💍 سیدانی کا غیر سید مومن سے نکاح.. ایک مکالمہ (اعادہ تحریر)
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )چند دن پہلے میں نے سیدانی کے غیر سید مومن سے نکاح کے بارے میں ایک اسٹیٹس لگایا تو کچھ مومنین و مومنات نے سخت ناراضی کا اظہار کیا حالانکہ اس میں میری اپنی کوئی رائے نہیں تھی.. میں نے وہی شرعی حکم نقل کیا تھا جو ہمارے فقہاء کی کتابوں میں درج ہے اور جس شریعت کی حفاظت کے لیے امام حسین علیہ السلام نے اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دی۔
یہ بھی عرض کر دوں کہ الحمدللہ میں خود نجیب الطرفین سید ہوں اور مجھے ان بھائیوں بہنوں سے کوئی شکوہ نہیں۔ ان کی ناراضی سادات سے محبت اور احترام کی وجہ سے ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ بعض غیر محتاط مقررین نے اس محبت کو غلط رخ دے دیا اور نتیجہ یہ ہے کہ آج بہت سی سیدزادیاں مناسب رشتے کے انتظار میں گھروں میں بیٹھی ہیں۔
ذیل میں ایک دوست سے ہونے والی گفتگو پیش ہے۔ ہر بات کے ساتھ حوالہ دیا گیا ہے تاکہ جو چاہے خود کتاب کھول کر دیکھ لے۔
💬 دوست: ابوعبداللہ! سیدزادی کے غیر سید سے نکاح کے بارے میں آپ کا کیا نظریہ ہے؟
💬 ابوعبداللہ: بھائی، شرعی حکم کے سامنے میرے ذاتی نظریے کی کیا حیثیت؟ ولایت کا اقرار کرنے کا مطلب ہی یہ ہے کہ اپنی پسند کو معصومین علیہم السلام کی اطاعت کے تابع کر دیا جائے۔
💬 دوست: بجا، مگر میرا سوال اپنی جگہ ہے۔
💬 ابوعبداللہ: سیدھا جواب یہ ہے کہ مکتبِ اہلِ بیت میں سیدانی کا غیر سید مومن سے نکاح اسی طرح جائز ہے جیسے سید سے۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کا فتویٰ ہے:
مسلمان مرد مسلمان عورت کا اور مومن مرد مومنہ کا شرعاً کفو (ہم پلہ) ہے، لہٰذا عربی عورت کا عجمی سے اور ہاشمی عورت کا غیر ہاشمی سے نکاح جائز ہے، اور اس کے برعکس بھی۔
(منہاج الصالحین، ج۳، ص۳۵، مسئلہ ۲۲۱)
شیخ حرّ عاملی رحمہ اللہ نے وسائل الشیعہ میں باقاعدہ باب کا عنوان ہی یہ رکھا ہے: باب أنه يجوز لغير الهاشمي تزويج الهاشمية.. یعنی غیر ہاشمی کا ہاشمی خاتون سے نکاح جائز ہے۔
(وسائل الشیعہ، ط آل البیت، ج۲۰، ص۶۹، ابواب مقدمات النکاح، باب ۲۶)
💬 دوست: آپ خود سید ہو کر یہ بات کر رہے ہیں؟ یہ تو سادات کی توہین ہے کہ سیدانی کسی عام غیر سید کے نکاح میں جائے۔
💬 ابوعبداللہ: یہ میں نہیں، شریعتِ محمدیہ کہہ رہی ہے۔ اصول یہ ہے کہ ہر چیز اس وقت تک حلال ہے جب تک اس کی حرمت پر دلیل نہ آئے۔ موبائل، ہوائی جہاز یا اے سی کے جواز کی کوئی خاص حدیث نہیں.. پھر بھی ہم انہیں استعمال کرتے ہیں کیونکہ حرمت کی دلیل نہیں۔ لہٰذا دلیل اسے دینی ہے جو حرام کہتا ہے۔ آپ دلیل پیش کریں۔
💬 دوست: کیا آپ نے سورۂ احزاب کی چھٹی آیت نہیں پڑھی؟ النَّبِيُّ أَوْلَىٰ بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنفُسِهِمْ ۖ وَأَزْوَاجُهُ أُمَّهَاتُهُمْ.. نبی کی بیویاں مومنین کی مائیں ہیں۔ ماں کی بیٹیاں بہنیں ہوئیں اور بہن سے نکاح حرام ہے۔
💬 ابوعبداللہ: بھائی، اگر یہ منطق مان لی جائے تو سادات بھی آپس میں بہن بھائی ٹھہریں گے کیونکہ آیت کا خطاب تمام مومنین سے ہے اور سادات بھی مومنین میں شامل ہیں۔ پھر تو سید کا سیدانی سے نکاح بھی حرام ہو جائے گا!
اصل بات یہ ہے کہ یہ ماں ہونا ہر لحاظ سے نہیں۔ علامہ طباطبائی، تفسیر المیزان میں لکھتے ہیں کہ ازواجِ نبی صرف دو باتوں میں ماؤں کے درجے میں ہیں: ان کی تعظیم واجب ہے اور نبی کے بعد ان سے نکاح حرام ہے۔ پھر وہ صراحت کرتے ہیں: فالتنزيل إنما هو في بعض آثار الأمومة لا في جميع الآثار یعنی ماں ہونے کے سب احکام لاگو نہیں۔ نہ میراث چلتی ہے نہ پردے کا حکم بدلتا ہے اور نہ ہی ان کی بیٹیاں مومنین کی بہنیں بن کر ان پر حرام ہوتی ہیں۔
(المیزان فی تفسیر القرآن، ج۱۶، ص۲۷۷)
یعنی جو نتیجہ آپ نے نکالا، مفسرِ قرآن نے اسے نام لے کر رد کیا ہے۔ اگر بیٹیاں بہنیں بن جاتیں تو ازواجِ نبی کے والدین نانا نانی اور بھائی بہن ماموں خالائیں بھی بن جاتے جبکہ ایسا کوئی نہیں مانتا۔
💬 دوست: اچھا، تو یہ حدیث؟ رسول اللہ نے فرمایا: بناتنا لبنينا وبنونا لبناتنا ہماری بیٹیاں ہمارے بیٹوں کے لیے اور ہمارے بیٹے ہماری بیٹیوں کے لیے۔ سنا ہے یہ بات آپ نے جنابِ جعفرِ طیار کی شہادت کے بعد ان کے گھر تعزیت کے وقت فرمائی تھی۔
💬 ابوعبداللہ: پہلے روایت کا اصل متن دیکھ لیجیے۔ شیخ صدوق رحمہ اللہ نقل کرتے ہیں کہ نبی نے مولا علی اور حضرت جعفر علیہما السلام کی اولاد کی طرف دیکھا اور یہ جملہ فرمایا۔
(من لا یحضرہ الفقیہ، ج۳، ح۴۳۸۴؛ وسائل الشیعہ، ج۲۰، ص۷۴، ح۲۵۰۶۸)
اس میں شہادت اور تعزیت والا واقعہ مذکور نہیں۔ اب چار باتیں غور طلب ہیں:
شیخ صدوق رحمہ اللہ نے اس کے فوراً بعد امام صادق علیہ السلام کا یہ فرمان درج کیا ہے: المؤمنون بعضهم أكفاء بعض.. مومنین ایک دوسرے کے کفو ہیں۔ (وسائل الشیعہ، ح۲۵۰۶۹)
علامہ محمد تقی مجلسی اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں کہ ہمارے بعض علماء نے اس سے غیر ہاشمی کے ساتھ ہاشمیہ کے نکاح کی حرمت سمجھی لیکن والظاهر منه الاستحباب.. ظاہر یہ ہے کہ یہ صرف پسندیدہ (مستحب) ہونے کا بیان ہے کیونکہ رسول اللہ نے خود ضباعہ بنت زبیر کا نکاح مقداد سے کیا۔ (روضۃ المتقین، ج۸، ص۱۲۴–۱۲۵)
خود حدیث کے دو حصے ہیں: ہماری بیٹیاں ہمارے بیٹوں کے لیے اور ہمارے بیٹے ہماری بیٹیوں کے لیے۔ اگر یہ لازمی حکم ہوتا تو دونوں طرف لازم ہوتا۔ مگر بارہ آئمہ میں سے آٹھ کی والدہ ماجدہ غیر ہاشمی تھیں: امام سجاد، امام صادق، امام کاظم، امام رضا، امام جواد، امام ہادی، امام عسکری اور امام مہدی علیہم السلام۔
کیا معصومین علیہم السلام حکمِ رسول کا ایک حصہ مانتے اور دوسرا چھوڑ دیتے؟ ہرگز نہیں۔
اس سے واضح ہوا کہ یہ ایک پسندیدہ بات ہے، شرعی پابندی نہیں۔ اور یہ پسند جنابِ زینب کے عبداللہ بن جعفر سے نکاح میں پوری ہو بھی گئی۔
💬 دوست: چلیں مان لیا.. لیکن کوئی مثال دکھائیں کہ کسی سیدانی کا نکاح غیر سید سے ہوا ہو؟
💬 ابوعبداللہ: سب سے پہلے خود رسول اللہ کا عمل.. امام جعفر صادق فرماتے ہیں:
إن رسول الله صلى الله عليه وآله زوّج المقداد بن الأسود ضباعة ابنة الزبير بن عبد المطلب، وإنما زوّجه لتتّضع المناكح، وليتأسّوا برسول الله صلى الله عليه وآله، وليعلموا أن أكرمهم عند الله أتقاهم
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ضباعہ بنت زبیر بن عبدالمطلب کا نکاح مقداد بن اسود سے کیا اور یہ اس لیے کیا تاکہ نکاح کے معاملے میں (نسب کی) بڑائی ٹوٹے اور رشتے آسان ہوں، لوگ رسول اللہ کی پیروی کریں اور جان لیں کہ اللہ کے نزدیک سب سے معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔
(الکافی، ج۵، ص۳۴۴، ح۱؛ وسائل الشیعہ، ج۲۰، ص۶۹–۷۰، ح۲۵۰۵۷)
ضباعہ، رسول اللہ کی چچا زاد تھیں۔ اسی باب کی دوسری روایت میں صراحت ہے کہ ان کے والد زبیر، حضرت عبداللہ اور حضرت ابوطالب کے سگے بھائی تھے۔ (الکافی، ج۵، ص۳۴۴، ح۲؛ بحار الانوار، ج۲۲، ص۲۶۵) جبکہ مقداد قریشی بھی نہیں تھے۔
امام رضا علیہ السلام سے مروی روایت کے مطابق رسول اللہ نے منبر پر فرمایا: المؤمنون بعضهم أكفاء بعض، پھر منبر سے اترنے سے پہلے ہی ضباعہ کا نکاح مقداد سے کیا اور فرمایا: إنما زوّجت ابنة عمي المقداد ليتّضع النكاح.. میں نے اپنے چچا کی بیٹی کا نکاح مقداد سے اس لیے کیا ہے تاکہ نکاح میں (نسبی) تکبر ختم ہو۔ (علل الشرائع و عیون اخبار الرضاؑ، بحوالہ بحار الانوار، ج۲۲، ص۴۳۷)
امام صادق علیہ السلام کے شاگرد ہشام بن حکم سے ایک خارجی نے پوچھا: کیا عجمی عرب میں، عرب قریش میں اور قریش بنی ہاشم میں شادی کر سکتے ہیں؟ ہشام نے ہر سوال پر کہا: ہاں۔ اس نے پوچھا: یہ کس سے سیکھا؟ کہا: امام جعفر صادق سے، جو فرماتے ہیں: أتتكافأ دماؤكم ولا تتكافأ فروجكم.. کیا تمہارے خون تو برابر ہیں مگر نکاح میں برابری نہیں؟ (الکافی، ج۵، ص۳۴۵، ح۵؛ وسائل الشیعہ، ح۲۵۰۵۹)
ایک اور مثال: حضرت حمزہ کی بیٹی امامہ کا نکاح خود رسول اللہ نے سلمہ بن ابی سلمہ مخزومی (ام المومنین ام سلمہ کے بیٹے) سے کیا۔ (البلاذری، انساب الاشراف، ج۴، ص۲۸۳)
قرآن نے بھی یہی اصول بیان کیا۔ رسول اللہ نے اپنی پھوپھی اُمیمہ بنت عبدالمطلب کی بیٹی زینب بنت جحش کا نکاح اپنے آزاد کردہ غلام زید بن حارثہ سے کرایا (سورۂ احزاب: ۳۶–۳۷) اور زید وہ واحد صحابی ہیں جن کا نام قرآن میں آیا۔ زینب کے والد بنی اسد سے تھے، اس لیے وہ فقہی معنوں میں ہاشمیہ نہیں تھیں لیکن یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ اسلام میں خاندانی بڑائی نکاح کی شرط نہیں۔
💬 دوست: ابوعبداللہ، سادات تو وہ ہیں جن کی نسل امام علی اور سیدہ فاطمہ سے چلی۔ آپ کی سب مثالیں دوسری ہاشمی خواتین کی ہیں۔
💬 ابوعبداللہ: فقہ میں سید یعنی ہاشمی وہ ہے جو باپ کی طرف سے جنابِ ہاشم، رسول اللہ کے پردادا سے نسبت رکھتا ہو۔ (منہاج الصالحین، ج۱، ص۲۶۰، مسئلہ ۱۱۵۲) اسی بنیاد پر خمس کے سہمِ سادات اور زکات کی حرمت کے احکام ہیں۔ کیا آپ رسول اللہ، امام علی اور حضرت عباس علمدار کو سادات میں شمار نہیں کرتے؟
اور اگر آپ کی تعریف مان بھی لیں تو بات وہیں ختم ہو جاتی ہے کیونکہ امیرالمومنین نے جنابِ زینبِ کبریٰ کا نکاح عبداللہ بن جعفر سے کیا، جو آپ کی تعریف کے مطابق فاطمی سید نہیں تھے۔ یعنی آپ کی اپنی تعریف سے بھی سیدہ فاطمہ کی بیٹی کا نکاح غیر سید سے ثابت ہو گیا۔
💬 دوست: اچھا، مان لیا کہ تمام بنی ہاشم سادات ہیں۔ تو کسی امام زادی کی مثال دیں جس کا نکاح غیر ہاشمی سے ہوا ہو۔
💬 ابوعبداللہ: مشہور شیعہ ماہرِ انساب علی بن ابی الغنائم العُمری نے امیرالمومنین کی بیٹیوں کے نکاح گنوائے ہیں۔ ان میں یہ بھی ہے:
اُمّ الحسن بنت علی کا نکاح جَعدہ بن ہُبیرہ مخزومی سے ہوا۔ جعدہ، حضرت اُم ہانی بنت ابی طالب کے بیٹے تھے مگر باپ کی طرف سے مخزومی یعنی غیر ہاشمی۔
خدیجہ بنت علی کا نکاح بنی عبدِ شمس کے ابن کُریز سے ہوا۔
(المجدی فی انساب الطالبیین، ص۲۰۰) یہ دونوں امیرالمومنین کی اپنی بیٹیاں تھیں اور دونوں کے شوہر غیر ہاشمی۔
💬 دوست: امام کاظم علیہ السلام کی بیٹیوں کا کیا؟ سنا ہے امام نے وصیت کی تھی کہ شادی نہ کرنا کیونکہ تمہارا کوئی سید کفو موجود نہیں۔
💬 ابوعبداللہ: یہ بات اصل میں تاریخِ یعقوبی سے لی جاتی ہے۔ مگر خود یعقوبی کے الفاظ دیکھیں: امام کے اٹھارہ بیٹے اور تئیس بیٹیاں تھیں اور أوصى موسى بن جعفر ألا تتزوج بناته.. آپ نے وصیت کی کہ بیٹیوں کی شادی نہ ہو.. چنانچہ اُم سلمہ کے سوا کسی کی شادی نہیں ہوئی، جن کا نکاح مصر میں قاسم بن محمد بن جعفر بن محمد سے ہوا۔ (تاریخ الیعقوبی، ج۲، ص۴۱۵)
اب غور کریں:
یعقوبی نے سید کفو نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں لکھی.. یہ بعد کا اضافہ ہے۔
جس بیٹی کی شادی ہوئی وہ امام صادق کے پوتے یعنی ایک سید سے ہوئی۔ اگر مسئلہ سید کفو کا ہوتا تو ایسے رشتے موجود تھے۔
امامؑ کی اصل وصیت الکافی میں موجود ہے اور اس میں شادی سے منع نہیں کیا گیا بلکہ اختیار امام رضا کو دیا گیا: ولا يزوج بناتي أحد من إخوتهن من أمهاتهن ولا سلطان ولا عم إلا برأيه ومشورته … فإن أراد أن يزوج زوج، وإن أراد أن يترك ترك.. میری بیٹیوں کا نکاح نہ ان کے ماں جائے بھائی کریں، نہ کوئی حاکم، نہ چچا مگر ان (امام رضا) کی رائے اور مشورے سے … وہ چاہیں تو نکاح کریں اور چاہیں تو چھوڑ دیں۔ (الکافی، ج۱، ص۳۱۶–۳۱۷؛ عیون اخبار الرضاؑ)
اسی بنا پر شیخ باقر شریف قرشی نے یعقوبی کی اس بات کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ (حیاۃ الامام موسیٰ بن جعفرؑ، ج۲، ص۴۹۷)
💬 دوست: لیکن یہ حقیقت تو ہے کہ ان میں سے اکثر کی شادیاں نہیں ہوئیں۔ کیوں؟
💬 ابوعبداللہ: اس کا جواب خود امام نے دیا ہے۔ مامون بیان کرتا ہے کہ ہارون رشید نے امام کاظم علیہ السلام سے پوچھا: فلم لا تزوج النسوان من بني عمومتهن وأكفائهن؟.. آپ اپنی بیٹیوں کا نکاح ان کے چچا زادوں اور ہم پلہ لوگوں سے کیوں نہیں کرتے؟ امام نے فرمایا: اليد تقصر عن ذلك.. ہاتھ تنگ ہے یعنی اخراجات کی استطاعت نہیں۔ (عیون اخبار الرضاؑ، ط اعلمی، ج۲، ص۸۵)
اس کے ساتھ وہ شدید گھٹن کا دور بھی تھا جب امام کے گھر پر حکومت کی کڑی نظر تھی اور امام سے رشتہ جوڑنا جان جوکھم کا کام تھا۔ علماء نے یہی اسباب بیان کیے ہیں۔ (سیدۃ عُشّ آل محمد، ص۴۷–۴۸)
💬 دوست: آخری سوال: سیدانی پر صدقہ حرام ہے۔ اگر غیر سید شوہر غریب ہو اور زکات لے کر گھر چلائے تو؟ اور ان کے بچوں کا کیا حکم ہے؟
ابوعبداللہ: تین باتیں سمجھ لیں:
کون سا صدقہ حرام ہے: غیر ہاشمی کی طرف سے ہاشمی پر صرف زکاتِ مال اور زکاتِ فطرہ حرام ہے۔ مستحب صدقات حرام نہیں بلکہ کفارات اور ردِ مظالم جیسے واجب صدقات بھی جائز ہیں۔ (منہاج الصالحین، ج۱، ص۲۶۰، مسئلہ ۱۱۵۳) البتہ احتیاطِ واجب یہ ہے کہ بلا ٹالنے کے لیے دیا جانے والا معمولی صدقہ، جس میں ذلت کا پہلو ہو، سید کو نہ دیا جائے۔ (ایضاً، ص۲۶۱)
زکات لینے کے بعد: فقیر کو زکات اس کی اور اس کے اہل و عیال کی سال بھر کی ضرورت کے لیے دی جاتی ہے۔ (ایضاً، ص۲۶۳، مسئلہ ۱۱۶۷) جب شوہر نے زکات لے لی تو وہ اس کا ذاتی مال بن گئی، اب وہ اپنی سیدانی بیوی پر بھی خرچ کر سکتا ہے۔ یہی صورت الٹی بھی ہے.. سیدانی بیوی خود مستحق ہو تو سہمِ سادات لے سکتی ہے اور لینے کے بعد اپنے شوہر اور بچوں پر خرچ کر سکتی ہے۔
بچوں کا حکم: فقہ میں ہاشمی ہونا باپ سے ثابت ہوتا ہے نہ کہ ماں سے۔ (مسئلہ ۱۱۵۲) لہٰذا ایسے بچے شرعی احکام میں غیر سید شمار ہوں گے: ضرورت مند ہوں تو زکات لے سکتے ہیں، سہمِ سادات نہیں۔ البتہ ماں کی طرف سے رسول اللہ کی اولاد ہونے کا شرف اور احترام اپنی جگہ ہے۔
💬 دوست: جزاک اللہ ابوعبداللہ۔ آپ نے میری بڑی الجھن دور کر دی۔
💬 ابوعبداللہ: شکریہ تو مجھے ادا کرنا چاہیے کہ آپ نے دلیل کو کھلے دل سے سنا۔ سادات کا اصل احترام یہ ہے کہ ان کے بارے میں وہی کہا جائے جو ان کے جد رسول اللہ اور آئمہ نے سکھایا۔ جو رسم شریعت سے زیادہ سخت ہو جائے وہ سیدزادیوں کے لیے عزت نہیں، آزمائش بن جاتی ہے۔
امید ہے یہ گفتگو حق کی تلاش میں مددگار ہوگی۔ مجھ حقیر کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔