نیدرلینڈ کی کلینگن ڈال اکیڈمی کے بانی ڈائریکٹر عزت مآب جناب رونلڈ ٹون کو پاکستان کا سول ایوارڈ “ستارہ امتیاز” دیا گیا۔
ہالینڈ ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔۔۔ خصوصی مندوب )صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے آج پاکستان ہاؤس میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ اعزازات میں نیدرلینڈ کی کلینگن ڈال اکیڈمی کے بانی ڈائریکٹر عزت مآب جناب رونلڈ ٹون کو پاکستان کا سول ایوارڈ “ستارہ امتیاز” دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے عزت مآب جناب رونلڈ ٹون کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس باوقار اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔ ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر شاہ نے کہا کہ جناب ٹون پاکستان کے ایک عظیم دوست ہیں، جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران سفارتی استعداد کار میں دوطرفہ تعاون کے فروغ میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔
“ستارۂ امتیاز” عطا کرنے پر عزت مآب جناب رونلڈ ٹون نے اپنے خطاب میں صدرِ پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی نوجوان سفارت کاروں کے ساتھ سفارتی تربیتی روابط کے ضمن میں، انہوں نے موجودہ سفارتی تربیت سازی پروگرام کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے تاریخی تعلقات کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، نیدرلینڈز کی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری جنرل عزت مآب جناب کرسچیئن ریبرگن نے عزت مآب جناب رونالڈ ٹون کو باوقار سول ایوارڈ “ستارۂ امتیاز” نوازانے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیدرلینڈز پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
اس تقریب میں سفارتی کور کے ڈین، سینئر سفارتکاروں، اعلیٰ حکام اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے ابلاغ عامہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
دی ہیگ
13 مئی 2026
![]()




























