پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پانچ روزہ کامیاب دورۂ یونان، تنظیمی، تربیتی، دعوتی و روحانی سرگرمیوں کی یادگار تقریبات
*ایتھنز یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ چوہدری انصر اقبال بسراءسے ) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پانچ روزہ تنظیمی، تربیتی، دعوتی، تبلیغی و روحانی دورۂ یونان کامیابی سے مکمل کیا۔ ایتھنز آمد پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان ارسلان خرم چیمہ نے نیشنل و لوکل ایگزیکٹو کونسلز، عہدیداران اور کارکنان کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر بانی و امیر تحریک یونان غلام مرتضیٰ قادری اور ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
مرکزی اسلامک سنٹر میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپ
دورے کے دوران مرکزی اسلامک سنٹر ایتھنز میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں دعوتِ دین، تنظیمی نظم و ضبط، کارکنان کی ذمہ داریوں اور تحریک کے مشن سے وابستگی پر خصوصی گفتگو کی۔ اس موقع پر منہاج یورپین کونسل کے جنرل سیکرٹری حسن بوستان اور جوائنٹ سیکرٹری عامر صادق نے شرکت کی۔ صدر تحریک ارسلان خرم چیمہ نے تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
منہاج ویمن لیگ اور سسٹر لیگ کی تربیتی نشست
منہاج ویمن لیگ یونان اور منہاج سسٹر لیگ کے لیے خصوصی تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں خدمتِ خلق، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور معاشرتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی گئی۔ دونوں تنظیموں کو نمایاں کارکردگی پر اسنادِ حسنِ کارکردگی بھی پیش کی گئیں۔
دستورِ مدینہ کے یونانی ترجمے کی تقریبِ رونمائی
دورے کا ایک اہم علمی سنگِ میل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تحقیقی کتاب *’’دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور‘‘* کے یونانی ترجمے کی تقریبِ رونمائی تھی۔ تقریب میں پاکستانی، عرب اور یونانی سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ سفارت خانہ پاکستان کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نازش امجد، یونانی وزارتِ مذہبی امور کے سیکرٹری، جامع مسجد ایتھنز کے امام طٰہٰ عبدالجلیل اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔ کتاب میں دستورِ مدینہ کے 63 آرٹیکلز کی روشنی میں انسانی مساوات، مذہبی آزادی، شہری حقوق، عدل و انصاف اور فلاحی ریاست کے تصورات کو اجاگر کیا گیا۔
ذیلی مرکز الف سینا میں نمازِ جمعہ اور تربیتی خطاب
دورے کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی مرکز الف سینا میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نمازِ جمعہ ادا کی اور مختصر تربیتی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دینی و تنظیمی ذمہ داریوں، دعوتِ دین اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت اجاگر کی۔
پاکستان جرنلسٹ کلب یونان کے ساتھ خصوصی نشست
پاکستان جرنلسٹ کلب رجسٹرڈ یونان کے اراکین کے ساتھ خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں صدر کلب بدر منیر سندھو سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری انصر اقبال بسراء نے صحافیوں کا معزز مہمان سے تعارف کروایا۔ بعدازاں سوال و جواب کی نشست میں مختلف قومی، دینی، علمی اور سماجی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذیلی مرکز ماراتھونا میں دعوتی و تربیتی نشست
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی مرکز ماراتھونا میں بھی خصوصی دعوتی و تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا، جہاں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقامی ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقات بھی کی اور دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
ذیلی مرکز تھیوا کا افتتاح
دورے کا ایک اہم سنگِ میل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی مرکز تھیوا کی افتتاحی تقریب تھی۔ یہ مرکز 270,000 یورو کی خطیر رقم سے خریدا گیا، جو یونان میں منہاج القرآن کی تنظیمی و دعوتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انوفیتا میں خصوصی تربیتی نشست
منہاج القرآن انٹرنیشنل انوفیتا میں بھی ایک مختصر تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں انفرادی و اجتماعی ذمہ داریوں، امانت و دیانت اور اپنے فرائض کی ادائیگی پر گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر فرد اپنے دائرۂ اختیار میں ذمہ دار ہے اور اسے اپنے اہلِ خانہ، بچوں، معاشرے اور سپرد کردہ ذمہ داریوں کا جواب دہ ہونا ہے۔
دیموس ہال میں خصوصی روحانی محفل
دیموس ہال ایتھنز میں منعقدہ خصوصی روحانی محفل میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شانِ مصطفیٰ ﷺ، عظمتِ رسالت اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر ایمان افروز خطاب کیا۔ محفل میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے بلال اسلم سمیت پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے پانچ خوش نصیب افراد کو عمرہ کے ٹکٹ جبکہ ایک خوش نصیب کو ایک سال کے لیے گاڑی اور موٹر سائیکل کی انشورنس بطور تحفہ دی گئی۔
30ویں سالانہ میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس
پانچ روزہ دورے کی نمایاں تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی 30ویں سالانہ میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس تھی، جس میں یورپ اور یونان سے آئے ہوئے عہدیداران، علمائے کرام، پاکستانی کمیونٹی اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی اور حضرت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے خصوصی مبارکباد اور دعاؤں سے نوازا۔
ہالینڈ روانگی اور الوداعی تقریب
پانچ روزہ دورے کی تکمیل پر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ایتھنز ایئرپورٹ سے ہالینڈ روانہ ہوگئے۔ صدر تحریک یونان ارسلان خرم چیمہ نے نیشنل و لوکل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین کے ہمراہ انہیں الوداع کیا۔ اس موقع پر غلام مرتضیٰ قادری، علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی، سید جمیل شاہ، چوہدری مدثر خادم سوہل، چوہدری شہزاد یوسف اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پانچ روزہ دورۂ یونان تنظیمی استحکام، نئے مراکز کے قیام، کارکنان کی تربیت، علمی و تحقیقی سرگرمیوں، دعوتِ دین اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے ایک کامیاب اور یادگار دورہ ثابت ہوا۔