پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے وفد کی نئے فرانسیسی سفیر سے اسلام آباد میں ملاقات
پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی و ثقافتی تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال
فرانسیسی وفد کی قیادت سینئیر نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج کررہے ہیں
پیرس۔ فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی۔۔۔ منیر احمد ملک ) پاکستان بزنس فورم یورپ کے منصوبے ’’ڈسکور پاکستان‘‘ کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلے میں فرانس سے پاکستان آنے والے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر مسٹر ژاں نویل پواریے (M. Jean-Noël Poirier) سے ملاقات کی۔
وفد میں فرانس کی مختلف بلدیات کے میئرز، ڈپٹی میئرز، کاروباری شخصیات اور پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے سینئر عہدیداران شامل تھے۔ وفد کی قیادت فورم کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج، ڈپٹی سیکریٹری یاسر خان اور چیف آرگنائزر چوہدری سلمان اسلم نے کی۔
فرانسیسی سفارت خانے میں ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات کے دوران پاکستان بزنس فورم کے اغراض و مقاصد، اس کی سرگرمیوں اور ’’ڈسکور پاکستان‘‘ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان اور فرانس کے درمیان دوستی، تجارتی و کاروباری تعاون، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینا، جبکہ فرانس میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر حمزہ تاج نے وفد میں شامل ویلئیر لابیل کی میئر جیدہ جلالی تشتاش اور کرائی شہر کے میئر عمر یعقوب سمیت دیگر اراکین کا سفیر سے تعارف کرایا۔ انہوں نے پاکستان میں فرانسیسی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے لیے موجود کاروباری، صنعتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
چوہدری سلمان اسلم نے پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے سے متعلق پاکستانی طلبہ اور شہریوں کو درپیش بعض انتظامی مسائل بھی سفیر کے سامنے پیش کیے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان بزنس فورم فرانس اور پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے کے درمیان ممکنہ اشتراکِ عمل، مشترکہ منصوبوں اور باہمی تعاون کے مختلف مواقع پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ وفد کے ارکان نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، ثقافتی اور بلدیاتی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نجی و سرکاری اداروں کے درمیان قریبی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر دونوں فرانسیسی میئرز نے پاکستان بزنس فورم کے پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی متعلقہ بلدیات کی جانب سے فرانسیسی سفارت خانے کے ساتھ تعاون اور پاکستان و فرانس کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن معاونت کی پیشکش بھی کی۔
پاکستان بزنس فورم یورپ کے سرپرستِ اعلیٰ ابراہیم ڈار نے فرانسیسی سفیر ژاں نویل پواریے کا وفد کو وقت دینے اور ملاقات کے لیے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارت خانے اور پاکستان بزنس فورم کے درمیان مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری و عوامی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
وفد میں ویلئیر لابیل کونسل کی آفس ہیڈ ملکہ بلاد، دریو شہر کی کونسل ہیڈ برائے ثقافتی امور صائمہ بھٹی، ویلئیر لابیل شہر کے ڈپٹی میئر احمد خان، پاکستان بزنس فورم یورپ کے سرپرستِ اعلیٰ ابراہیم ڈار، رئیل اسٹیٹ سے وابستہ کاروباری شخصیت جارج یارامیس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ فائز امیس بھی شامل تھے۔
![]()



