میلاد النبیﷺ کی مرکزی تقریب، زیر اہتمام کمیونٹی سینٹر دی ہیگ
علامہ سید عرفان نوشاہی کا پُر مغز علمی، فکری خطاب
مقامی نعت خوانوں کی خصوصی نعت خوانی ۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل۔۔ رپورٹ ۔۔۔ جاوید عظیمی عکاسی — جاوید بٹ پیارا ) ماه مبارکہ ربیع الاول کی بارہویں تاریخ کو پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد میں میلاد النبیﷺ کی مرکزی تقریب تزک و احتشام سے منعقد کی گئی۔ مذکورہ با برکت تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے قاری محمد علی نے کیا ۔ اس پر مسرت موقعہ پر خصوصی نعت خوانی کا با ضابطہ اہتمام کیا گیا جس میں مقامی نعت خوانوں ندیم خان، برکت بھٹی، چوہدری قمر حسین، چوہدری بشارت، مجتبےٰخادم بٹ ، شہزاد علی خان، راشد علی خان اور محمد جاوید عظیمی نے بارگاہ رسالت مآبﷺ نعتوں کی صورت میں محبتوں کے پھول نچھاور کئے۔ محمد شفیق چیمہ نے اس پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے نعت شریف بھی پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔
مذکورہ مسجد کے امام و خطیب علامہ سید عرفان شاہ نوشاہی نے میلاد شریف کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک موقعہ پر کہا کہ رب کائنات نے انبیائے کرام کے اجتماع سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا ، جب یہ میرے محبوب رسولﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہو تو وعدہ کرو میرے محبوب مکرم کا آپ سب نے ساتھ دینا ہے۔ اللہ تعالٰی اور انبیائے کرام کے مابین یہ میثاق ہوا تھا ۔
جو قرآن میں بڑی صراحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ علامہ سید عرفان نوشاہی نے رسول محتشمﷺ کی سماعت اور جواب دینے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے امام غزالیؒ کا واقعہ بیان کیا آپ لکھتے ہیں کہ بارہ سال تک باقاعدگی سے جب میں نماز میں اس مقام پر پہنچتا کہ اسلام علیک یا ایھا النبی تو مجھے مدینے سے باقاعدہ آواز آتی ۔ و علیکم السلام – انہوں نے مزید کہا مساجد کے ساتھ ساتھ آپ سب اپنے گھروں میں بھی میلاد النبیﷺ کا اہتمام کیا کریں۔ اور اِس خوشی میں حاضرین کی تواضع کھانوں سے کیا کریں ۔ اللہ تعالٰی آپ کے رزق میں اضافہ فرمائیں گے ۔ درود و سلام کے بعد عبد الباسط قریشی نے ختم شریف پڑھا جبکہ علامہ سید عرفان شاہ نوشاہی نےاجتماعی دعا میں شرکائے تقریب اور مرکز کی خیر و برکت کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں
یاد رہے پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ میں بارہ روزہ محافل میلاد النبی ﷺ کے انعقاد کے سلسلے میں راجہ جاوید اقبال، چوہدری قمر حسین اور ان کے دیگر ساتھی معاونین نے بھر پور خدمات سر انجام دئیں ۔
خصوصی رپورٹ
محمد جاوید عظیمی
![]()



















