ویانا میں پاکستان کی جانب سے یواین آئی ڈی او کے ’انڈسٹریل ڈیولپمنٹ بورڈ‘ کی صدارت کا اختتام:-
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ:۔۔۔محمد عامر صدیق،ویانا، آسٹریا)۔پاکستان نے ویانا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ ’یونائیٹڈ نیشنز انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن‘ (یواین آئی ڈی او ) کے ’انڈسٹریل ڈیولپمنٹ بورڈ‘ (IDB) کے 54 ویں اجلاس کے آغاز پر، بطور صدر اپنی مدتِ صدارت کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ یواین آئی ڈی او میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر محمد کامران اختر ملک نے صدارت کا عہدہ یواین آئی ڈی او میں بلغاریہ کے مستقل مندوب، سفیر ایوان گوسپودینوف (Ivan Gospodinov) کے سپرد کر دیا۔
سنہ 2025-2026 کے دوران بورڈ میں پاکستان کی صدارت، کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانے، رکن ممالک کے مابین اتفاق رائے کو فروغ دینے، اور یواین آئی ڈی او کے ’شمولیتی اور پائیدار صنعتی ترقی‘ کے مینڈیٹ کو آگے بڑھانے کے لیے ملک کے غیر متزلزل عزم کی عکاس تھی۔
یونیڈو (یواین آئی ڈی او ) کے ڈائریکٹر جنرل، جناب گیرڈ مولر نے اپنے افتتاحی کلمات میں، بورڈ کے نو منتخب صدر اور رکن ممالک کے نمائندوں کے ہمراہ، سفیر ملک کی قیادت اور اپنی مدتِ ملازمت کے دوران بورڈ کی مؤثر سربراہی کو سراہا۔ انہوں نے مذاکرات کو آگے بڑھانے، اتفاقِ رائے قائم کرنے اور بورڈ کی کارروائی کو خوش اسلوبی اور مؤثر انداز میں چلانے میں ان کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا۔
ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر، بورڈ نے ویانا میں پاکستان کے سفارت خانے اور مستقل مشن میں تعینات تھرڈ سیکرٹری، محترمہ سیدہ مبشرہ عروج کو متفقہ طور پر اپنے 54 ویں اجلاس کے لیے ’ریپورٹر‘ (Rapporteur) منتخب کر لیا۔ ان کا یہ انتخاب، یونیڈو کے پالیسی ساز اداروں میں پاکستان کی فعال اور تعمیری شمولیت کا ایک اور اعتراف ہے۔
رکن ممالک کی جانب سے اپنے اوپر اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے، محترمہ عروج نے پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانبداری اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور اجلاس کے کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کے ’یونیڈو‘ (یواین آئی ڈی او ) کے ساتھ دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات ہیں اور وہ اس تنظیم کو ایک ایسے ناگزیر شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے جو سب کو شامل کرنے والی (inclusive)، پائیدار اور لچکدار صنعتی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ہے۔ 16 فروری 2026 کو، وزیراعظم جناب محمد شہباز شریف کے ’ویانا انٹرنیشنل سینٹر‘ کے دورے کے دوران ’پروگرام فار کنٹری پارٹنرشپ‘ (PCP) پاکستان 2025-2030 پر دستخط ہونے سے اس شراکت داری کو ایک نئی تحریک ملی۔ پاکستان کی جانب سے اس معاہدے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دستخط کیے۔
پاکستان کے URAAN پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ، PCP ملک کی صنعتی تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے، تین سٹریٹجک ترجیحات پر توجہ مرکوز کرتا ہے: صاف توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی؛ برآمد پر مبنی صنعتی ترقی اور قدر کی زنجیریں؛ اور سبز صنعت اور پائیدار معدنیات۔ اس پروگرام کا مقصد سرمایہ کاری کو متحرک کرنا، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنا، پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان PCP پاکستان کے موثر نفاذ، بہتر تکنیکی تعاون، ترقیاتی فنانسنگ کو متحرک کرنے اور تنظیم کے عالمی غذائی تحفظ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے ذریعے یواین آئی ڈی او کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان اپنے رکن ممالک کے لیے بامعنی ترقیاتی نتائج کی فراہمی کے لیے یواین آئی ڈی او کی ادارہ جاتی تاثیر، ردعمل اور صلاحیت کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں میں ڈائریکٹر جنرل اور سیکریٹریٹ کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔