جب انسان پر گزرتی ہے تو بڑی دقت ہوتی ہے؟۔۔۔تحریر ۔۔۔۔  سید اسلم شاہ

سوال:-بات تو آپ نے صحیح فرمائی – لیکن جب انسان پر گزرتی ہے تو بڑی دقت ہوتی ہے؟

تحریر ۔۔۔۔  سید اسلم شاہ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ تحریر ۔۔۔۔  سید اسلم شاہ)جواب:- ایک آدمی گیا دوسرے کے پاس ، اس آدمی کے پاس جو سوئی کے ساتھ جسم پر شکلیں بناتے ہیں – اسے کیا کہتے ہیں؟ گودنا – وہ جو Tattoo کرتے ہیں ٗ اس کے پاس گیا اور کہا میری پیٹھ پر شیر بنا دے ۔ اس نے کہا شیر بنا دیتا ہوں ۔ پھر اس نے سوئی چبھوئی ۔ کہتا ہے کہ کون سا حصہ بنا رہے ہو؟ وہ کہتا ہے میں دُم سے شروع کر رہا ہوں ۔ کہتا ہے کہ دُم چھوڑ دو ۔ اس نے پھر سوئی چبھوئی تو کہتا ہے کہ اب کیا بنا رہے ہو؟ وہ کہتا ہے کہ اب میں گردن کے بال بنا رہا ہوں ۔ وہ کہتا ہے گردن کے بالوں کی کیا ضرورت ہے ، تُو باقی شیر بنا ۔ تو وہ جدھر سوئی لگاتا ، درد ہوتا تھا ۔ اس نے کہا بھائی یہ شیر نہیں بنے گا کیونکہ تو خود بلی ہے ٗ شیر اگر بنوانا ہے تو پھر حوصلہ کر ۔ اگر بلند مقام حاصل کرنا ہے تو پھر تکلیف کا راستہ بھی ہے ، ظلم کا راستہ بھی ہے ۔ آگ سے اگر گزرے گا تو کندن ہو گا ، ورنہ کیسا کندن ؟ اس لیے جب فطرت تمہیں آگ سے گزار رہی ہوتی ہے تو چیخیں نہ مارو ، چپ کر کے مانتے جاوء ۔ وہی وقت ہوتا ہے کہ انسان چپ کر کے خاموش رہے ، کیوں کہ اب رنگ چڑھ رہا ہے ، رنگ ساز رنگ چڑھا رہا ہے اور ذرا پکا ہونا چاہیے ، ایک دو اور بھٹیوں میں سے گزارے گا تب جا کے رنگ پکا ہو گا ۔ تو یہ حقیقت کا رنگ ہے ، عرفان کا رنگ ہے اور یہ تیز آگ سے گزرے گا ۔ پھر ہی تیز رنگ چڑھے گا ۔ آپ بات سمجھ رہے ہیں ؟ اس لیے چیخ و پکار مت کرو ۔ چیخ و پکار کرنے والا جو ہے وہ دوسرے شعبے میں چلا جاتا ہے ۔ پھر اللہ کہتا ہے اس کو دولت دے دو ، اس کو اور غفلت میں ڈال دو ۔۔۔۔۔۔۔ پھر وہ دولت گنتا رہتا ہے حتٰی کہ وقت ختم ہو جاتا ہے ، دن گزر جاتے ہیں ، پھر نہ کوئی سود رہتا ہے نہ کوئی زیاں رہتا ہے ، پھر وہ مٹی ہو جاتا ہے اور اسے اور طرح کی جواب دہی کرنی پڑتی ہے ۔ اس لیے دعا کرنے والے دعا کرتے ہیں کہ یااللہ وہ تکلیف دے جو جگا دے ، وہ بہت بہتر ہے اس آسانی سے جو مجھے سلا دے ۔ آپ بات سمجھ رہے ہیں کہ

اتنا ستم نہ کر کہ نہ ہو لذتِ ستم

اتنا کرم نہ کر کہ میری آنکھ تر نہ ہو

اس لیے جن کی آنکھیں تر رہتی ہیں وہ ویسے ہی رونق میں رہتے ہیں ۔ تکلیف کا احساس اور خدا کی یاد ایک چیز کا نام ہوتا ہے ۔ کیا کہا ؟ یہ ایک چیز کا نام ہوتا ہے ۔ تکلیف کا احساس اور خدا کی یاد تقریباً ایک جیسی چیز ہو جاتی ہے کہ Loss نقصان ہو گیا تو خدا زیادہ قریب آ گیا ۔ کہتا ہے یہ تو اچھا ہے کہ خود ہی مال لے کے چلا گیا اور پھر خود ہی قریب آ گیا کمال ہے

آج ہی گھر میں بوریا نہ ہوا

آج ہی ہمارے گھر میں اللہ میاں آئے اور ہمارے پاس جگہ ہی نہیں اور حالات ہی کوئی نہیں ۔ حالات کا ہونا یا نہ ہونا ، اللہ تعالیٰ سب جانتے ہیں ۔ اسے پتہ ہی ہے کہ وہ کیا آزما رہا ہے ، اس نے یہ نہیں آزمانا کہ تمہارے پاس آٹا ہے کہ نہیں ہے ، اس نے کیا آزمانا ہے ؟ کہ آپ قبول کرتے ہو کہ نہیں کرتے ہو۔ بناوٹ نکال دو، لگاوٹ نکال دو اور ہر چیز نکال دو اور صاف ستھرا قبول کرنے والا انسان بن جاوء ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔