پیرس۔ فرانس۔ چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال کی گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات، اعزازی شیلڈ اور اجرک پیش
پیرس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی ۔۔۔ فرانس منیر احمد ملک)پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین اور شمع گروپ انٹرنیشنل کے سی ای او سردار ظہور اقبال نے کراچی میں منعقدہ عالمی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش (FoodAG) میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گورنر ہاؤس سندھ میں گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی و زرعی تعاون کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی، غیر ملکی سرمایہ کاری اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات اور FoodAG نمائش میں ان کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے سردار ظہور اقبال کی پاکستان اور بیرون ملک تجارتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی، جبکہ سندھ کی روایتی ثقافت کی علامت سندھی ٹوپی اور اجرک بھی پہنائی۔
سردار ظہور اقبال نے گورنر سندھ اور اہلِ سندھ کی جانب سے ملنے والی عزت و محبت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پذیرائی ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یورپ، بالخصوص فرانس کے درمیان تجارتی روابط، سرمایہ کاری اور پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔