کیا واقعی زمین ساکن ہے اور سائنس ہمیں غلط بتا رہی ہے؟ قُرآن، تفسیر اور سائنسی دلائل کا تحقیقی جائزہ
تحقیق و ترتیب: طارق اقبال سوہدروی
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ تحقیق و ترتیب۔۔۔ طارق اقبال سوہدروی)ہمارے پیج پر محترم طارق محمود عطاری صاحب نے زمین کی گردش کے خلاف ایک تفصیلی تحریر بھیجی ہے، جس میں قُرآنی آیات، صحابہ کرامؓ سے منسوب روایات، فتاویٰ رضویہ اور روزمرّہ کے مُشاہدات کی بنیاد پر یہ مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ زمین ساکن ہے اور جدید سائنس کا زمین کی گردش کے متعلق نظریہ غلط ہے۔
چونکہ اِس طرح کے سُوالات بہت سے دوسرے لوگوں کے ذہنوں میں بھی پیدا ہوتے ہیں، اِس لیے مناسب سمجھا کہ تمام اَعتراضات کا ایک ہی تحریر میں علمی اور تحقیقی جائزہ پیش کردیا جائے۔
سب سے پہلے یہ بات واضح کردوں کہ اللہ تعالیٰ کائنات کی حقیقت کو سب سے بہتر جانتا ہے، اِس پر میرا بھی مکمل ایمان ہے۔ البتہ اللہ تعالیٰ کے کلام اور اُس کلام سے کسی اِنسان کے اخذ کردہ مفہوم میں فرق ضرور ہے۔
سُوال نمبر 1: کیا قُرآن زمین اور آسمان کی حرکت کی نفی کرتا ہے؟
اَعتراض کرنے والے بھائی نے سورۃ فاطر کی آیت 41 پیش کی ہے:
ترجمہ: بے شک اللہ آسمانوں اور زمین کو تھامے ہوئے ہے کہ وہ اپنی جگہ سے ہٹ نہ جائیں، اور اگر وہ ہٹ جائیں تو اُس کے سوا کوئی اُنہیں تھامنے والا نہیں۔ بے شک وہ بُردبار، بخشنے والا ہے۔
اُن کا استدلال یہ ہے کہ لفظ زَوال کے معانی میں حرکت کرنا بھی شامل ہے، لہٰذا آیت زمین اور آسمان دونوں کی حرکت کی نفی کرتی ہے۔
لیکن عربی زبان میں کسی لفظ کے تمام لغوی معنی ہر مقام پر بیک وقت مُراد نہیں ہوتے۔ لفظ کا مفہوم اُس کے سیاق و سباق سے متعین ہوتا ہے۔
کسی چیز کا اپنے مقررہ نظام کے تحت حرکت کرنا اور اُس نظام سے نِکل جانا دو مختلف باتیں ہیں۔
معروف مفسر علامہ محمد طاہر ابنِ عاشورؒ نے اپنی تفسیر التحریر والتنویر میں اِسی آیت کی تشریح کرتے ہوئے لکھا ہے:
﴿فالله مريد استمرار انتظام حركة الكواكب والأرض على هذا النظام المشاهد﴾
مفہوم: اللہ تعالیٰ سیاروں اور زمین کی حرکت کے اِس مُشاہدہ شدہ نظام کو باقاعدگی کے ساتھ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
علامہ ابنِ عاشورؒ نے اِسی آیت کے تحت کَشِشِ ثِقَل اور نظامِ شمسی کا بھی ذِکر کیا ہے۔ اُن کے نزدیک یہاں زَوال سے کائناتی نظام کا بگڑنا اور انتشار بھی مُراد ہے۔
لہٰذا زمین کی مطلق حرکت کی نفی کرنا اِس آیت کی واحد تفسیری رائے نہیں ہے۔
سُوال نمبر 2: کیا حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے زمین اور آسمان کی گردش کا انکار کیا تھا؟
اَعتراض میں کہا گیا ہے کہ جب کعب الاحبار نے آسمان کے گھُومنے کا ذِکر کیا تو حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے سورۃ فاطر کی یہی آیت پڑھ کر اُن کی تردید فرمائی۔ اِس واقعے کو صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی طرف بھی منسوب کیا گیا ہے۔
تحقیق کے دوران مجھے یہ مخصوص روایت صحیح بخاری یا صحیح مسلم میں نہیں ملی، البتہ تفسیر طبری اور تفسیر ابنِ کثیر میں موجود ہے۔
روایت میں کعب الاحبار کا بیان تھا:
أَنَّ السَّمَاوَاتِ تَدُورُ عَلَى مَنْكِبِ مَلَكٍ
یعنی آسمان ایک فرشتے کے کندھے پر گھُومتے ہیں۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے اِس بات کی تردید فرمائی۔ امام ابنِ کثیرؒ نے اِس اثر کی سند کو حضرت عبداللہ بن مسعودؓ اور کعب الاحبار تک صحیح قرار دیا ہے۔
تفسیر طبری میں ایک دوسرے طریق سے آسمان کی گردش کی نفی کے زیادہ عمومی الفاظ بھی منقول ہیں۔
لیکن ہمیں یہ فرق ملحوظ رکھنا چاہیے کہ یہ صحابیؓ سے منقول ایک تفسیری اثر ہے، رسول اللہ ﷺ کی طرف منسوب کوئی صریح حدیث نہیں جس میں زمین کے اپنے مِحور پر یا سورج کے گِرد گھُومنے کی نفی کی گئی ہو۔
حضرت حذیفہؓ سے بھی اِسی نوعیت کا ایک اثر منقول ہے، تاہم اُس کی سند کی صحت کی مزید تحقیق ضروری ہے۔
سُوال نمبر 3: امام احمد رضا خانؒ نے زمین کو ساکن قرار دیا، کیا اُن کا مؤقف غلط ہوسکتا ہے؟
یہ بات درست ہے کہ امام احمد رضا خانؒ زمین کے ساکن ہونے کے قائِل تھے۔ اُنہوں نے فتاویٰ رضویہ کی جلد 27 میں اِس مؤقف کے حق میں متعدد دِینی اور عقلی دلائل پیش کیے ہیں۔ اُن کا ایک مستقل رسالہ فوزِ مبین در ردِ حرکتِ زمین بھی اِسی موضوع پر ہے۔
اُن کی دِینی اور علمی خِدمات اپنی جگہ قابلِ احترام ہیں۔
لیکن کسی بڑے عالم کا احترام کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ فلکیات، طبیعیات اور طب سے متعلق اُن کی ہر رائے کو وحی کا درجہ دے دیا جائے۔
مفسرین اور علماء اپنے اپنے دَور کے دستیاب عِلم، مُشاہدات اور علمی وسائل کی روشنی میں قُرآن کو سمجھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
اُن کی کسی فلکیاتی رائے سے علمی اختلاف کرنا قُرآن سے اختلاف کرنا نہیں ہے۔
اب آئیے زمین کی گردش کے خلاف پیش کیے گئے سائنسی اَعتراضات کا جائزہ لیتے ہیں۔
سُوال نمبر 4: اگر زمین سورج کے گِرد گھُومتی ہے تو روزانہ نئے نئے ستارے کیوں نظر نہیں آتے؟
اِس کی ایک بڑی وَجہ ستاروں کے انتہائی زیادہ فاصلے ہیں۔
سورج کے بعد ہم سے سب سے قَریب ستارہ پراکسیما سینٹوری (Proxima Centauri) بھی تقریباً 4.24 نوری سال، یعنی 40,000 اَرب کلومیٹر دُور ہے۔
اِتنے عظیم فاصلے کے مقابلے میں زمین کی روزانہ کی حرکت سے ستاروں کی باہمی ترتیب میں بہت معمولی فرق پیدا ہوتا ہے۔
لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ پورے سال ایک ہی وقت پر ایک جیسے ستارے نظر آتے ہیں۔
طلوع ہونے والے ستارے ہر اگلے دن تقریباً 4 منٹ پہلے طلوع ہوتے ہیں۔ ایک مہینے میں یہ فرق تقریباً 2 گھنٹے اور 6 مہینوں میں تقریباً 12 گھنٹے بن جاتا ہے۔
اِسی لیے سردیوں اور گرمیوں کے رات کے آسمان پر ستاروں کے مختلف مجموعے دکھائی دیتے ہیں۔
مزید یہ کہ زمین کے سورج کے گِرد گھُومنے کی وَجہ سے قَریبی ستاروں کی ظاہری پوزیشن میں باریک تبدیلی بھی ریکارڈ کی جاتی ہے۔
اِسے اختلافِ منظر یعنی پیرالیکس (parallax) کہتے ہیں۔
یہ زمین کی مداری حرکت کے حق میں ایک اہم مُشاہداتی شہادت ہے۔
سُوال نمبر 5: اگر زمین متحرّک ہے تو صدیوں سے ستاروں کے ذریعے سمتوں اور اوقات کا تعین کیسے ہوتا آرہا ہے؟
اِس لیے کہ زمین کی گردش بے ترتیب نہیں بلکہ نہایت باقاعدہ ہے۔
ستاروں کے طلوع و غروب، اُن کی ظاہری پوزیشن اور موسموں کے ساتھ اُن کی تبدیلی کا حساب لگایا جاسکتا ہے۔
قدیم زمانے میں مسافر، ملاح اور عام لوگ اِسی باقاعدگی سے فائدہ اُٹھا کر سمتوں اور اوقات کا تعین کرتے تھے۔
ستاروں سے رہنمائی حاصل کرنا زمین کے ساکن ہونے کی دلیل نہیں، بلکہ فلکیاتی حرکات کی باقاعدگی کا نتیجہ ہے۔
سُوال نمبر 6: قطبی ستارہ ساکن کیوں نظر آتا ہے؟
قطبی ستارہ یعنی پولیرس (Polaris) اُس سمت کے بہت قَریب واقع ہے جس طرف زمین کا شمالی مِحور اشارہ کرتا ہے۔
ایک گھُومتے ہوئے لٹّو کا تصوّر کیجیے۔ اُس کے کنارے مسلسل حرکت کررہے ہوتے ہیں، لیکن اُس کے مِحور کی سمت تقریباً وہی رہتی ہے۔
اِسی طرح قطبی ستارہ زمین کے مِحور کی سمت کے قَریب ہونے کی وَجہ سے تقریباً ایک ہی جگہ دکھائی دیتا ہے۔
حقیقت میں قطبی ستارہ بھی آسمان پر ایک چھوٹا سا ظاہری دائرہ بناتا ہے، جسے طویل نمائش والی فوٹوگرافی سے ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ زمین کے مِحور کی سمت تقریباً 26,000 سال کے ایک چکر میں بدلتی رہتی ہے۔
ہزاروں سال پہلے کوئی اور ستارہ قطبی ستارہ تھا اور مستقبل میں کوئی دوسرا ستارہ ہوگا۔
سُوال نمبر 7: اگر زمین گھُومتی ہے تو مغرب کی طرف جانے والا ہوائی جہاز چند منٹوں میں اپنی منزل تک کیوں نہیں پہنچ جاتا؟
اِس اَعتراض کا جواب طبیعیات کے ایک بنیادی اُصول میں موجود ہے، جسے جَمود یعنی اِنرشیا (inertia) کہتے ہیں۔
جب ہوائی جہاز زمین پر کھڑا ہوتا ہے تو وہ پہلے ہی زمین کی گردش میں شریک ہوتا ہے۔
فضا میں بُلند ہوتے ہی اُس کی پہلے سے موجود رفتار ختم نہیں ہوجاتی۔
ایک چلتی ہوئی ٹرین کی مِثال دیکھیے۔
اگر ٹرین ہموار رفتار سے چل رہی ہو اور آپ اُس کے اَندَر گیند سیدھی اُوپر پھینکیں تو گیند ٹرین کے پچھلے حصّے میں نہیں گِرتی۔ وہ تقریباً واپس آپ کے ہاتھ میں آتی ہے، کیونکہ گیند پہلے ہی ٹرین کی رفتار کے ساتھ حرکت کررہی ہوتی ہے۔
زمین، ہوائی جہاز، اُس کے مسافر اور بڑی حد تک زمین کی فضا بھی اِسی مشترکہ حرکت میں شریک ہوتے ہیں۔
البتہ مشرق اور مغرب کی طرف پروازوں کا دورانیہ ہمیشہ برابر نہیں ہوتا۔ بُلند فضائی ہواؤں، خصوصاً جیٹ اسٹریم (jet stream)، کی وَجہ سے پرواز کے وقت میں نمایاں فرق آسکتا ہے۔
سُوال نمبر 8: شمال یا جنوب کی طرف سفر کرنے والی چیزیں زمین کی گردش کی وَجہ سے مشرق کی طرف پیچھے کیوں نہیں رہ جاتیں؟
اِس کا بنیادی جواب بھی مشترکہ حرکت اور جَمود کا اُصول ہے۔
البتہ یہ سمجھنا بھی غلط ہے کہ زمین کی گردش کا حرکت کرتی ہوئی چیزوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
زمین کی گردش کی وَجہ سے حرکت کرتی ہوئی چیزوں کے راستے میں زمین کی سَطح کے مقابلے میں انحراف پیدا ہوسکتا ہے۔
اِسے کوریولِس اثر (Coriolis effect) کہتے ہیں۔
یہ اثر قابلِ پیمائش ہے اور بڑے فضائی اور سمندری نظاموں میں نمایاں طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
یعنی جس مظہر کو زمین کی گردش کے خلاف دلیل بنایا جارہا ہے، اُس کے طَبعی اثرات حقیقت میں زمین کی گردش کے حسابات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سُوال نمبر 9: اگر زمین اتنی تیزی سے گھُومتی ہے تو ہزاروں کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہَوا کیوں نہیں چلتی؟
کیونکہ زمین کی فضا بھی بڑی حد تک زمین کے ساتھ گھُوم رہی ہے۔
ہم ہَوا کی وہ رفتار محسوس کرتے ہیں جو زمین کی سَطح کے مقابلے میں ہوتی ہے۔
اگر آپ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی بند ٹرین میں بیٹھے ہوں تو اُس کے اَندَر لازماً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہَوا نہیں چل رہی ہوگی، کیونکہ اَندَر موجود ہَوا بھی ٹرین کی حرکت میں شریک ہے۔
زمین کے معاملے میں کَشِشِ ثِقَل فضا کو زمین کے ساتھ وابستہ رکھتی ہے، جبکہ فضائی رَگڑ اور دوسرے طبیعی عمل اُس کی مجموعی گردش میں کردار ادا کرتے ہیں۔
البتہ زمین کی گردش کا ہواؤں پر اثر ضرور پڑتا ہے۔ تجارتی ہواؤں، سمندری گردش اور بڑے موسمی نظاموں میں یہ اثر واضح ہے۔
سُوال نمبر 10: بادل، شہابِ ثاقب اور سیارے مختلف سمتوں میں کیوں حرکت کرتے ہیں؟
کیونکہ کسی نظام کی مشترکہ حرکت اُس کے اَندَر موجود چیزوں کی انفرادی حرکت ختم نہیں کردیتی۔
بادل مقامی ہواؤں کے تحت حرکت کرتے ہیں۔ شہابِ ثاقب اپنے خلائی راستوں سے زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہیں، جبکہ سیارے اپنے اپنے مداروں میں گردش کررہے ہیں۔
بالکل ایسے جیسے ایک چلتی ہوئی ٹرین کے اَندَر مسافر آگے یا پیچھے دونوں طرف چل سکتے ہیں۔
ٹرین کی حرکت اُن کی انفرادی حرکت کو ختم نہیں کرتی۔
سُوال نمبر 11: کیا زمین کی گردش صرف ایک بصری دھوکا ہوسکتی ہے؟
اَعتراض کرنے والے بھائی نے چلتی ہوئی بس کی مِثال دی ہے، جس میں باہَر موجود درخت اور مکانات پیچھے جاتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، حالانکہ اصل میں بس حرکت کررہی ہوتی ہے۔
یہ مِثال نسبتی حرکت (relative motion) کو سمجھنے کے لیے بالکل درست ہے۔
لیکن جدید سائنس زمین کی گردش کا فیصلہ محض یہ دیکھ کر نہیں کرتی کہ کون سی چیز حرکت کرتی ہوئی محسوس ہورہی ہے۔
اِس کے لیے ایسے طَبعی تَجربات بھی موجود ہیں جو زمین کی اپنی گردش کو ریکارڈ کرتے ہیں۔
کیا ناسا کے بغیر زمین کی گردش ثابت کی جاسکتی ہے؟
بالکل! اور اِس کے لیے کسی خلائی جہاز یا سیٹلائٹ کی تصویر کی بھی ضرورت نہیں۔
فرانسیسی ماہرِ طبیعیات لیوں فوکو (Léon Foucault) نے 1851 میں ایک مشہور تَجربے کے ذریعے زمین کی اپنے مِحور پر گردش کا عملی مظاہرہ کیا تھا۔
اِسے فوکو کا پینڈولم (Foucault pendulum) کہتے ہیں۔
اِس تَجربے میں ایک وزنی پینڈولم کو جھُلایا جاتا ہے۔ وقت گُزرنے کے ساتھ اُس کے جھُولنے کی سمت زمین کی سَطح کے مقابلے میں بدلتی دکھائی دیتی ہے۔
اِس تبدیلی کی شرح زمین کے مختلف عرضِ بلد پر مختلف ہوتی ہے۔
خطِ استوا پر یہ اثر صفر ہوتا ہے، جبکہ قطبین پر تقریباً 23 گھنٹے 56 منٹ میں مکمل چکر بنتا ہے۔ شمالی اور جنوبی نصف کُرے میں اِس کی سمت بھی ایک دوسرے کے مُخالف ہوتی ہے۔
یہ تمام نتائج گھُومتی ہوئی زمین کے ریاضیاتی حسابات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
یہ تَجربہ دُنیا کے مختلف سائنسی اداروں میں بارہا دُہرایا جاچکا ہے۔
اور یاد رہے کہ یہ تَجربہ ناسا کے قیام سے 107 سال پہلے کیا گیا تھا۔
اگر زمین واقعی ساکن ہے تو یہ قابلِ پیمائش نتائج گھُومتی ہوئی زمین کے حسابات سے اِتنی مطابقت کیوں رکھتے ہیں؟
میرا نقطۂ نظر
میں نہ قُرآن سے زَبردستی زمین کی گردش ثابت کرنے کا قائِل ہوں اور نہ کسی اِنسانی تفسیری رائے کی بنیاد پر مضبوط سائنسی شَواہِد کے انکار کا۔
میرا بھی یہی ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ آسمانوں اور زمین کو تھامے ہوئے ہے، لیکن تھامے رکھنے کا مطلب لازماً مطلقاً ساکن رکھنا نہیں ہوتا۔
زمین کی گردش اللہ تعالیٰ کی قُدرت کی نفی نہیں کرتی۔
بلکہ ایک مومن کے لیے زیادہ غور طلب بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کائنات میں ایسا منظم نظام قائم فرمایا ہے جس میں زمین اپنے مِحور پر گھُومتے ہوئے اور سورج کے گِرد گردش کرتے ہوئے زندگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔
نیوٹن نے کَشِشِ ثِقَل پیدا نہیں کی، فوکو نے زمین کو نہیں گھُمایا اور سائنس دانوں نے کائناتی قوانین نہیں بنائے۔ اُنہوں نے صرف اِن قوانین کو سمجھنے اور بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔
ہمارے علماء اور مفسرین قابلِ احترام ہیں، لیکن اُن کا عِلم بہرحال اِنسانی عِلم ہے۔
قُرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، تفسیر اِنسانی فَہم ہے اور سائنس اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ مادی کائنات کو سمجھنے کی کوشش ہے۔
اِن تینوں کے درمیان فرق برقرار رکھنا ہی علمی دیانت داری ہے۔