اوورسیز پاکستانی پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، احسان الحق باجوہ وفاقی  پارلیمانی سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز

اوورسیز پاکستانی پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، احسان الحق باجوہ وفاقی  پارلیمانی سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز

پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ اور پاک شکاگو چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیرس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمارئندہ خصوصی ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانی احسان الحق باجوہ نے پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے ہیڈ آفس پیرس کا دورہ کیا، جہاں فورم کے عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسان الحق باجوہ نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف ممالک میں کاروباری میدان میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں اور پاکستان اور میزبان ممالک کے درمیان درآمدات و برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں کا چیمبرز آف کامرس اور کاروباری ایسوسی ایشنز کے ذریعے ایک دوسرے سے روابط قائم کرنا ایک مثبت اور قابلِ تحسین پیش رفت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے روابط سے نہ صرف باہمی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے حالات، تجربات اور کاروباری مواقع سے آگاہی بھی حاصل ہوتی ہے۔ اس طرح تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلتے ہیں اور بیرون ملک پاکستانی مل جل کر پاکستان کی معاشی بہتری اور ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس فورم یورپ بھر میں اپنی تنظیمی ٹیمیں تشکیل دے رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مختلف یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے تاکہ وہ باہمی تعاون، رابطوں اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں۔

تقریب کا اہم مرحلہ پاکستان بزنس فورم کے بانی صدر حاجی اسلم کی سربراہی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانی احسان الحق باجوہ کی موجودگی میں پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ اور  پاکستان امریکن  شکاگو چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط تھے۔

مفاہمتی یادداشت پر پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ، پاکستان امریکن  شکاگو چیمبر  آف کامرس کے صدر نوید انور، نائب صدر عامر حنیف، پاکستان بزنس فورم کے بانی صدر حاجی اسلم، چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال اور سینئر نائب صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حمزہ تاج نے دستخط کیے۔

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، کاروباری روابط کے فروغ اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔