ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ دعا کی کیا اہمیت ہے؟۔۔۔پروفیسر احمد رفیق اختر)جواب: میرا یہ خیال ہے کہ
دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے
پر نہیں طاقتِ پرواز مگر رکھتی ہے
بندے اور خدا کے درمیان دعا انتہائی ذاتی تعلق رکھتی ہے۔ دعا ایک خصوصی تعلق ہے۔ یہ ایک برآمدہ ہے۔ مجھے ایک بہت بڑے اور مشہور نجوی سے بات چیت کا اتفاق ہوا تو میں ان سے کہہ رہا تھا کہ اللہ نے زمین و آسمان میں کچھ برآمدے ضرور رکھے ہیں کہ
دل کے آئینے میں ہے تصویر یار
جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی
تو اس نے کہا نہیں پروفیسر! سیڑھیاں۔ تو جب اس نے سیڑھیاں کہا تو میں بڑا چونکا ہوا اور اس سے کہا کہ میں غلط لفظ استعمال کر رہا ہوں۔ اصل میں قرآن میں لفظ ہی معارج استعمال ہوا ہے تو میں بڑا حیران ہوا کہ میں قرآن کی ذرا اپنے انداز سے غلط تشریح کر رہا تھا اور اس نے سائنسی طور پر صحیح تشریح کر کے بتایا کہ اس کائنات میں کچھ سیڑھیاں ہیں اور ان سیڑھیوں کے ذریعے آپ بڑی آسانی سے بلا انتہا پھیلے ہوئے سراب کے فاصلے وصل کے حقائق میں بدل سکتے ہیں اور کوئی بھی شخص ایک خاص فریکوئنسی پر ان سیڑھیوں سے گزرتا ہے تو خدا کے قرب و جوار میں جا بستا ہے۔ دعا اس فاصلے کی وہی سیڑھی ہے۔ دعا بھی ایک ایسی سیڑھی ہے جو تمام فاصلوں کو ختم کر دیتی ہے۔
اسی لیے جب دعا کے بارے میں اللہ کے رسول ﷺ سے پوچھا گیا کہ اتنی ساری دعاؤں کے باوجود کیوں دعائیں قبول نہیں ہوتیں؟ تو فرمایا یہ مت کہو۔ ان ربی لسمیع الدعاء (۱۴) (ابراہیم): ۳۹) بلا شبہ میرا رب دعا سنتا ہے۔ اللہ اس لیے جواب نہیں دیتا کیونکہ اللہ کے نزدیک وژن اور تعلیم آپ کے پورے احاطہ زندگی کو لیے بیٹھی ہے۔ اس کو یہ معلوم ہے کہ اگر میں اس کو بیرون ملک میں داخلہ دے دوں جیسے اس کے ماں باپ چاہتے ہیں اور یہ بیرون ملک چلا جائے اور یہ وہاں تعلیم یافتہ ہو تو یہ کبھی گھر نہیں پلٹے گا۔ اس کو یہ اچھی طرح علم ہے کہ یہ ہمیشہ کے لیے دین سے جائے گا مگر نیک ماں باپ یہ آرزو کرتے ہیں کہ بچہ پڑھ جائے، نیک بن جائے، اس کو کہیں وظیفہ مل جائے یا باہر چلا جائے مگر اس بچے کو باہر داخلہ نہیں ملتا کیونکہ خدا کہتا ہے کہ مجھے یہ علم ہے کہ اگر یہ باہر چلا گیا تو پھر یہ تمہارے کام کا نہیں رہے گا۔ اگر تم اس کے لیے نیکی کی دعائیں مانگ رہے ہو تو پھر نیک نہیں رہے گا۔ پھر یہ اسی طرح گوسفند ہو گا۔ اسی کی طرح کا آدمی ہو گا۔ اس کا حشر بھی وہی ہو گا اور کم از کم یہ دعا نہیں ہے جو تم اس کے لیے کر رہے ہو یہ بد دعا ہے۔ اس لیے بعض اوقات ہمیں غلط فہمی ہو جاتی ہے کہ دعا قبول نہیں ہوتی۔ اس کا بڑا سادہ سا قانون ہے وھو کرہ لکم و عسی ان تکرھوا شیئا وھو خیر لکم و عسی ان تحبوا شیئا وھو شرلکم ط واللہ یعلم وانتم لا تعلمون (۲) (البقرہ): ۲۱۶) اور یہ عین ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناگوار سمجھو اور وہ تمہارے حق میں بہتر ہو اور یہ کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے حق میں بری ہو، بے شک اللہ ہی خوب جانتا ہے تم نہیں جانتے۔