Daily Roshni News

پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم نے جاپان میں بھرپور ٹریننگ سیشن مکمل کر لیا

پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم نے جاپان میں بھرپور ٹریننگ سیشن مکمل کر لیا

پاکستان (  ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔۔۔  خصوصی مندوب  ۔۔۔۔۔  طاہر لطیف  )پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے لیے جاپان میں موجود ہے، جہاں ٹیم نے مسلسل دوسرے روز بھی بھرپور ٹریننگ سیشن مکمل کیا۔

ہیڈ کوچ قمر ابراہیم نے “روشنی ڈیجیٹل نیوز انٹرنیشنل”  سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم نے گزشتہ دو روز میں 90، 90 منٹ کے دو سیشنز کیے۔ ان کے مطابق ان ٹریننگ سیشنز میں گراؤنڈ پلے، پنالٹی کارنرز، ٹیم اسٹرکچر، مختلف ڈرلز اور خاص طور پر گول پر شوٹنگ کی مشقیں شامل تھیں۔

قمر ابراہیم نے کہا کہ چونکہ گراؤنڈ ہیوی اور سلو ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو اس کنڈیشن کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لیے خصوصی ٹریننگ کروائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ میچ جیسی صورتحال پیدا کر کے کھلاڑیوں کو بھرپور انداز میں تیار کیا جا رہا ہے۔

ہیڈ کوچ کے مطابق ان دو دنوں میں پنالٹی کارنر، دفاع اور اٹیک پر   بھرپور  کام کیا گیا تاکہ ٹیم ایونٹ کے لیے بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اترے۔

ٹورنامنٹ کے حوالے سے قمر ابراہیم نے کہا کہ گروپ میں اچھی ٹیمیں موجود ہیں، جن میں چین اور ملائشیا شامل ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اچھی نظر آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے اہم ہدف گروپ میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے۔ قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ٹیم نے تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور امید ہے کہ پوری ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کا کل آرام کا دن ہے، جبکہ گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 30 مئی کو چین کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے کھیلے گی۔

Loading