پاک ایران دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد مکمل کرنے پر اتفاق
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )اسلام آباد میں پاکستان ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے اجلاس میں دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر تجارت جام کمال نے پاک ایران تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت قرار دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا دسواں اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد اتابک نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پاک ایران تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی لاجسٹکس، کسٹمز اور کارگو کی نقل و حرکت میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔
جام کمال کے مطابق مشترکہ سرحدی منڈیوں اور الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے ذریعے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں قابلِ عمل روڈ میپ تیار کرکے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی وزیر ڈاکٹر محمد اتابک نے پاکستان کو ایران کا طویل مدتی اسٹریٹجک تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی تجارت اور لاجسٹک تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد مکمل ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تجارت اور علاقائی رابطے دونوں ملکوں کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔
![]()

