-
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے دوران ایرانی نمائندوں سے متعدد مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں۔
خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں، صدر ٹرمپ ایران کی صورت حال پر گہری توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔
کشنر کے مطابق ٹرمپ ایران کے معاملے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے ایران کے معاملے پر یورپی ممالک کے ردعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، یورپی ممالک امریکا سے بہت زیادہ توقعات رکھتے ہیں، تاہم ایران کے معاملے پر ان کا طرزِعمل متاثر کن نہیں رہا۔
جیرڈ کشنر نے مزید بتایا کہ وہ ایران سے متعلق تنازع کے معاملے پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں کام کر رہے تھے۔
خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر کی جانب سے ایرانی نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کی تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن نے ایران کے حوالے سے اپنے تمام آپشنز کھلے رکھنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم ان ملاقاتوں کی تاریخ، مقام یا ان میں زیرِ بحث آنے والے معاملات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔