پیرس میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی خصوصی تقریب
پیرس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔ منیر احمد ملک )پیرس میں پاکستان کے مثبت تشخص، امن، محبت، مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ، فرانسیسی سینیٹر راشد تیمال، ڈسکور پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر رفیق اور پیرس سے ملحقہ دس شہروں کے میئرز اور ڈپٹی میئرز سمیت اہم فرانسیسی و پاکستانی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج نے کیا، جبکہ ڈاکٹر قیصر رفیق نے خصوصی دعوت پر بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ اور دیگر مقررین نے پاکستان اور فرانس کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، عوامی روابط کے فروغ اور کاروباری و ثقافتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر فرانس کے دس شہروں سے تعلق رکھنے والے میئرز اور بلدیاتی نمائندوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے تجربات بیان کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی محبت، خلوص اور شاندار مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے دورے کو ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ قرار دیا۔
فرانسیسی سینیٹر راشد تیمال نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور کمیونٹیز کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت پاکستانی اور فرانسیسی کمیونٹیز کی بڑی تعداد میں شرکت تھی، جس نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط کی عکاسی کی۔
تقریب کے اختتام پر ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے پاکستان کا دورہ کرنے والے فرانسیسی میئرز اور سینیٹر راشد تیمال کو یادگاری شیلڈز پیش کیں، جبکہ پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی خدمات کے اعتراف میں سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے ڈاکٹر قیصر رفیق کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔