Daily Roshni News

عکس میں چھپا ہوا راز

عکس میں چھپا ہوا راز

تحریر۔۔۔مقیتہ وسیم

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ تحریر۔۔۔مقیتہ وسیم  )یا سبحانَ تعالیٰ…میرے پاس دو آنکھیں ہیں۔

ان ہی دو آنکھوں سے میں پوری کائنات کو دیکھتی ہوں۔

زمین، آسمان، سمندر، پہاڑ، انسان…سب نظر آ جاتا ہے۔

لیکن ایک سوال دل کے دروازے پر بار بار دستک دیتا ہے:

اے رب! سب کچھ نظر آ جاتا ہے… مگر تو نظر کیوں نہیں آتا؟

دل نے آہستہ سے جواب دیا:

کاش تم اپنی آنکھیں دیکھ لیتیں… تو مجھے ڈھونڈنا چھوڑ دیتیں۔

میں نے کہا:

یہ کون سا مشکل کام ہے؟

میں فوراً شیشے کے سامنے جا کھڑی ہوئی۔

میں نے کہا:

دیکھو… میں اپنی آنکھیں دیکھ رہی ہوں…

اب بتاؤ، تم کہاں ہو؟

آواز آئی:

غور سے دیکھو…

تم اپنی آنکھیں نہیں دیکھ رہیں… تم صرف ان کا عکس دیکھ رہی ہو۔

براہِ راست دیکھنے کی طاقت تم میں نہیں۔…. تمہیں ہمیشہ عکس ہی نظر آئے گا۔

تم انسان عجیب ہو…

تم چاہتے ہو کہ جس نے پوری کائنات بنائی

وہ تمہیں آنکھوں سے نظر آ جائے۔

حالانکہ اگر تمہیں اس کا عکس بھی نظر آ جائے…. تو یہ بھی بہت بڑی بات ہے۔

پھر آواز نے کہا:

اپنی آنکھ کو غور سے دیکھو… تمہیں ایک کشتی سی شکل نظر آئے گی… ایک پیالہ سا بنا ہوا دکھائی دے گا۔ اس پیالے کے اندر ایک کالا دائرہ ہے۔

یہ پہلا نون ہے۔

نٓ…

پھر اسی سیاہ دائرے کے اندر….. ایک روشنی کا نقطہ چمک رہا ہے۔

یہ دوسرا نون ہے۔

یعنی ایک نون کے اندر دوسرا نون…

نورٌ علیٰ نور۔

(یہ وہی حقیقت ہے جس کی طرف

سورۃ النور اشارہ کرتی ہے۔)

پھر کہا گیا:

اگر سمجھنا چاہو تو…. اپنی ماں کو دیکھو۔ ماں اپنے بچے سے بے پناہ محبت کرتی ہے لیکن اگر اس سے پوچھو کہ وہ اتنا پیار کیوں کرتی ہے تو وہ خود بھی اس راز کو نہیں جانتی۔

کیوں؟

کیونکہ وہ محبت اس کے اپنے دل کی پیداوار نہیں ہوتی۔

وہ محبت کسی اور کی طرف سے اس کے دل میں رکھ دی جاتی ہے۔

کیونکہ محبت کے بغیر پرورش ممکن ہی نہیں۔

اصل کام کوئی اور کر رہا ہوتا ہے…محبت کسی اور کی ہوتی ہے…

اور اسے محسوس کوئی اور کر رہا ہوتا ہے۔

پھر کعبہ کو دیکھو…اور زندگی میں جہاں جہاں تمہیں خالص محبت نظر آئے…

سمجھ لینا…. میں وہاں موجود ہوں۔

میں نے دل سے کہا:

اے رب… اب کچھ کچھ سمجھ آنے لگا ہے۔

تو نظر نہیں آتا… مگر تیرا نور ہر جگہ اپنا عکس چھوڑ جاتا ہے۔

بس…سمجھنے کی کوشش تو کر۔

#مقیتہ وسیم

#تدبر

#نور

#قرآن

#حروف_مقطعات

#سورۃ_النور

#روحانی_تفکر

#معرفت

#Reflection

#NoorAlaNoor

Loading