صلاح الدین یوسف ایوبی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )تاریخ میں صلاح الدین یوسف ایوبی کا نام سب سے پہلے اس وقت مشہور ہوا جب نور الدین زنگی نے مصر کی سیاست میں دلچسپی لینا شروع کی اور وہاں کے وزیر شاور کی درخواست پر اپنے سپہ سالار شیر کوہ کے ذریعے وہاں مداخلت کا آغاز کیا۔

نور الدین زنگی کی مصر میں مداخلت کی وجوہات سمجھنے کے لیے ہمیں اس دور میں مصر کے حکمران خاندان بنو عبید کا تاریخی پس منظر کا جائزہ لینا ہوگا۔

عبیدی خاندان دو سو سال سے مصر پر حکومت کر رہا تھا۔ عقائد کے لحاظ سے یہ لوگ اسماعیلی شـ ـیعہ تھے۔ اس خاندان کے جد امجد عبید اللہ نے تیسری صدی ہجری کے اواخر میں مراکش اور شمالی افریقہ کے بہت بڑے علاقے میں اپنے ہم نواؤں کا جال پھیلایا تھا، اس کی دعوت نے بے شمار لوگوں کو متاثر کیا تھا۔

اس نے مہدی ہونے کا دعویٰ کر کے 297ھ (911ء) میں "فاطمی خلافت” کے نام سے ایک نئی خلافت کی بنیاد ڈالی جو عقائد ونظریات میں اہل سنت والجماعت سے متصادم ہونے کے علاوہ مسلمانوں کے سیاسی مرکز وحدت خلافت عباسیہ کی بھی مخالف تھی۔

اس خلافت کے ورثاء کو عبید اللہ کی نسبت سے بنو عبید کہا جاتا تھا۔ عبید اللہ "فاطمی سادات” ہونے کا جھوٹا لبادہ اوڑھ کر خود کو حضرت علی المرتضیٰؓ کا اصل وارث باور کرا تا رہا۔

بنو عبید کے نسب کے بارے میں مؤرخین ہمیشہ حیرت کا شکار رہے ہیں۔ اس دور کے علماء کی تحقیق کے مطابق اس خاندان کا جد امجد عبید اللہ شام کے علاقے سلمیہ کا یہو-دی تھا۔ اس کا اصل نام سعید تھا۔ مراکش پہنچ کر اس نے اپنا نام عبید اللہ رکھ لیا اور خود کو ’’علوی فاطمی‘‘ قرار دے دیا مگر اس کا بیان کردہ شجرہ نسب ماہرین انساب کے نزدیک کسی طرح صحیح نہیں بیٹھتا۔

انساب کے علماء میں سے کسی نے اس نسب نامے کا ذکر نہیں کیا۔ یہی عبید اللہ بعد میں مہدی ہونے کا دعویٰ کرنے لگا۔ افریقہ کا شہر مہدیہ اسی جعلی مہدی کی طرف منسوب ہے۔

عبید اللہ کے مبلغ لوگوں کو مختلف طریقوں سے ورغلاتے اور گمراہ کرتے۔ بعض تو بتاتے کہ عبید اللہ "مہدی” اور "ابن رسول اللہ” ہے۔ کسی کو یہ عقیدہ سکھاتے کہ وہ خود رسول اللہ ہے۔ خواص کو یہ یقین دلاتے کہ مہدی خدا ہے۔

عبید اللہ کی بدبختی کا یہ عالم تھا کہ اپنی کــ ـفریات کی مخالفت کرنے والے علماء اور فقہاء کو دربار میں طلب کرتا اور قالین پر اپنے سامنے ذبح کراتا۔

اس کا جانشین القائم بے دینی میں اس سے کہیں بڑھ کے تھا۔ اس کے نمائندے کھلے عام توہین رسالت کا ارتکاب کرتے اور بازاروں میں آوازیں لگاتے پھرتے:

"عائشہ اور اس کے شوہر پر لعنت کرو۔ غار پر اور جو غار میں تھے ان پر لعنت کرو۔”

نعوذ باللہ ثم نعوذ باللہ

مصر کے مسلمان یہ ناپاک کلمات سن کر خون کے آنسو روتے مگر کچھ نہ کر پاتے۔

قائم کے بعد اس کا بیٹا منصور سربراہ بنا۔ ابو یزید مخلد نامی ایک بزرگ نے ان کفــ ـریات کے خلاف احتجاج کیا تو منصور نے حق گوئی کے جرم میں ان کی کھال اتر وادی اورسولی پر لٹکا دیا ۔

عبید اللہ مہدی، قائم اور منصور، تینوں نے افریقہ میں حکومت کی۔ مگر 358ھ (969ء) میں عبید اللہ کے جانشین مصر پر بھی قابض ہو گئے۔

ان ممالک کی اکثر آبادی اہل سنت تھی اور مسلکاً امام شافعی اور امام مالک رحمہم اللہ کی فقہ پر عمل پیرا تھی۔ تاہم عبیدی اقلیت ہوتے ہوئے بھی بزور شمشیر سنی اکثریت پر حکومت کرتے تھے۔

مصر میں عبیدیوں کے گیارہ خلفاء ہوئے، جن کے نام معز، عزیز، حاکم، ظاہر، مستنصر، مستعلي، آمر، حافظ، ظافر، فائز اور عاضد تھے۔

مصر کے مبلغین لوگوں کو یہ عقیدہ سکھاتے تھے کہ عبیدی سربراہ ہی سورج کو مشرق سے طلوع اور مغرب میں غروب کرتا ہے۔

معز نے شام کے مشہور فقیہ ابن نابلسی کو گرفتار کرا کے ایک لکڑی کے پنجرے میں اپنے پاس طلب کیا تھا اور اپنے سامنے زندہ حالت میں ان کی کھال اتر واکر سولی پر چڑھایا تھا۔

معز کے پوتے حاکم کے دور میں بازاروں، سڑکوں، دیواروں، خطوط کی ابتداء میں اور جامع مساجد کے دروازوں پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خلاف گالی گلوچ لکھنا عام ہو گیا۔

ایک بزرگ ابو القاسم الواسطی نے بیت المقدس میں اذان دیتے ہوئے عبیدیوں کی رسم کے مطابق "حی علیٰ خیر العمل” کی جگہ "حی علی الفلاح” کہہ دیا۔ حاکم نے ان کی زبان کٹوا دی۔

سرکاری کارندے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تعریف کرنے والوں کو گرفتار کرتے اور سر عام گردن اڑا کر کہتے:

"ابو بکر و عمر رضی اللہ عنہما سے محبت کرنے والوں کا انجام یہ ہوتا ہے۔”

بنو عبید کی یہ حکومت اس دور میں اتنی طاقتور تھی کہ خلفائے بنو عباس اور اندلس کے مسلم حکمران تک اس سے خائف تھے۔

ان کا دائرہ حکومت پھیلتے پھیلتے جزیرہ صقلیہ (سسلی) تک جا پہنچا تھا۔ بحیرہ روم میں ان کا بحری بیڑا سب سے زیادہ طاقتور تصور کیا جاتا تھا۔ شام کا بہت بڑا علاقہ بھی ان کے زیر نگین تھا۔

مصر میں عبیدیوں کی سب سے بڑی یادگار ان کا بسایا ہوا عظیم الشان شہر قاہرہ ہے جو آج دنیا کے چند بڑے شہروں میں سے ایک ہے۔ اس کی بنیاد معز کے نائب جوہر نے رکھی تھی۔

تاہم ان دنوں قاہرہ اتنا وسیع نہ تھا۔ یہ دریائے نیل کے کنارے مضبوط فصیلوں سے گھرا ہوا ایک قلعہ نما شہر تھا جہاں صرف شاہی گھرانہ، امراء اور سرکاری لوگ رہتے تھے۔ عام آبادی قاہرہ سے متصل قدیم شہر فسطاط میں رہتی تھی جو فاتح مصر حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ نے آباد کیا تھا، تین صدیوں تک یہ مصر کا دارالحکومت رہا تھا۔ قاہرہ کو اس وقت "المدینہ” اور فسطاط کو "مصر” کہا جاتا تھا۔

قاہرہ میں بنو عبید کے دو بڑے محل تھے جو قصر شرقی اور قصر غربی کہلاتے تھے۔ دونوں محلات کے درمیان ایک بڑا میدان تھا اور ایک زیر زمین سرنگ ان دونوں محلوں کو ملاتی تھی۔

قصر غربی در حقیقت عبیدیوں کا عشرت کدہ تھا جہاں وہ تفریح کی ہر نوع سے مزے لیتے تھے۔ اس سے متصل "گلشن کافور” نامی باغ تھا جس میں قصر غربی کے دروازے کھلتے تھے۔ نزدیک ہی بنو عبید کا آبائی قبرستان تھا۔

اس شہر میں بڑے بڑے کتب خانے تھے جو کہ قرطبہ کے علمی خزانوں کے ہم پلہ شمار کیے جاتے تھے۔ قصر شرقی عبیدی سربراہ کی قیام گاہ تھا۔ وہ اپنے اہل و عیال غلاموں، نوکروں اور باندیوں سمیت اس طلسم خانے میں رہتا تھا۔ یہیں اس کا دربار لگتا تھا۔

بنو عبید کی دولت و ثروت کا یہ عالم تھا کہ قصر شرقی میں عبیدی حکمران کی نشست خالص سونے کے تخت پر ہوا کرتی تھی، جس کے آگے سونے کی جالی آویزاں تھی۔ شاہی ایوان مکمل طور پر سونے سے ملمع کیا گیا تھا۔

بنو عبید کا یہ قصر چار ہزار کمروں پر مشتمل تھا۔ اس عمارت میں ایک بالا خانہ تھا جہاں ہر شام عبیدی سربراہ عوام کو اپنا دیدار کراتا تھا۔ اس سے کچھ دور وہ اندھا کنواں تھا جس کی تہہ میں بنو عبید کے بے شمار مخالفین کے پنجر پڑے تھے۔

بنو عبید کے خزانے میں دنیا بھر کے بے مثل اور نادر و نایاب جواہر کا انبار تھا۔ دنیا کا سب سے بڑا زمرد جس کی پیمائش ایک بالشت تھی اسی خزانے میں تھا۔ یہاں جبل نور نامی ایک بے نظیر یاقوت بھی تھا جس کا وزن دو ہزار چار سو کیرٹ تھا۔

بنو عبید نے ابتداء ہی میں جبر و تشدد کے ذریعے اپنے ہر مخالف کو اس طرح کچل دیا تھا کہ ان کے آخری دور تک مقامی طور پر ان کے خلاف کوئی مضبوط مخالف تحریک برپا نہ ہو سکی۔

انہوں نے شروع میں بے شمار سنی فقہاء اور علماء کو ق-تل کرایا اور عوام کے جذبہ مقاومت کو بالکل دبا دیا۔ دو صدیوں تک ان کا رعب و دبدبہ لوگوں پر چھایا رہا۔ اس خاموشی سے فائدہ اٹھا کر بنو عبید نے مصر کو تعمیری لحاظ سے اوج کمال تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، مگر اس کے ساتھ ساتھ اہل سنت کے حقوق غصب کرنے میں وہ ہر حد سے تجاوز کر گئے تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بار بار اسلام دشمن طاقتوں سے گٹھ جوڑ کیا جس سے دشمنانِ اسلام کو بحیرہ روم کے ساحلوں پر تسلط کا موقع ملتا رہا اسی لیے ان علاقوں میں مسلم ریاستیں روز بروز کمزور ہو رہی تھیں۔

اس امن و امان، راحت و آسائش، بے پناہ ثروت اور فارغ البالی نے رفتہ رفتہ حکمران طبقے کو سست اور آرام پسند بنا دیا اور آخر کار بنو عبید تمام کاروبار حکومت وزراء کے کاندھوں پر ڈال کر خود محض عیش و عشرت کے لیے وقف ہو کر رہ گئے۔

وزراء کی من مانیوں نے کچھ ہی عرصہ میں حکومت کو کمزور تر کر دیا۔ عوام اور حکام کا برائے نام رشتہ بھی ختم ہو گیا۔ یہ کمزور حکومت محض اسی لیے باقی تھی کہ اس کے سنی ہمسائے دوسرے ملکوں میں مداخلت کے عادی نہ تھے۔

پانچویں صدی ہجری کے اواخر میں ملک شاہ سلجوقی کے شام پر حملوں کے بعد عبیدی حکومت کا خاتمہ یقینی نظر آتا تھا مگر ملک شاہ شام کی مہمات کو ادھورا چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہو گیا۔

پھر نصرانیوں کے شام کے ساحلوں پر دھا دے اور القدس کے سقوط کے بعد سلجوقیوں میں اتنا دم خم ہی نہ رہا کہ وہ مصر کی طرف توجہ دے سکتے۔ اس طرح بنو عبید کا مصر سلجوقی حکمرانوں اور ان کے ورثاء سے مکمل طور پر محفوظ ہو گیا۔

مؤرخین نے تسلیم کیا ہے کہ خود عبیدی حکمرانوں نے اقوام یورپ کو شام پر حملے کی ترغیب دی تھی تا کہ وہ سلجوقیوں کی توجہ مصر سے ہٹا سکیں۔ اگر چہ شام کے ساحلوں پر قبضے کے بعد عیسائی سورما مصر پر حملے کے لیے پر تولنے لگے تھے مگر بنو عبید نے بے شمار دولت بطورِ خراج ادا کر کے ان کے فوری حملے کا خطرہ ٹال دیا تھا۔

پانچویں صدی ہجری کے وسط کے اس نازک زمانے میں ہم تین طاقتوں کو مشرق وسطیٰ کے سنگم پر آمنے سامنے دیکھتے ہیں۔

ایک طرف ساحل شام اور القدس پر قابض عیسائی تھے، دوسری جانب شام کا جواں حوصلہ حکمران نور الدین زنگی تھا۔

ان دونوں باہم متحارب طاقتوں کے سامنے تیسری طاقت خلافتِ مصر کی تھی جو اس وقت ان دونوں کی بہ نسبت عسکری لحاظ سے کمزور تر اور مالی اعتبار سے بالا تر تھی۔ نصرانی اور نور الدین زنگی دونوں یہ جانتے تھے کہ جس نے مصر پر پہلے قبضہ کر لیا وہی پورے شام کا مالک ہوگا۔

مصر کے عبیدی حکمران جو کہ اس وقت اپنے وزراء کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے تھے کچھ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے مگر حکومت کے سیاہ و سفید پر قابض ان کے وزراء اس صورتحال کو اچھی طرح سمجھتے تھے۔ اس لیے وہ نت نئی چالوں سے کبھی فرنگیوں اور کبھی نور الدین زنگی کو فریب دیتے رہے۔ مگر سیاسی شطرنج کی اس بازی میں ایک موقع پر مصری کھلاڑی ایسی فاش غلطی کر بیٹھے جس نے ان کی پوری حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

جاری ہے…….

تحریر و تحقیق مولانا محمد اسماعیل ریحان

پیشکش محمد عثمان انصاری