۔ پاکستان اور زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 مئی سے کراچی میں ہوگا۔
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔خصوصی مندوب۔۔۔طاہر لطیف)پاکستان ویمن ٹیم زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان اور زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 مئی سے کراچی میں ہوگا۔
سیریز کے تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ہر میچ رات 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان ویمن ٹیم نے اس سے قبل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں زمبابوے کو تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔
ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں امبر کائنات اور سائرہ جبین کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز میں کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع ملنا خوش آئند امر ہے۔
فاطمہ ثناء کے مطابق یہ ٹی ٹونٹی سیریز آئرلینڈ ٹرائی سیریز اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم موقع ثابت ہوگی۔ دوسری جانب زمبابوے ویمن ٹیم کی کپتان نومویلو سیبانڈا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ون ڈے سیریز سے سبق سیکھتے ہوئے مثبت انداز میں میدان میں اترے گی۔
![]()



