار پر*

*اب تک کسی نے آکے اتارا نہیں ہمیں*

ملک میں اس قسم کی سکیموں کی ابتداء  سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پیلی ٹیکسی سکیم کے نام سے ہوئی تھی، اس کے بعد صدر پاکستان کے منصب سے بھی ایک اسی نوعیت کی سکیم شروع کی گئی۔  یہاں تک کہ کسانوں اور زمینداروں کے لیے ٹریکٹر سکیم کا بھی اجراء کیا گیا۔ پھر تو معاملہ چل سو چل والا ہوا اور موٹرسائیکلوں کے لیے بھی قرضے جاری ہوتے رہے۔  متعلقہ کمپنیوں نے اپنے طور پر بھی اسان قسطوں پر موٹر سائیکلوں کی فروخت سے پورے ملک میں اتنی موٹر سائیکلیں سڑکوں پر چلوا دیں کہ ٹریفک کا ناس بلکہ سوا ستیا ناس ہو گیا۔  پھر مختلف  بینک بھی اس میدان میں کود پڑے اور عام چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ لگژری گاڑیاں بھی اپنی چھپ دکھلانے لگ پڑیں۔ اور اب رہی سہی کسر صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت، گرین رکشہ سکیم سے پوری کرنے جا رہی ہے۔  اگرچہ لفظ گرین سے مراد تو پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہی ہے اور عمومی طور پر لفظ گرین کو پیداوار کی بڑھوتی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس لیے یہ سمجھنے میں کوئی دقت تو نہیں ہونی چاہیئے کہ یہاں گرین رکشہ سے مراد لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ تاہم اس کے نتائج کو دیکھا جائے تو جب رکشوں کے کھیپ کے کھیپ  سڑکوں پر آئیں گے تو  ان رکشوں سے خارج ہونے والے دھوئیں سے ماحولیات کو جو نقصان پہنچے گا اور بیماریاں جنم لیں گی وہ بھی قابل غور کے زمرے میں آتا ہے ۔ اس لیے اس کے انجام پہ سوچنا تو بنتا ہے یعنی بقول احسان دانش

*ہمارے سامنے ہر وقت انجام شکایت تھی*

*کہی کو ان کہی کر دی، سنی کو ان سنی کر دی*

اس مسئلے کے کچھ اور پہلو بھی ہیں جن پر تبصرہ کر کے ہم اس سکیم کے منصوبہ سازوں کو ذہنی تکلیف پہنچانا نہیں چاہتے اور اب ان کی مرضی ہے کہ اس کے مثبت اور منفی تمام پہلوؤں کو نہایت باریک بینی سے دیکھ کر ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں۔ کیونکہ کسی بھی منصوبے کے صرف منفی پہلو کو نہیں دیکھنا چاہیئے، اس کی اچھائیوں اور فوائد پر بھی غور کرنا لازمی ہے۔ مگر اتنی گزارش ضرور ہے کہ پہلے ہی لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر دندنانے والے (قانونی اور غیر قانونی ) رکشوں کا کوئی بندوبست بھی کیا جائے اور دیگر اضلاع میں  رجسٹرڈ شدہ رکشے صرف پشاور میں دوڑانے کی اجازت کے منفی پہلو کو ضرور مد نظر رکھا جاۓ،  کہ بقول صدیق فتح پوری

*کہنے کے لئے ہم بھی زباں رکھتے ہیں لیکن*

*یہ ظرف ہمارا ہے کہ ہم کچھ نہیں کہتے*