عید ملن کی تقریب ، زیر اہتمام غوثیہ مسجد ایمسٹرڈیم منعقد ہوئی
سفیر پاکستان سید حیدر شاہ کا خصوصی خطاب، ہالینڈ کے مختلف
شہروں سے معروف شخصیات کی شرکت، رونق دوبالا ہو گئی۔۔۔!!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔محمد جاوید عظیمی )عید الفطر 2025 کی مناست سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مقیم مسلمان عید کی خوشیاں منانے کے لئے تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہالینڈ کے شہر ایمسٹر ڈیم کی جامع مسجد غوثیہ کے زیر انتظام و انصرام عید ملن کی پر وقار شاندار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب سے علامہ محمد عمران قادری الجیلانی نے اپنی دلنشین آواز سے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں ہدیہ نعت سفیان مسعود نے اپنی مترنم آواز میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ علامہ عمران قادری نے نظامت کرتے ہوئے سفیر پاکستان سید حیدرشاہ اور شرکاکا تقریب میں شرکت کرنے پر قلبی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفیر پاکستان سید زادے ہیں اس لئے سیدوں کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا ہمارے لئے باعث اعزاز و افتخار ہے اس ضمن میں انھوں نے ولی کامل حضرت پیر کلیامی ؒ کے وصال کا ایمان افروز واقعہ جس میں پیر سید مہر علی شاہ ؒ حضرت کلیامیؒ کی نماز جنازہ کی امامت کے لئے تشریف لائے اس واقع کو بڑی محبت سے بیان کیا ۔ مسجد کے خادم اعلیٰ ملک مسعود الرحمن کلیامی نےشرکائے تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اس مسجد کا 1987 میں قیام عمل میں آیا بعد ازاں بڑی صراحت سے قیام سے اب تک کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ مسجد کی انتظامیہ کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے خدمات میت کو غسل، کولنگ سسٹم ، نماز جنازہ سوئم ، قل، تجہیزو تکفین یہاں تک کہ مسجد کی جانب سے لواحقین کو تین دن باقاعدگی سے کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
سفیر پاکستان سید حیدرشاہ نے اپنے خطاب میں مسجد کی انتظامیہ کا مدعو کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ۔شرکا ئے تقریب عید کومبارکباد پیش کی ۔ پاکستانی کمیونٹی دنیا بھر میں آباد اور متحرک ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔ ہالینڈ چھوٹا سا ملک ہے مگر معیشت کے لحاظ سے بہت مضبوط ہے۔ایک موقعہ پر سفیر پاکستان نے کہا ہمارے پاکستانی مثبت اور با صلاحیت ہیں، ہم نےاپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز سے بروئے کار لانا ہے ۔ ہمیں اپنے آپکو اتنا قابل بنانا ہے کہ دوسری اقوام ہماری قابلیت کے اعتراف میں تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کریں۔ سفیر پاکستان نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اجتماعی طور پر کام کر کے وطن عزیز پاکستان کی ترقی کا باعث بنیں ۔ پروگرام کےدوران مسجد منتظمین کی جانب سے سفیرپاکستان کو مسجد کے صدر محمد ارشد نے یادگاری تحفہ پیش کیا جبکہ آج 6 اپریل پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے صدر انور ثاقب کی سالگرہ کا دن تھا اس لئےانھیں انتظامیہ کی جانب سےخوبصورت تحفے سے نوازاگیا۔
تقریب کے اختتام پر امام و خطیب غوثیہ مسجد روٹرڈیم علامہ سید افتخار حسین شاہ نے اجتماعی دعا کرائی بعد ازاں شرکا ئے تقریب کے اعزاز میں لذت کام و دہن کے سلسلے میں مختلف انواع و اقسام کے گرما گرم پاکستانی کھانے پیش کئے گئے۔ پاکستانی کڑک چائے نے شرکائے تقریب کی تھکن کو دور کر دیا۔ عید ملن کی یہ شاندار تقریب اپنی یادوں کے انمٹ نقوش شرکائے تقریب کے ذہنوں پر ثبت کر کے اختتام پزیر ہو گئی۔
رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی