محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ،وزیر داخلہ بنانے میں آصف زرداری کا 60 فیصد حصہ ہے:راناثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دیر پہلے صدر اور وزیراعظم کی ملاقات ہوئی،صدر سے درخواست کرنی چاہیے صوبوں سے متعلق مسئلہ حل کریں،مسئلہ صدر مملکت کے گھر میں موجود ہے،صدر مملکت دونوں بیٹوں کو سمجھا دیں ایسی گفتگو سے پیچھے ہٹ جائیں،بلاول بھٹو اور محسن نقوی صدرآصف زرداری کے بیٹے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راناثنااللہ موجودہ صورتحال ملک اور حکومت کیلئے بہتر نہیں، ایک صاحب نے اکنامک فورم میں صوبوں پر بات کی، کبھی کہا دیکھتے ہیں صوبے بننے سے کون روکتاہے، کبھی کہتے ہیں صوبوں کا معاملہ اتفاق رائے سے ہو گا، محسن نقوی کی اکنامک فورم میں تقریر مناسب نہیں تھی، میں نہیں سمجھتاکہ محسن نقوی کو کہا گیا ہو ایسی تقریر کریں۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا منصوبہ محسن نقوی کا اپنا نہیں ہو سکتا، پاورفل کوارٹرز بخوبی سمجھتے ہیں معاملہ شروع کرنے سے پہلے متنازع نہیں کرتے، ایم کیوایم صوبوں کیلئے ہر وقت تیارہے،کراچی کو صوبہ بنانا چاہتی ہے، بلاول بھٹو نے حالیہ دنوں میں سنجیدہ گفتگوکی، صوبوں کامعاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو کوئی سمت اختیار کرے گا۔

ان کا کہناتھا کہ وفاقی وزیراطلاعات کو اپنی رائے دینے سے روکنانہیں چاہیے، صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آتاتوبلاول بھٹو کووہاں بات کرنی چاہیےتھی، بلاول بھٹوکایہ کہناکہ خون خرابہ ہوگایہ بھی درست نہیں، صدرمملکت دوسرےبیٹےکوبھی ملاقات میں بلالیتے، صدرآصف زرداری جب نوازشریف سےملناچاہیں گےملیں گے، کیاوفاقی وزیراطلاعات نےریفرنڈم کافیصلہ کرناہے؟ایک صاحب نے کہا صوبے ہرقیمت پربنیں گے،باقی ہربندہ اپنی رائے دے رہا ہے۔ ایک کہہ رہاصوبےبن کررہیں گے،ایک کہہ رہاہےنہیں بننےدوں گا،انہیں سمجھایاجائے۔

پریس کانفرنسز اور سیمینار سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو پھر کر لیں، صوبوں کافیصلہ پارلیمنٹ میں ہوناہے، مخصوص نشستوں کامال غنیمت پیپلزپارٹی اورمولانانےبھی وصول کیا، مخصوص نشستیں ملی ہیں توواپس کردیں، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں،190ملین پاؤنڈکیس میں انہیں سزاہوئی، بانی پی ٹی آئی کوکرپشن کےکیس میں سزاہوئی،نظام تباہ اورری سیٹ کےالفاظ کی وجہ سےبحث چھڑی ہوئی ہے،محسن نقوی کونگران وزیراعلیٰ،وزیرداخلہ بنانےمیں آصف زرداری کا60فیصدحصہ ہے، صدرآصف زرداری سےجب بھی ملنے گئے محسن نقوی ہمارا استقبال کرتےہیں۔