Daily Roshni News

امریکا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

امریکا نے وزیٹر ویزا کے حصول کے لیے بعض ممالک کے شہریوں پر 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی قابلِ واپسی مالی ضمانت یعنی ویزا بانڈ جمع کرانے کی شرط مستقل طور پر نافذ کر دی ہے تاہم پاکستان ان 50 ممالک کی فہرست میں شامل نہیں جن پر یہ پروگرام لاگو ہوگا۔

امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والی فہرست کے مطابق جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش اور نیپال اس پروگرام میں شامل ہیں، جبکہ پاکستان اور بھارت اس سے مستثنیٰ ہیں۔

اس پروگرام میں شامل 50 ممالک میں افریقہ کے 30 ممالک کے علاوہ ایشیا، کیریبین اور بحرالکاہل کے متعدد ممالک شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ 2025 میں شروع کیے گئے آزمائشی ویزا بانڈ پروگرام کے جائزے کے بعد کیا گیا، جس سے شریک ممالک کے شہریوں کی جانب سے ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد اوور اسٹے یعنی غیرقانونی قیام کے واقعات میں نمایاں کمی آئی اور امریکی امیگریشن قوانین کی بہتر پابندی دیکھنے میں آئی۔

محکمہ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ان 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 45 ہزار 488 افراد نے ویزا کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام کیا تھا، جبکہ آزمائشی پروگرام کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران اوور اسٹے کے واقعات 50 سے بھی کم رہے۔

یہ پروگرام ان ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوگا جو امریکی بی 1 (کاروباری) یا بی 2 (سیاحتی) ویزا کے لیے درخواست دیں گے۔

نئی پالیسی کے تحت امریکی قونصلر افسران ضرورت محسوس ہونے پر منتخب درخواست گزاروں سے ویزا جاری کرنے سے قبل 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی قابلِ واپسی ضمانتی رقم طلب کر سکیں گے۔

امریکی حکام کے مطابق اگر ویزا ہولڈر تمام شرائط کی پابندی کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر امریکا سے واپس چلا جائے تو جمع کرائی گئی ضمانتی رقم مکمل طور پر واپس کر دی جائے گی تاہم ویزا کی خلاف ورزی یا مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی صورت میں یہ رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔

Loading