Daily Roshni News

پاک افغان کشیدگی: طورخم سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل معطل

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے باعث ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل معطل کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پاک افغان سرحدی مقامات پر کشیدگی کے باعث طورخم سرحد کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی فائرنگ کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ٹرمینل میں کھڑی افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو گزشتہ رات حفاظتی اقدام کے طور پر لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے تک وطن واپسی کا سلسلہ معطل رہے گا۔

طورخم بارڈر کے راستے روزانہ سینکڑوں افغان خاندان اپنے وطن واپس جاتے ہیں، تاہم موجودہ کشیدگی کے باعث یہ عمل وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ادھر UNHCR پاکستان کے ترجمان قیصر خان آفریدی کے مطابق گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شام افغان فورسز کی پاکستانی چیک پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ سے حالات کشیدہ ہوگئے اور رات بھر جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان طالبان کے حملوں کا بھرپور جواب دیا گیا اور متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔

Loading