Daily Roshni News

اسلام آباد میں کوئی نیا صوبہ نہیں بن رہا، سٹیٹس برقرار رہے گا: طارق فضل چوہدری

وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آبادمیں کوئی نیا صوبہ نہیں بن رہا، دارالحکومت کا اسٹیٹس برقرار رہے گا،اسلام آبادمیں وزیراعلیٰ کی ضرورت نہیں، میئرکہہ دیں یا لارڈ میئرلیکن اس کے نیچے اسمبلی با اختیار ہو گی، اسمبلی قانون سازی کر سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق  طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کتناہی با اختیار بلدیاتی نظام بنالیں صوبائی اسمبلیوں کا متبادل نہیں ہو سکتا، اسلام آباد میں گاڑیوں سے سالانہ 8 ارب روپے اکٹھے کئے جاتے ہیں،پراپرٹی اورسی ڈی اے کا ٹیکس الگ ہے،کوئی نیاٹیکس نہیں لا رہے، اکٹھا کیا جانیوالا ٹیکس اسلام آباد پر لگے تو شہر کو پیرس بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، اسلام آباد میں با اختیار قانون ساز اسمبلی ہونی چاہیے۔

شفیع جان

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ کئی سال سے اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جا رہے، سسٹم اڈیالہ سے ری سیٹ ہوگا، نئے صوبے بنانے ہیں تو بانی کو باہر نکالیں وہ قوم کو اعتماد میں لیں گے، صدر آصف زرداری،  بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کیلئے جی رہے ہیں، نااہل وزیراعلیٰ پنجاب بیٹھ گئی ہیں،پنجاب کو نااہلی سے خطرہ ہے، عثمان بزدارمریم نواز سے بہتر تھے، ن لیگ لائن میں کھڑے ہو کر صوبوں کیلئے ووٹ دے گی، مارچ تک ان کے پاس وقت ہے،راضی نہیں ہوں گے تو نیا بجٹ پیش نہیں کر سکیں گے، شہبازشریف مس فٹ ہو رہے ہیں، مریم نواز نے ہمارے شہدا کا مذاق اُڑایا،اپنے بیان پر معافی مانگیں۔

وسیم اختر

ایم کیوایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ فعال حکومت ہو گی تو اسلام آباد کا مقدر بہتر ہو سکتا ہے، اللہ کرے 28 ویں ترمیم میں آجائے کہ انتظامی یونٹس بنیں، انتظامی یونٹس بنا دیئے جائیں تو کرپشن رُک سکتی ہے، انتظامی یونٹس بنیں گے تو ہر ڈویژن کا وزیراعلیٰ ہو گا، سندھ حکومت نے 18 ویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات اپنے پاس رکھ لئے، سندھ اُجڑ چکاہے، انتظامی یونٹس بننے چاہئیں،جن کی سندھ میں بہت ضرورت ہے، وزیراعلیٰ سندھ کراچی میں بیٹھےہیں،باقی شہروں کاحال خراب ہے، پیپلزپارٹی کو صوبے بنانے سے نہیں،اپنی کرپشن رُکنے کا خطرہ ہے، 1971میں ملک کودولخت پیپلزپارٹی نے کرایا تھا، صوبے بن رہے ہیں تو اس میں عوام کا فائدہ ہے، پیپلزپارٹی عوام کا فائدہ نہیں چاہتی۔

Loading