Daily Roshni News

ٹرمپ کے قتل کی نئی سازش؟ ایرانی منصوبے سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کا بڑا انکشاف

ٹرمپ کے قتل کی نئی سازش؟ ایرانی منصوبے سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کا بڑا انکشاف

انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )واشنگٹن: امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں امریکا کو ایسی نئی خفیہ معلومات فراہم کی ہیں جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے ایک مبینہ اور مخصوص ایرانی منصوبے کا ذکر کیا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی حکام کو کافی عرصے سے صدر ٹرمپ کے خلاف ممکنہ حملوں سے متعلق مختلف نوعیت کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں، تاہم اسرائیل کی جانب سے فراہم کی جانے والی تازہ معلومات ایک نئے اور مخصوص منصوبے سے متعلق ہیں۔

اسی طرح وال اسٹریٹ جرنل نے بھی نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس نے امریکا کو صدر ٹرمپ کے خلاف ایک نئے مبینہ منصوبے سے آگاہ کیا ہے۔

یہ رپورٹس ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ فوجی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث خطے میں بڑے تصادم کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ اسی دوران نیٹو سربراہی اجلاس کے بعد صدر ٹرمپ کی ترکیہ سے روانگی کے لیے ایک مختلف طیارہ استعمال کرنے پر بھی مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

ادھر ایرانی حکومت کی جانب سے ان میڈیا رپورٹس پر فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Loading