پیرس میں عالمی شہرت یافتہ برانڈ Lattafa لطافہ پرفیومز کی نئی خوشبو “خامرہ واہہ” کی شاندار رونمائی
تقریب کا اہتمام ایکسلینس گروپ کے اشتراک سے کیا گیا،
پیرس فرانس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔منیر احمد ملک) خوشبوؤں کے شہر پیرس میں عالمی شہرت یافتہ پرفیوم برانڈ لطافہ پرفیومز کی نئی خوشبو “خامرہ واہہ” کی شاندار لانچنگ تقریب منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کا اہتمام ایکسلینس گروپ کے اشتراک سے کیا گیا، جہاں گروپ کے سربراہان چوہدری حمید اللہ اور چوہدری عثمان نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
دریائے سین کے کنارے، ایفل ٹاور کے دلکش منظر کے سائے تلے ایک لگژری کشتی پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں فرانس، یورپ، پاکستان اور مختلف عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، فیشن انڈسٹری کے نمائندوں، کاروباری حلقوں اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران نئی خوشبوؤں کی دلکش نمائش، لائیو ڈیمونسٹریشنز اور خصوصی مہمان نوازی کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے ایونٹ کی اعلیٰ منصوبہ بندی، شاندار ماحول اور بہترین انتظامات کو خوب سراہا۔
اس موقع پر لطافہ پرفیومز کی نئی اور خصوصی خوشبو “خامرہ واہہ” کی باقاعدہ نقاب کشائی کی گئی۔ تقریب میں متعارف کرائی جانے والی نئی پرفیوم سیریز میں “خامرہ واہہ”، “خامرہ دخان”، “آنا ابیضد سکارلیٹ” اور “آنا ابیضد روز” شامل تھیں، جنہیں اپنے منفرد اور جدید خوشبوئی امتزاج کے باعث حاضرین کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
ایکسلینس گروپ کے ڈائریکٹر عبدالقادر کا کہنا تھا کہ لطافہ پرفیومز مستقبل قریب میں فرانس کے دیگر بڑے شہروں میں بھی اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے یورپی مارکیٹ میں برانڈ کی موجودگی مزید مستحکم ہوگی۔
تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یورپ میں مشرقی خوشبوؤں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت لطافہ پرفیومز کے لیے نئی کامیابیوں اور تجارتی مواقع کے دروازے کھول سکتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر مختلف مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے لطافہ پرفیومز کی نئی مصنوعات کو معیار، جدت اور مشرقی روایات کا خوبصورت امتزاج قرار دیا۔
رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس
![]()









