دی ہیگ، روحانی سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے آن لائن حلقہ ذکر سے
نگران مراقبہ ہال ہالینڈ جاوید عظیمی کی علمی ، فکری گفتگو۔
آصف جاوید کمالی نے ذکر خفی قلبی کے بعد اجتماعی دعا کروائی۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کو رپورٹ … خصوصی مندوب )روحانی سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے بانی حضرت پروفیسر فقیر باغ کمالؒ کے بلاصلاحیت شاگرد اور مریدمیاں آصف جاوید کمالی نے سلسلےکے وابستگان اور عقیدت مند خواتین و حضرات کے لئے واٹس گروپ تشکیل دے رکھا ہے۔ مذکورہ گروپ میں روزانہ کی بنیاد پر ذکر اذکار ، روحانی موضوعات پر گفتگو کا تسلسل عرصہ دراز سے جاری و ساری ہے۔ گزشتہ روز بروز منگل 10 نومبر 2026 کو آصف جاوید کمالی کے مدعو کرنے پر روحانی اور علمی سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول کے نگران محمد جاوید عظیمی نے خصوصی شرکت اور خصوصی گفتگو بھی کی ۔جاوید عظیمی نے حلقہ ذکر کے ذاکرین سے مخاطب ہوتے ہوئے سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے بانی بزرگ حضرت پروفیسر فقیر باغ حسین کمال ؒ کو روحانیت کے فروغ کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور خراج عقیدت پیش کیا شاعر مشرق حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی قرآن فہمی کے بعد کی جانے والی شاعری اور آپ کے روحانی مقام کو بھی بیان کیا ۔ اقبال کے شہرہ آفاق شعر
کی محمد ﷺسے وفا تونے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
پر روشنی ڈالتے ہوئے جاوید عظیمی نے کہا ہم رسول محتشم ﷺکی نعت پڑھتے ہیں یہ آپ ﷺسے محبت کا اظہار ہے اورجب درود شریف پڑھتے ہیں تو یہ عقیدت کا اظہار ہے مگر اقبال مذکورہ شعر میں وفا کا ذکر کر رہے ہیں۔درحقیقت اس شعر میں علامہ اقبالؒ نے اللہ تعالٰی کی منشا کو بیان کیا ہے۔ وفا اصل میں نبی رحمتﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے ۔ اگر بندہ آپﷺ سے محبت اور عقیدت کے ساتھ وفا کرتے ہوئے آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو پھر
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
تک رسائی حاصل کر لیتا ہے ۔ ایک موقعہ پر جاوید عظیمی نے اپنی گفتگو میں علامہ اقبالؒ کے روحانی مقام کو بیان کرنے کے لئے آپؒ کے مرشد ولی اللہ حضرت پیر جماعت علی شاہ ؒ کا ایمان افروز واقعہ بھی بیان کیا
حلقہ ذکر خفی قلبی کے منتظم میاں آصف جاوید کمالی نے اختتامی کلمات میں جاوید عظیمی کا قیمتی وقت دینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا. بعد ازاں انہوں ذاکرین کو اسباق کے ساتھ ذکر خفی قلبی کروایا اور اثر انگیزاجتماعی دعا بھی کروائی۔