وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کیلئے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
پاکستان اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا مقصد ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات اور جدت کے فروغ کیلئے تعاون کو وسعت دینا ہے۔ گوگل 2026 میں پاکستان میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ڈیڑھ لاکھ مواقع فراہم کرے گا جبکہ پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس اور جیمنی سمیت جدید اے آئی ٹولز تک مفت رسائی ملے گی۔
اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام، نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینے اور موبائل ایپلی کیشنز و گیمنگ انڈسٹری کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے پر بھی تعاون ہوگا۔
آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک تیس ارب ڈالر تک پہنچانے کے وزیراعظم کے وژن کیلئے حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ٹاسک فورس بھی قائم کی جائے گی۔
موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وژن کی جانب مفاہمتی یادداشت کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔
![]()
