پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط۔۔۔تحریر۔۔ ضیاء الحق سرحدی(ستارہ امتیاز) پشاور

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط

ضیاء الحق سرحدی(ستارہ امتیاز) پشاور

پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط۔۔۔تحریر۔۔ ضیاء الحق سرحدی(ستارہ امتیاز) پشاور )گزشتہ ہفتے پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، باقاعدہ سفارتی روابط برقرار رکھنے اور سیاحت سمیت عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026سے 2030تک تعاون کے پروگرام پر دستخط کر دیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید میریدوف نے پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر ان دستاویزات پر دستخط کئے۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کی وزارت بین الصوبائی رابطہ اور ترکمانستان کی وزارت ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت(ایم او یو)کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ و مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، بینکاری و مالیات، سیاحت، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ طے پانے والے فیصلوں اور معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس، اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ پیش رفت کا جائزہ لینا ضروری ہے، تاکہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔ترکمانستان وسط ایشیا کا ایک خشکی سے گھرا ہوا مسلم ملک ہے اس کی سرحدیں شمال مغرب میں قازقستان، مشرق اور شمال مشرق میں ازبکستان، جنوب مشرق میں افغانستان اور جنوب اور جنوب مغرب میں ایران اور مغرب میں بحیرہ کیسپین سے ملتی ہیں۔ اس کا رقبہ 491,210 مربع کلومیٹر 189,660 مربع میل ہے۔ ترکمانستان ایشیا میں سب سے کم آبادی والی قوموں میں سے ایک ہے جس کی کل آبادی کا 93 فی صد مسلم آبادی پر مشتمل ہے۔ ترکمانستان کے سوویت یونین سے آزاد ہونے کے بعد پاکستان اور ترکمانستان کے مابین تعلقات قائم ہو گئے تھے۔ پاکستان دسمبر 1991میں ترکمانستان کی آزادی کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا۔ رسمی سفارتی تعلقات 10 مئی 1992 کو قائم ہوئے تھے۔ 2001میں ترکمانستان کی آزادی کی 10ویں سالگرہ منانے کے لیے پاکستان نے ترکمانستان کے جھنڈے والے ڈاک ٹکٹ جاری کئے۔پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، باقاعدہ سفارتی روابط برقرار رکھنے اور سیاحت سمیت عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ خوش آئند ہے۔ جیو اسٹریٹجک سے جیواکنامکس کی جانب جانے والا پاکستان دنیا بھر میں اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان کے ساتھ معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط اسی سمت میں ایک قدم ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ ترکمانستان اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ سے مثالی اور دوستانہ تعلقات ہیں اور موجودہ حکومت ان کو مزید مضبوط بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کا سب سے اہم ستون توانائی کا شعبہ ہے۔ ترکمانستان قدرتی گیس کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے جبکہ پاکستان کو اپنی صنعتی اور گھریلو ضروریات کے لیے سستی توانائی کی اشد ضرورت ہے۔ اس تناظر میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ سالانہ 33 ارب مکعب میٹر گیس کی ترسیل کا یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی توانائی کی قلت کو پورا کرے گا بلکہ افغانستان اور پورے خطے میں معاشی استحکام کا باعث بھی بنے گا۔ حالیہ اجلاس میں دونوں ممالک نے اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ علاوہ ازیں ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان بجلی کی ترسیلی لائن اور کاسا 1000 منصوبے میں ترکمانستان کی شمولیت کی تجاویز توانائی کے شعبے میں نئے دروازے کھول سکتی ہیں۔جغرافیائی اعتبار سے ترکمانستان ایک لینڈ لاکڈ (خشکی میں گھرا ہو)ملک ہے جسے عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے سمندری راستوں کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان کے پاس کراچی اور گوادر جیسی سٹریٹجک بندرگاہیں موجود ہیں جو وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے مختصر ترین اور سستا ترین تجارتی راستہ فراہم کرتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسلام آباد و اشک آباد کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تجاویز دوطرفہ تجارت کو نئی بلندیوں پر لے جا سکتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ دوطرفہ تجارت کا حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ گزشتہ سالوں میں تجارتی حجم میں ہونے والی کمی اس بات کی متقاضی ہے کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کی جائیں اور مشترکہ بزنس کونسل کو فعال بنایا جائے۔ پاکستانی ٹیکسٹائل، ماربل، زرعی اجناس اور ادویات کے لیے ترکمانستان ایک بہترین منڈی ثابت ہو سکتا ہے۔مجموعی طور پر پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں۔ اگر حالیہ معاہدوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں تو یہ دوستی نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کی خوش حالی کا سبب بنے گی بلکہ پورے خطے میں معاشی انضمام اور ترقی کی ایک نئی مثال

قائم کرے گی۔پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ گیس پائپ لائن منصوبہ اس کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ ملک کو اپنی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور درآمدی گیس کی اکثر قلت پیدا ہو جاتی ہے۔پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی روابط بڑھانے کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے انہیں اپنی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔