پیرس۔ فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک) فرانس کے جنوبی علاقے اورانج (Orange)، محکمہ ووکلوز (Vaucluse) میں ایک انتہائی ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک گھر سے پانچ نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق 32 سالہ خاتون نے چند روز قبل ایک صحت مند بچے کو جنم دیا تھا، تاہم اسپتال کی اطلاع پر حکام نے گھر کی جانچ شروع کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کے ساتھی کو گھر میں ایک گتے کے ڈبے کے اندر انسانی باقیات ملیں، جس پر اس نے فوری طور پر اسپتال سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو مزید چار نومولود بچوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں، جو پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کرکے گتے کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھیں۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فرانسیسی استغاثہ کے مطابق پوسٹ مارٹم اور جینیاتی معائنے کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کہ بچے کب پیدا ہوئے، آیا وہ زندہ پیدا ہوئے تھے یا نہیں، اور ان کی موت کی اصل وجہ کیا تھی۔ فی الحال خاتون اور اس کے ساتھی دونوں کی قانونی حیثیت زیرِ تفتیش ہے، تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس جوڑے کے پہلے سے بھی 8 اور 12 سال عمر کے دو بچے موجود ہیں، جبکہ حال ہی میں پیدا ہونے والے نومولود کو حفاظتی اقدامات کے تحت سماجی اور طبی اداروں کی نگرانی میں دے دیا گیا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال فرانس میں بچوں کے قتل کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل فروری میں بھی ایک خاتون کو اپنے فریزر سے دو نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔۔ رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس
![]()

