یونان میں یومِ صحافت: پاکستانی صحافیوں کا شہداء کو خراجِ عقیدت، ذمہ دار صحافت کے عزم کا اعادہ
پاکستان جرنلسٹ کلب یونان کی پروقار تقریب، آزادی صحافت اور سچائی پر مبنی رپورٹنگ پر زور
ایتھنز ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ چوہدری انصر اقبال بسرا ء )یومِ صحافت کے موقع پر پاکستان جرنلسٹ کلب یونان (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان میں مقیم پاکستانی صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد صحافت کے عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا اعادہ کرنا تھا۔
تقریب کے آغاز میں شہداء صحافت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ خصوصی دعا میں شہید صحافیوں کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں صحافت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم سچائی، غیر جانبداری اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہی صحافت کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کو ہر قسم کے دباؤ سے بالاتر ہو کر عوام کی درست رہنمائی کرنی چاہیے۔
تقریب میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور ان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی اور یونانی صحافیوں کے درمیان بہتر روابط اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان جرنلسٹ کلب یونان صحافت کے اعلیٰ اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے سچ اور حق کی نمائندگی جاری رکھے گا۔
![]()







