Daily Roshni News

پاکستان اسلامک سینٹر روٹرڈیم کا دورہ، ویک اینڈ اسلامک اسکول کے کامیاب نظام کا جائزہ

پاکستان اسلامک سینٹر روٹرڈیم کا دورہ، ویک اینڈ اسلامک اسکول کے کامیاب نظام کا جائزہ

ہالینڈ (  ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔ خصوصی مندوب )پاکستان اسلامک سینٹر روٹرڈیم کی انتظامیہ، بالخصوص ملک رضوان کی خصوصی دعوت پر پاکستان اسلامک سینٹر دی ہیگ کے وفد نے مرکز کا دورہ کیا۔ وفد میں پاکستان اسلامک سینٹر دی ہیگ کے صدر میاں عاصم محمود اور خزانچی راجہ عابد شامل تھے۔

دورے کے دوران وفد کو پاکستان اسلامک سینٹر روٹرڈیم میں جاری ویک اینڈ اسلامک اسکول کے نظام کا تفصیلی جائزہ کروایا گیا۔ ہر اتوار تقریباً تین گھنٹے پر مشتمل اس تعلیمی پروگرام میں 150 سے زائد بچے شرکت کرتے ہیں، جہاں انہیں مختلف جماعتوں میں تقسیم کرکے قرآن مجید، دینی تعلیمات، اسلامی اخلاقیات اور اردو زبان کی باقاعدہ تعلیم دی جاتی ہے۔

وفد نے مختلف کلاسوں کا معائنہ کیا اور تدریسی نظام، نظم و ضبط، رضاکار اساتذہ کی خدمات اور بچوں کی دلچسپی کو بے حد سراہا۔ وفد کے مطابق یہ ماڈل یورپ میں مقیم پاکستانی اور مسلم بچوں کی دینی، اخلاقی اور ثقافتی تربیت کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

اس موقع پر پاکستان اسلامک سینٹر دی ہیگ کے صدر میاں عاصم محمود نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تعلیمی نظام کو دیکھ کر بے حد خوشی اور حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان اسلامک سینٹر دی ہیگ بھی مستقبل قریب میں اسی طرز پر بچوں کے لیے ویک اینڈ اسلامک اسکول کے آغاز کی بھرپور کوشش کرے گا، تاکہ نئی نسل کو قرآن مجید، دینی تعلیمات، اسلامی اقدار اور اردو زبان سے مضبوط انداز میں جوڑا جا سکے۔

دورے کے اختتام پر وفد نے ملک رضوان اور پاکستان اسلامک سینٹر روٹرڈیم کی انتظامیہ کا پرتپاک استقبال، بہترین میزبانی اور اپنے قیمتی تجربات سے آگاہ کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا۔ دونوں مراکز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے کمیونٹی، بالخصوص نئی نسل کی دینی و تعلیمی تربیت کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔

Loading