میاں عاصم مہمانان اعزازی جبکہ جاوید عظیمی صدارت کریں گے۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ خصوصی مندوب) شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوم اقبال ” کی پر وقار تقریب بزم ادب نیدرلینڈز کے زیر اہتمام بروز ہفتہ 28 نومبر 2026 کو شام ساڑھے چھ بجے پاکستان کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں تزک و احتشام سے منعقد ہو گی ۔ بزم ادب کے سربراہ جاوید عظیمی کی زیر صدارت ہونے والی تقریب میں شرکت کے لئے علمی و ادبی حلقوں میں خاص مقام رکھنے والی شخصیت، شاعر اور ادیب سہیل ضرار خلش (برطانیہ) مہمان خصوصی معروف شاعر سید حیدر نقوی (جرمنی) اور پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے صدر میاں عاصم محمود مہمانان اعزازی ہوں گے ۔ اس پروقار تقریب میں حکیم الامت علامہ اقبال کے یوم ولادت کی خوشی میں کیک کاٹا جائے گا۔ جبکہ علمی، فکری، ادبی شخصیات افکار اقبال اور خودی کےفلسفے پر روشنی ڈالیں گے۔گلوکار شہزاد علی خان اپنی سحر انگیز آواز میں کلام اقبال پیش کر کے شرکا ئے تقریب کے قلوب کو گرمائیں گے ۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی جائے گی ۔ پروگرام منتظمین التماس کرتے ہیں کہ وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
یادرہے بزم ادب نیدرلینڈ ز کے زیر اہتمام یوم اقبال کے سلسلے میں چوتھی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔