پاکستان اور قطر کا اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور قطر کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرلیا۔ پاکستان نے قطر سے ہڈی والے گوشت کی برآمد پر عائد پابندی جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاک قطر مشترکہ ٹاسک فورس کے دوسرا اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ دوحا میں مشترکہ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان اورقطری وزیرمملکت احمد بن محمد السید نے کی۔

جام کمال خان اور قطری وزیر مملکت نے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کی داخلی منظوری کا عمل مکمل کر چکا ہے۔ پاکستان نے معاہدے کی حتمی کارروائی جلد مکمل کرنے کے لیے قطر سے تعاون کی درخواست کی۔ پاک قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا تیسرا اجلاس پاکستان میں  ہوگا۔

وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان کی ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی اقتصادی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ عالمی چیلنجز کے تناظر میں علاقائی اقتصادی انضمام کو مزید مضبوط بنانےکی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔