سعودی عرب کا بلوچستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا اظہارِ دلچسپی

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔

دس رکنی سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، دستیاب وسائل اور تیار منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان کے تیار سرمایہ کاری منصوبوں میں عملی طور پر حصہ لینے اور مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی کاروباری وفد کی بلوچستان آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت اور لائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی بلوچستان میں دلچسپی صوبے کی معیشت، روزگار اور ترقی کے نئے امکانات کو وسعت دے گی۔