صمد نوشاہی گزشتہ دو سال سے ہر بدھ کو باقاعدگی سے
غوثیہ مسجد ایمسٹر ڈیم میں نوجوانوں کو ولندیزی زبان
میں درس نظامی کی تدریس کر رہے ہیں ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔جاوید عظیمی) اللہ تعالٰی کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید نے علم کی فضیلت کو بڑی صراحت سے بیان کیا ہے۔ رسول محتشم ﷺکے ارشادات بھی موجود ہیں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا ، علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ، مہد سے لحد تک علم حاصل کرو ، علم کے حصول کے لئے اگر تمہیں چین جانا پڑے یعنی دور سے دور بھی جانا پڑے تو گریز نہ کرومگر علم ضرور حاصل کرو۔
قرآن اور صاحب قرآن کے ارشادات سے یہ بات واضح ہوگئی کہ علم کا حصول کتنا اہم اورضروری قرار دیا گیا ہے۔ جامع مسجد غوثیہ ایمسٹر ڈیم کے زیر انتظام و انصرام خواتین و حضرات اور نوجوانوں کے لئے دینی ، مذہبی ، روحانی اور علمی تقریبات کا انعقاد سال بھر جاری رہتا ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ دو سال سے مذکورہ مسجد میں ہر بدھ کو باقاعدگی سےشام سات سے رات دس بجے تک صمد نوشاہی ولندیزی زبان میں درس نظامی کی تدریس میں مصروف عمل ہیں ، اس کے باعث نوجوانوں میں علم کے حصول کے ذوق میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ علم کے متلاشی نوجوانوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ تین گھنٹے کے دورانیے میں نوجوان طالب علم وقت پر جماعت کے ساتھ نمازیں بھی ادا کرتے ہیں، اِس عمل سے نوجوانوں کا رب کائنات سے تعلق استوار اور مضبوط ہو جاتا ہے۔ جامع مسجد غوثیہ کی انتظامی کمیٹی کے عہدیداران بالخصوص ملک مسعود الرحمن کلیامی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کرتے رہتے ہیں
غوثیہ مسجد ایمسٹر ڈیم کی انتظامی کمیٹی کے عہدیداران صمد نوشاہی کی گرانقدر علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
خصوصی رپورٹ ۔۔۔محمد جاوید عظیمی
![]()





