ایتھنز میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے زیراہتمام آگاہی تقریب، معروف اداکارہ ریما خان کی خصوصی شرکت

ایتھنز میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے زیراہتمام آگاہی تقریب، معروف اداکارہ ریما خان کی خصوصی شرکت

ایتھنز (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء)یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ یونان کے زیراہتمام شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کراچی کے لیے ایک خصوصی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی معروف اداکارہ اور فلم اسٹار ریما خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی اور کاروباری شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور ان کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد راجہ احتشام قادری نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے منور کیا۔ بعد ازاں سید عاشیر حیدر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد اور شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے فلاحی مشن پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے دوران شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس کے ذریعے شرکاء کو ادارے کے قیام، کینسر کے علاج اور مستحق مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عامر رحمان فاروقی نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ادارے کے اغراض و مقاصد، کینسر کے مریضوں کے علاج اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرنے اور اس عظیم انسانی خدمت کے مشن میں تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف اداکارہ ریما خان نے اپنے خطاب میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی محبت، خلوص اور فلاحی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ *یونان میں پاکستانی کمیونٹی کی محبت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں مقیم پاکستانیوں کے دل بہت کشادہ ہیں اور وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔*

ریما خان نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے فلاحی مشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا مستحق مریضوں کی مدد کرنا انسانیت کی عظیم خدمت ہے۔ ایسے اداروں کی معاونت اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا اپنے وطن اور دکھی انسانیت کے ساتھ جڑے رہنا قابلِ تحسین ہے، جبکہ اجتماعی تعاون سے فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کینسر کے مریضوں کی مدد اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر چوہدری ظفر ساہی نے تمام معزز مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے فلاحی مشن کے لیے تعاون کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔