شباب کی باتیں ۔۔۔قیامت چیخ اٹھی ہے چال پر اس فتنہ قامت کی۔۔ تحریر  ۔۔۔۔۔مشتاق شباب

*شباب کی باتیں*

*قیامت چیخ اٹھی ہے چال پر اس فتنہ قامت کی*

تحریر  ۔۔۔۔۔مشتاق شباب

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ شباب کی باتیں ۔۔۔قیامت چیخ اٹھی ہے چال پر اس فتنہ قامت کی۔۔ تحریر  ۔۔۔۔۔مشتاق شباب)اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ مجوزہ طور پر ہری پور کو خیبر پختونخواہ سے الگ کرکے اسلام  آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں، خیبر پختونخواہ کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہے، ایک بیان میں ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہری پور کو الگ کرنا محض انتظامی تبدیلی نہیں، صوبے کے آئینی حقوق کا سنجیدہ سوال ہے، کیونکہ ہری پور اور صوابی دونوں تربیلا ڈیم سے جغرافیائی طور پر منسلک ہیں اور تربیلہ کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر موجود ہیں۔ ہری پور کو الگ کرنے کے اثرات پہلے واضح کرنا ضروری ہیں۔ اس اقدام سے آئین کے آرٹیکل (2) 161  کے تحت خیبر پختونخواہ کے خالص پن بجلی منافع کے حق پر اثر پڑے گا۔

جہاں تک صوبے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کا تعلق ہے اس حوالے سے  آئین کا آرٹیکل ( 4)239 واضح ہے، اس لیے اگر اس صورتحال کے حوالے سے کسی فیصلے کا تعلق ہے تو ہمارا اپنا ہی ایک شعر پیش کرنے کی اجازت دیجئے جو ایمل ولی خان کے اس مطالبے کو واضح کرتا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر کسی بھی اقدام پر غیر آئینی ہونے کا ٹھپہ لگ سکتا ہے، یعنی

*حضور آپ سے کچھ مشورے بھی ہیں باہم*

*پر اتنی جلدی بھی کیا ہے براجیئے  تو سہی*

تا ہم جن کو جلدی ہے وہ صوبائی اسمبلی سے مشورہ کرنے کا تکلف کیوں کر برداشت کر سکتے ہیں اور بھلا اس سے اچھا اور سنہری موقع پھر کب ہاتھ آسکتا ہے جب صوبائی اسمبلی معطل ہے اور صوبے میں گورنر راج لگا ہوا ہے۔ اب ہم کیا اور ہماری بساط کیا جو اس آئینی نکتے کی وضاحت کر سکیں، البتّہ اس مسئلے کے کچھ پہلوؤں پر اگر روشنی ڈالی جائے تو کوئی حرج بھی نہیں۔ ایک فارسی مقولہ بشکل شعر یوں ہے کہ

*خشت اول چوں نہد معمار کج*

  *تا ثریا می رود دیوار کج*

اگر ایمل ولی خان محسوس نہ کریں تو ہم انہیں ماضی میں جھانکنے کی دعوت دے دیں اور اے این پی کے ماضی کے رہنماؤں کے اس اقدام کے بارے میں بتائیں جب ان کی جماعت صوبے میں میر افضل خان حکومت میں شامل تھی اور صوبے میں وزارت آبپاشی اور آبنوشی پر پارٹی کا ایک "عقلمند وزیر” فرید طوفان براجمان تھا ۔ اس وقت وفاق اور صوبے کے درمیان غازی بھروتہ منصوبے پر گفت و شنید ہو رہی تھی، مرکز کی لیگی حکومت ہر ممکن زور لگا رہی تھی کہ میر افضل خان کی سربراہی میں لیگ اور اے این پی کی مشترکہ حکومت اس معاہدے پر دستخط کر دے۔ میرافضل خان جیسا گھاگ سیاسی رہنما بھی اپنی جماعت کے اشارے پر راضی بہ رضا تھا اور معاہدہ طے ہونے کے بعد موصوف نے بجائے خود فرید طوفان کو آگے کر کے معاہدےپر دستخط کروائے۔ فرید طوفان نے بھی جوش جذبات میں آکر دستخط کر دیئے۔ جس کے بعد غازی بھروتہ کے مقام پر دریائے سندھ کا رخ موڑ دیا گیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ آج تک خیر آباد کے مقام پر جو دریائے سندھ کبھی ٹھاٹیں مارتا گزرتا تھا، گرمی کے موسم میں تو پھر بھی کچھ نہ کچھ پانی اٹک پل کے نیچے سے گزرتا دکھائی دیتا ہے مگر سردیوں کے زمانے میں اسی پل کے نیچے پانی ٹخنوں ٹخنوں تک ہی ہوتا ہے اور دریا کی تہہ جو صدیوں سے کسی نے نہیں دیکھی تھی اب وہاں نیچے کنکروں کو آسانی کے ساتھ گنا جا سکتا ہے۔  اس معاہدے کے وقت اے این پی کی قیادت نے اس کے نتائج پر سوچے بغیر دستخط کر کے جو نقصان اس صوبے کو پہنچایا تھا اس کے بعد غازی بھروتہ منصوبے کو اس بھینس سے تشبیہ دی گئی بلکہ اب تک دی جا رہی ہے، جسے چارہ تو صوبہ خیبر پختونخواہ کھلاتا ہے مگر اس کا دودھ پنجاب کے حصے میں آتا ہے۔  اور آج کل وہاں سونا نکلنے کی جو باتیں کی جا رہی ہیں اس پر ڈاکٹر راحت اندوری کا یہ شعر کیا لاجواب تبصرہ ہے کہ

*خبر ملی ہے کہ سونا نکل رہا ہے وہاں*

 *میں جس زمین پہ ٹھوکر لگا کے لوٹ آیا*

اب جب کہ ایک بار پھر یہ خبریں گرم ہیں کہ ہری پور کو اسلام آباد میں، بقول ایمل ولی خان، شامل کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، تو اس کے اثرات صرف ایک شہر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا نہیں ہے بلکہ ایمل ولی خان نے درست نشاندہی کی ہے کہ اس اقدام سے صوبہ خیبر پختونخواہ کے بجلی کے خالص منافع پر بھی مبینہ (تصرف حاصل کرنا) مقصود ہے،  کیونکہ تربیلا ڈیم کا بجلی گھر جن حدود میں واقع ہے وہ تربیلا، غازی، ہری پور اور صوابی کی مشترکہ حدود ہیں اور آئین کے تحت بجلی گھر جس حصے میں ہوتا ہے، اس سے حاصل ہونے والی بجلی کی آمدن بھی اس کا حق بنتا ہے، اس لیے اگر ہری پور کو آئینی تقاضے پورے کیے بغیر اسلام آباد کی حدود میں شامل کیا جائے گا،  تو صوبہ تربیلا ڈیم کی رائلٹی سے محروم ہو جائے گا اور تمام آمدنی اسلام آباد کو ملنا شروع ہو جائے گی۔ اس حوالے سے دو مزید بیانات بھی قابل توجہ ہیں۔ ایک تو اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کا  اور دوسرا مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن صفدر کا۔  میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پختونخواہ کی جغرافیائی شناخت سے چھیڑ چھاڑ قبول نہیں۔ ہری پور کو کسی دوسرے انتظامی یونٹ میں شامل کرنا کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن یہ خواہش کبھی حقیقت نہیں بنے گی۔  جبکہ لیگ نون کے رہنما کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ ہزارہ صوبے کا مطالبہ ہمارا دیرینہ موقف ہے اور اس مجوزہ منصوبے کی حدود میں ردوبدل یا علاقوں کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں۔ جہاں تک میاں افتخار حسین کے موقف کا تعلق ہے، ظاہر ہے وہ تو اپنی پارٹی پالیسی کے مطابق بالکل درست کہہ رہے ہیں اور اس حوالے سے ایمل ولی خان نے آئین کی جن شقوں کا حوالہ دیا ہے ان کو دیکھنا بھی آئینی تقاضا ہے، جبکہ کیپٹن صفدر اسی نکتے یعنی ہری پور کی مجوزہ طور پر اسلام آباد کے ساتھ شامل کرنے کو اگرچہ ضلع ہزارہ کے عوام کے "ہزارہ صوبے”  کے قیام کے مطالبے کے ساتھ جوڑ رہے ہیں اور اسی میں مجوزہ صوبہ ہزارہ کی حدود میں رد و بدل یا علاقوں کی تقسیم کی قبولیت کے آگے بند باندھ رہے ہیں، یعنی ہری پور کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ دراصل انہیں بھی معلوم ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو مجوزہ صوبہ ہزارہ (اگر وجود میں آتا ہے) تو بجلی کی رائلٹی سے محروم ہو جائے گا۔  مگر "چال”  چلنے والوں کی بھی اپنی حکمت عملی ہو سکتی ہے یعنی وہ اسی موقع سے، جب صوبے کی اسمبلی غیر فعال اور گورنر راج قائم ہے، فائدہ اٹھانے کی سوچ رہے ہیں۔ اس پر کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ

*قیامت چیخ اٹھی ہے چال پر اس فتنہ قامت کی*

*ارے ظالم قیامت کی ارے ظالم قیامت کی*

سوال البتہ یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ جو لوگ ملک میں مزید صوبے یا انتظامی یونٹ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں کیا وہ سندھ سے اٹھنے والی مخالفانہ آوازوں کا کوئی توڑ کر سکیں گے؟ کیونکہ اب تو بات خدانخواستہ (خون خرابے اور سڑکوں پر تصادم ہونے تک ) جا پہنچی ہے۔ اس لئے جہاں تک ہری پور کو اسلام آباد کے ساتھ شامل کرنے کا تعلق ہے تو اس حوالے سے صوبے کی اسمبلی کی غیر فعالیت کی صورت میں آئینی طور پر اس فیصلے کے بارے میں اقدامات پر ماہرین آئین ہی بہتر روشنی ڈال سکتے ہیں کہ ایسا کیونکر اور جس طریقے سے ممکن ہو سکے گا؟ جس کے لیے ہم بھی ان ماہرین کی آراء کے سامنے آنے کے انتظار میں رہیں گے۔  بقول انور مسعود

*نزدیک کی عینک سے اسے کیسے میں ڈھونڈوں؟*

*جو دور کی عینک ہے کہیں دور پڑی ہے*