وفاقی آئینی عدالت نے گور نرراج اور ایم پی او کیس میں 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کردی۔ اب ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات سن سکے گی تاہم گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق کیسز پر سماعت نہیں ہوگی۔
وفاقی آئینی عدالت میں گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور ہائیکورٹ دیگر آرٹیکل 199 کے مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔
دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، جبکہ وکلا کی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔
عدالت نے وضاحت کی کہ حکم امتناع کا اطلاق گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، پشاور ہائیکورٹ دیگر آئینی مقدمات سن سکتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کے مطابق آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جاسکتے، تاہم اس کی لفظی تشریح کی جائے تو پورا عدالتی نظام جام ہو جائے گا۔ وفاقی آئینی عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔
بیرسٹر گوہر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کے لیے بھی ریلیف کی استدعا کی۔ کہا خیبر پختونخوا میں ابھی تک ریویو بورڈ نہیں بنا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے کہا تین ماہ سے زیادہ عرصے کی گرفتاری کے معاملے کو بورڈ میں لے جایا جاسکتا ہے۔ عدالتی حکم پر رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی گئی ہیں، ہمارے پاس آئیں گی تو دیکھ لیں گے۔ بار کونسل کے علاوہ دیگر درخواستیں ابھی سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئیں۔ عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو خیبرپختونخوا حکومت کی اپیل پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس یعنی ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت گرفتاریوں کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت سے روک دیا ہے۔