Daily Roshni News

فنڈ ریزنگ برائے انڈس ہسپتال پروگرام 8 فروری کو ہو گا۔

ہالینڈ، 8 فروری کو فنڈ ریزنگ برائے انڈس ہسپتال پروگرام کے

 مہمان خصوصی نامور اداکار نعمان اعجاز ہوں گے ۔ مذکورہ

پروگرام کے روح رواں ڈاکٹر کامران سے روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر

جاوید عظیمی کی بذریعہ ٹیلی فون تفصیلی گفتگو –

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ نمائندہ خصوصی) انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ایک عرصہ سے دکھی انسانیت بالخصوص مستحقین مریض خواتین و حضرات کو مفت علاج کے سلسلے میں اپنی خدمات سرانجام دینے میں مصروف عمل ہے۔ کوئی فرد واحد ہو یا ادارہ رب کائنات کی مخلوق کی خدمت کرتا ہے تو رب اُس سے راضی ہو جاتا ہے۔ جب کسی سے  اُس کا خالق و مالک راضی ہو جائے تو اُس کی دنیاوی اور اخروی زندگی سنور جاتی ہے ۔ اللہ تعالٰی کی خوشنودی اور رضا کے حصول کے لئے متذکرہ ادارہ بھی پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں چیرٹی کی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے۔ اس سلسلے میں بروز اتوار آٹھ فروری 2026 شام پانچ بجے ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم کے خوبصورت کشاده ہال میں فنڈ ریزنگ کے پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ متذکرہ پروگرام کے روح رواں ڈاکٹر محمد کامران سے معروف  آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کے  بانی اور چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی نے بذریعہ ٹیلی فون چند سوالات کئے تو انھوں نے فرداً فرداً جواب دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس خصوصی پروگرام  کے شیڈول کے بارے میں بتایا کہ پرویز احمد دستاویزی فلم کے ذریعے  انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی اب تک کی کا ر کر دگی اور  مستقبل کے لئے منصوبوں پر آگاہی فراہم کریں گے۔پراجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر ظفر زیدی اپنے خطاب میں مزید تفصیلات اور شرکائے تقریب سے  مالی عطیات کی اپیل کریں گے ۔ پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے نامور اداکار نعمان اعجاز اپنے مخصوص انداز میں  شرکاء سے مخاطب ہو کر فنڈ ریزنگ کے لئے پُر زور اپیل کریں گے۔

جاوید عظیمی کے سوال  کاجواب دیتے ہوئے ڈاکٹر کامران نے بتایا کہ اس چیرٹی پروگرام کے تمام مہمانان گرامی پروگرام سے قبل ہالینڈ پہنچ جائیں گے ۔ ہماری ٹیم مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرنے کے لئے تیار ہے ۔ مزید بتایا کہ پروگرام کے اختتام پر  لذت کام و دہن کے سلسلے میں شرکا کی تواضع انواع و اقسام کے پاکستانی کھانوں سے کی جائے گی۔ آخر میں انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ جن خواتین و حضرات نے پروگرام کے داخلہ    ٹکٹس نہیں خریدے وہ  بلا تاخیر خرید لیں کیونکہ یہ کار خیر کے لئے ہے اگر آپ ٹکٹ خرید لیتے ہیں اور شرکت نہیں کرتے تو پھر  بھی اس کا اجر آپ کو مل جائے گا ۔ گفتگو کے اختتام پر جاوید عظیمی نے ڈاکٹر کامران کا قیمتی وقت دینے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کی کامیابی کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ جواباً انھوں نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ۔

Loading