Daily Roshni News

پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے لارجر بنچ تشکیل دے دیا

پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے لارجر بنچ تشکیل دے دیا

پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی سماعت کیلئے 3 رکنی لارجر بنچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

لارجر بنچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ساتھ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی شامل ہوں گے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گزشتہ سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر کی جانب سے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے باعث ہونے والے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قانون پہلے سے موجود ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اُن کے اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

Loading