چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال کا دورہ پاکستان
اسلام آباد (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس) چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال کا دورہ پاکستان، اہم شخصیات سے ملاقاتوں اور مختلف امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سردار ظہور اقبال نے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا اور مینیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف محمد افضال بھٹی سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف مشکلات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ، ان کے مسائل کے بروقت ازالے اور انہیں مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی مختلف امور زیرِ بحث آئے۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم یورپ اوورسیز پاکستانیوں اور کاروباری برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے اور متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید بہتر سہولیات کی فراہمی، ان کے کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور پاکستان کے ساتھ ان کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
![]()

