Daily Roshni News

معرکہ حق پروقار تقریب زیر اہتمام، سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ۔۔۔ تحریر – – – محمد جاوید عظیمی

معرکہ حق، پُر وقار تقریب

 زیر اہتمام ، سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ

خصوصی رپورٹ ۔۔۔ محمد جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔ معرکہ حق پروقار تقریب زیر اہتمام، سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ۔۔۔ تحریر – – – محمد جاوید عظیمی ) بھارت کی جارحیت کے خلاف معرکہ حق میں وطن عزیز پاکستان کو عظیم الشان  فتح حاصل ہوئی۔ اس کی پہلی سالگرہ کے موقعہ پر  پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد محب وطن پاکستانیوں نے مسرت کا اظہار اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لئے پر وقار تقریبات کا انعقاد کیااس سلسلے میں سفارتخانہ پاکستان دی  ہیگ  ہالینڈ کے زیر اہتمام  بروز جمعرات 7 مئی 2026 کو  پر وقار تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کاآغاز اللہ تعالٰی کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے حافظ منیب نوشاہی نے کیا۔ فرسٹ سیکرٹری محمد جنید نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبالؒ کے اشعار اور افکار سے عالم اسلام میں پاکستان کے مقام کو مزید اجاگر کیا اور شرکائے تقریب کو صمیم قلب سے خوش آمدید بھی کہا ۔کمرشل سیکرٹری محمد شفیق ورک نے نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا موقعہ کی مناسبت  سےدیا گیا پیغام بڑے خوبصورت انداز میں  پڑھ کر سنایا – – علامہ افتخار علی چشتی۔نے تاریخ کے آئینے میں پاکستان کے معرض وجود میں آنے پر روشنی ڈالتے ہوئے معرکہ حق کی عظیم الشان فتح پر  فیلڈ مارشل سید حافظ عاصم منیر  کو شاندار حکمت عملی  اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی  قیادت  کو  بہترین  الفاظ میں خراج تحسین اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ سنیئر صحافی راجہ فاروق حیدر نے اپنے مخصوص ا  نداز میں خطے میں پاکستان کے وقار میں اضافے کا تذکرہ کیا جبکہ افواج پاکستان کی بہترین جنگی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیراور سول قیادت وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران محمد جاوید عظیمی نے  صوفی بزرگ حضرت واصف علی واصف ؒ کا قول بیان کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں اس قول کی روشنی میں ربط قائم کرتے ہوئے کہا

قرآن کا نزول رمضان المبارک کی، با برکت رات شب قدر میں ہوا جبکہ پاکستان  بھی اسی قدروں والی رات میں معرض وجود میں آیا۔معروف  روحانی سائنسدان امام سلسلہ عظیمیہ حضور قلندر بابا اولیاء ؒفرماتے ہیں کہ قرآن کا ہر لفظ روشنی اور روشنی کی رفتارتین لاکھ کلو میٹر فی سیکنڈ ہے۔ اسی روشن کتاب سے فیلڈ مارشل سید حافظ منیر نے لفظ بنیان مرصوص منتخب کر کے ایسی جنگی حکمت عملی اختیار کی  جس سے افواج پاکستان کو سیسہ پلائی دیوار بنا دیا اس  حکمت عملی کے تحت ازلی دشمن بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔اس عظیم فتح کے نتیجے میں اقوام عالم میں وطن عزیزپاکستان کے وقار میں بھر پور اضافہ ہوا ہے جاوید عظیمی نے عسکری اور سیاسی قیادت کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی  مزید کامیابیوں کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے سفیرپاکستان محترم سید حیدر شاہ نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان کی مسلح  افواج کی پیشہ وارانہ مہارت  حوصلے اور عزم پاکستان کے امن اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو نا کام  بنانے کے لئے کافی ہیں ۔ اتحاد ، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ جیسا کہ گزشتہ سال معرکہ حق کے دوران دیکھا گیا۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج مل کر تمام مشکلات کے خلاف بنیان مرصوص ( آہنی دیوار) کی طرح کھڑی رہیں گی۔

سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے گزشتہ سال مئی 2025 کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی قومی عزم کو اجاگر کرنے والی تصویری نمائش کابھی اہتمام کیا ۔

یاد رہے سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ پاکستان کے ہرقومی  دن کے موقعہ پر تقریبات کا منظم اہتمام کرکے پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی میں مزید اضافہ کرنے  کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہتا ہے

خصوصی رپورٹ

محمد جاوید عظیمی

 مدیر اعلی روشنی نیوز انٹرنیشنل

Loading