Daily Roshni News

بند گوبھی کے پتوں میں خطرناک جرثومے کا انکشاف، محکمہ صحت نے خبردار کردیا

امریکا میں بند گوبھی کے پتوں (آئس برگ لیٹیوس) میں خطرناک جرثومے کی موجودگی سامنے آنے کے بعد صحت حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ 

Politics

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) نے سائیکلوسپورا جرثومے کے پھیلاؤ کے پیش نظر درآمد شدہ آئس برگ لیٹیوس سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف ڈی اے کی تحقیقات کے دوران ٹیلر فارمز کی فراہم کردہ کٹی ہوئی آئس برگ لیٹیوس کے ایک نمونے میں سائیکلوسپورا نامی طفیلیہ دریافت ہوا، جو سائیکلوسپوریاسس نامی معدے کی بیماری کا باعث بنتا ہے۔ یہ انفیکشن آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں اس بیماری سے اب تک ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ آئس برگ لیٹیوس عام طور پر برگر، سینڈوچ اور سلاد میں استعمال کی جاتی ہے، جس کے باعث اس کے ذریعے انفیکشن پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔

ایف ڈی اے کے مطابق متاثرہ نمونہ خصوصی نگرانی کے دوران حاصل کیا گیا تھا اور جس بیچ میں جرثومہ پایا گیا، اسے فوری طور پر روک دیا گیا تاکہ اس کی مزید سپلائی مارکیٹ تک نہ پہنچ سکے۔

ادارے نے واضح کیا کہ متاثرہ لیٹیوس موجودہ ریکال (واپسی) کا حصہ نہیں، تاہم ٹیلر فارمز اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس بیچ سے تیار کی گئی کوئی مصنوعات اب بھی مارکیٹ یا صارفین کے گھروں میں موجود ہیں یا نہیں۔

اس سے قبل کمپنی نے ممکنہ آلودگی کے خدشے کے پیش نظر اپنی متعدد لیٹیوس مصنوعات رضاکارانہ طور پر واپس منگوانے کا اعلان کیا تھا، تاہم تازہ پیش رفت پر کمپنی کی جانب سے مزید کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

امریکی صحت حکام کے مطابق سائیکلوسپوریاسس کے حالیہ کیسز کا تعلق ان کٹی ہوئی آئس برگ لیٹیوس سے جوڑا گیا ہے، جو مختلف امریکی ریاستوں کے ریستورانوں میں استعمال کی گئی تھیں۔

Politics

اس وبا کے نتیجے میں اب تک تقریباً 100 افراد اسپتال پہنچ چکے ہیں، تاہم حکام کے مطابق اطمینان کی بات یہ ہے کہ تاحال اس بیماری سے کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس مشتبہ آئس برگ لیٹیوس موجود ہو تو اسے ہرگز استعمال نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

Loading