کیا کائنات لا محدود ہے  ؟۔۔۔۔ تحریر  ۔۔۔۔  ڈاکٹر احمد نعیم

کیا کائنات لا محدود ہے  ؟

تحریر  ۔۔۔۔  ڈاکٹر احمد نعیم

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ کیا کائنات لا محدود ہے  ؟۔۔۔۔ تحریر  ۔۔۔۔  ڈاکٹر احمد نعیم)جب بھی ہم رات کے وقت تاروں سے بھرے آسمان پر نگاہ ڈالتے ہیں تو ذہن میں ایک عجیب سا سوال جنم لیتا ہے۔ یہ بے کراں وسعت آخر کہاں جا کر ختم ہوتی ہے؟ کیا کہیں کوئی آخری مقام بھی ہے جہاں پہنچ کر کائنات کی سرحد آ جاتی ہے یا پھر یہ وسعت ہر سمت میں ہمیشہ کے لیے پھیلی ہوئی ہے؟ بظاہر یہ ایک فلسفیانہ سوال محسوس ہوتا ہے لیکن جدید فلکی طبیعیات (Astrophysics) اور علم الکائنات (Cosmology) نے اسے ریاضیاتی اصولوں اور مشاہداتی شواہد کی روشنی میں پرکھنا شروع کر دیا ہے۔ اب سائنس دانوں کے لیے یہ محض ایک تخیلاتی بحث نہیں رہی کہ کائنات لامحدود ہے یا نہیں بلکہ یہ کائنات کی جیومیٹری (Geometry) یعنی اس کی مکانی ساخت اور ٹوپولوجی (Topology) یعنی اس کی مجموعی بناوٹ اور مختلف حصوں کے باہمی اتصال سے متعلق ایک باقاعدہ سائنسی سوال بن چکا ہے۔

اس موضوع کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے ہمیں ایک بنیادی فرق ذہن نشین کرنا ہوگا۔ ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات (Observable Universe) اور پوری کائنات (Global or Total Universe) ایک ہی چیز نہیں ہیں۔ جب ہم خلا میں دور تک دیکھتے ہیں تو دراصل ہم وقت میں پیچھے جھانک رہے ہوتے ہیں۔ چونکہ روشنی کی رفتار تقریباً 300,000 کلومیٹر فی سیکنڈ ہے اور کائنات کی عمر کا تخمینہ تقریباً 13.8 ارب سال لگایا گیا ہے، اس لیے ہم صرف کائنات کے اسی حصے کا مشاہدہ کر سکتے ہیں جہاں سے آنے والی روشنی کائنات کے وجود میں آنے کے بعد سے اب تک ہم تک پہنچ پائی ہے۔ تاہم، کائنات کے مسلسل پھیلاؤ کو بھی مدنظر رکھا جائے تو ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات ایک ایسے کرّے کی مانند ہے جس کا قطر تقریباً 93 ارب نوری سال بنتا ہے۔ یہ حصہ یقیناً محدود (Finite) ہے لیکن اصل سوال اس سے کہیں آگے پھیلی ہوئی پوری کائنات کا ہے۔

اس نکتے کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے ہمیں کائنات کو ایک ایسی وسیع چادر کی مانند تصور کرنا ہوگا جس کی ساخت پر مادہ اور کششِ ثقل اثر انداز ہوتے ہیں۔ البرٹ آئن اسٹائن کے عمومی نظریۂ اضافیت (General Relativity) کا ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ مادہ اور توانائی خلا کے تانے بانے کو خمیدہ کرتے ہیں اور خلا کی یہی خمیدگی دراصل مادے اور روشنی کی حرکت کے راستوں کا تعین کرتی ہے۔ جب ہم اس اصول کا اطلاق پوری کائنات پر کرتے ہیں تو اس کی جیومیٹری اور پھیلاؤ کی نوعیت کا تعلق کائنات میں مادے اور توانائی کی مجموعی کثافت، اس کے پھیلاؤ کی رفتار اور خلا کی خمیدگی سے قائم ہوتا ہے۔

طبیعیات دانوں نے اس مقصد کے لیے ایک خاص معیار مقرر کیا ہے جسے کریٹیکل ڈینسٹی (Critical Density) کہا جاتا ہے۔ یہ دراصل کائنات میں مادے اور توانائی کی وہ مخصوص کثافت ہے جو کائنات کے پھیلاؤ اور اس کی جیومیٹری کے درمیان ایک بنیادی تعلق قائم کرتی ہے۔ اس تصور کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ کائنات میں صرف عام مادہ ہی موجود نہیں بلکہ ڈارک میٹر (Dark Matter) اور ڈارک انرجی (Dark Energy) بھی اس کی مجموعی توانائی کی کثافت اور ارتقا میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان تمام اجزا کو سامنے رکھا جائے تو کائنات کی مکانی جیومیٹری کی تین بنیادی ممکنہ صورتیں سامنے آتی ہیں جنہیں سمجھنے کے لیے ہم روزمرہ زندگی سے لی گئی چند سادہ مثالوں کا سہارا لے سکتے ہیں۔

پہلی صورت یہ ہے کہ اگر کائنات کی مجموعی توانائی کی کثافت کریٹیکل ڈینسٹی سے زیادہ ہو تو کائنات کی جیومیٹری مثبت خمیدگی اختیار کر سکتی ہے۔ اسے پوزیٹو کرویچر (Positive Curvature) کہا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک بند (Closed) کائنات وجود میں آتی ہے۔ اسے سمجھنے کے لیے زمین کی طرح کے کرے کی سطح کا تصور کریں۔ اگر آپ زمین پر کسی ایک سمت میں سیدھا چلنا شروع کر دیں تو آپ کو راستے میں کوئی کنارہ یا آخری حد نہیں ملے گی جہاں پہنچ کر آپ نیچے گر جائیں بلکہ ایک طویل سفر اور پورا چکر مکمل کرنے کے بعد آپ دوبارہ اسی مقام پر پہنچ جائیں گے جہاں سے چلے تھے۔ بالکل اسی طرح ایک بند کائنات میں خلا خود پر مڑ جاتا ہے۔ اس کا کوئی آخری سرا یا دیوار نہیں ہوتی لیکن اس کا کُل حجم محدود (Finite) ہوتا ہے۔ ایسی کائنات میں اگر ہم تین جہتوں کے بجائے دو جہتی سطح پر پیمائش کریں تو مثلث کے تینوں زاویوں کا مجموعہ 180 درجے سے زیادہ نکلتا ہے۔

دوسری صورت اس کے برعکس ہے۔ اگر کائنات کی مجموعی توانائی کی کثافت کریٹیکل ڈینسٹی سے کم ہو تو کائنات کی جیومیٹری منفی خمیدگی اختیار کر سکتی ہے۔ اسے نیگیٹو کرویچر (Negative Curvature) کہتے ہیں اور اس طرح کی کائنات کو کھلی (Open) کائنات کہا جاتا ہے۔ اس کی شکل گھوڑے کی پیٹھ پر رکھی جانے والی زین جیسی ہوتی ہے جسے اصطلاح میں سیڈل شیپ (Saddle-shaped) کہا جاتا ہے۔ اس سطح میں ایک سمت سے خم اوپر کی طرف ہوتا ہے تو دوسری سمت سے نیچے کی طرف۔ اسے پرنگلز چپس کے ایک ٹکڑے کی سطح سے بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ ایسی سطح پر اگر ہم لکیریں کھینچیں تو دو متوازی لکیریں آگے بڑھتے ہوئے ایک دوسرے سے دور ہوتی چلی جاتی ہیں جبکہ کسی مثلث کے تینوں زاویوں کا مجموعہ 180 درجے سے کم رہ جاتا ہے۔ ایسی کائنات میں خلا کی منفی خمیدگی ہوتی ہے اور اس کا مجموعی حجم لامحدود بھی ہو سکتا ہے۔ معیاری کاسمولوجیکل ماڈل میں ایسی کائنات عموماً ہمیشہ پھیلتی رہ سکتی ہے اگرچہ اس کے مستقبل کے پھیلاؤ کی رفتار کا تعلق ڈارک انرجی کی نوعیت سے بھی ہے۔

تیسری صورت ایک مکمل توازن کی ہے جہاں کائنات کی مجموعی توانائی کی کثافت کریٹیکل ڈینسٹی کے برابر ہو۔ اس صورت میں کائنات کی جیومیٹری میں نہ مثبت خمیدگی ہوتی ہے اور نہ منفی۔ اسے زیرو کرویچر (Zero Curvature) یا صفر خمیدگی کہا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک فلیٹ (Flat) کائنات وجود میں آتی ہے۔ اس کا مطلب ایسا خلا ہے جو میز کی سطح یا کاغذ کے ہموار صفحے جیسا ہو جہاں اقلیدسی جیومیٹری کے بنیادی اصول پوری طرح درست ثابت ہوتے ہیں۔ یعنی دو متوازی لکیریں ہمیشہ ایک دوسرے کے متوازی رہتی ہیں اور مثلث کے تینوں زاویوں کا مجموعہ عین 180 درجے ہوتا ہے۔ ایسی فلیٹ کائنات بھی کسی کنارے یا موڑ کے بغیر چاروں سمتوں میں پھیل سکتی ہے اور اس کا حجم لامحدود ہو سکتا ہے۔ اگرچہ جیسا کہ آگے چل کر واضح ہوگا کہ فلیٹ ہونے کے باوجود اس کا حجم محدود بھی ہو سکتا ہے۔

ان تینوں ممکنہ صورتوں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ کائنات کی جیومیٹری کا گہرا تعلق اس کی مجموعی توانائی کی کثافت اور کائناتی پھیلاؤ سے ہے۔ لیکن اب اصل سوال یہ تھا کہ ہماری کائنات ان تینوں میں سے کس ساخت کی حامل ہے؟ جدید دوربینوں اور مشاہداتی آلات نے جب اس سوال کا جواب تلاش کرنا شروع کیا تو نتائج خاصے حیران کن تھے۔ معلوم ہوا کہ ہماری کائنات کی جیومیٹری تیسری صورت یعنی فلیٹ کائنات کے انتہائی قریب ہے۔ تاہم، اس نتیجے سے ابھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ پوری کائنات لامحدود ہے۔

کائنات کی خمیدگی معلوم کرنے کے لیے ماہرینِ طبیعیات نے ایک نہایت دلچسپ طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے کائنات کی قدیم ترین قابلِ مشاہدہ روشنی کا مطالعہ شروع کیا، جسے کاسمک مائیکرو ویو بیک گراؤنڈ ریڈی ایشن (Cosmic Microwave Background Radiation) کہا جاتا ہے۔ یہ وہ روشنی ہے جو بگ بینگ کے تقریباً 380,000 سال بعد پہلی مرتبہ کائنات میں آزادانہ طور پر سفر کرنے کے قابل ہوئی تھی۔ اس سے پہلے کائنات انتہائی گرم حالت میں تھی اور ہر طرف پلازما (Plasma) موجود تھا۔ روشنی کے ذرات مسلسل مادے کے ذرات سے ٹکرا رہے تھے جس کے باعث روشنی آزادانہ سفر نہیں کر سکتی تھی۔ پھر جب کائنات ٹھنڈی ہوئی تو الیکٹران اور پروٹون مل کر ایٹم بنانے لگے، مادہ زیادہ شفاف ہو گیا اور روشنی نے پہلی مرتبہ آزادانہ سفر شروع کیا۔ آج ہم اسی قدیم روشنی کو آسمان کے ہر طرف سے آتا ہوا مشاہدہ کرتے ہیں اور اسی کو کاسمک مائیکرو ویو بیک گراؤنڈ ریڈی ایشن پکارا جاتا ہے۔

اس قدیم روشنی میں کائنات کی ابتدائی حالت سے متعلق ایک نہایت اہم سراغ پوشیدہ ہے۔ ابتدائی کائنات میں مادہ ہر جگہ یکساں طور پر پھیلا ہوا نہیں تھا۔ کہیں اس کی کثافت قدرے زیادہ تھی تو کہیں کم۔ ان معمولی فرقوں کے باعث گرم پلازما میں دباؤ کی لہریں پیدا ہوتی تھیں۔ یہاں صوتی لہروں (Sound Waves) سے مراد ہوا میں سفر کرنے والی آواز نہیں، بلکہ مادے کے ذرات اور روشنی کے باہمی تعامل سے پیدا ہونے والی دباؤ کی لہریں ہیں۔ ابتدائی کائنات اس وقت ایک گرم پلازما پر مشتمل تھی، جس میں روشنی کے ذرات (فوٹونز) اور مادے کے ذرات ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل تعامل کر رہے تھے۔ اس ماحول میں دباؤ کے اتار چڑھاؤ لہروں کی صورت میں پھیلتے تھے، بالکل اسی طرح جیسے پانی میں کوئی چیز گرانے سے اس کی سطح پر لہریں پھیلنے لگتی ہیں۔ بگ بینگ کے بعد ابتدائی 380,000 سال کے دوران یہ لہریں پلازما میں پھیلتی رہیں، یہاں تک کہ کائنات اتنی ٹھنڈی ہو گئی کہ روشنی مادے سے آزاد ہو کر سفر کرنے لگی۔ اس وقت تک یہ لہریں ایک خاص زیادہ سے زیادہ فاصلے تک پہنچ چکی تھیں۔ اس فاصلے کو صوتی افق (Sound Horizon) کہا جاتا ہے۔ آج کی کائنات کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فاصلہ تقریباً 150 میگا پارسیک بنتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، صوتی افق اس زیادہ سے زیادہ فاصلے کی پیمائش ہے جہاں تک ابتدائی کائنات میں دباؤ کی یہ لہریں روشنی کے آزاد ہونے تک پھیل سکی تھیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس فاصلے کی مدد سے ہمیں کائنات کی خمیدگی کا اندازہ کیسے ہوتا ہے؟ اس کے لیے ایک سادہ مثال لیتے ہیں۔ فرض کریں کہ آپ کے سامنے کسی چیز کے دو کناروں کے درمیان ایک مقررہ فاصلہ موجود ہے۔ اگر آپ اس فاصلے کو ایک ہموار سطح پر دیکھیں تو وہ آپ کو ایک خاص زاویے پر دکھائی دے گا لیکن اگر وہی سطح خمیدہ ہو تو دیکھنے کے زاویے میں فرق آ سکتا ہے۔ بالکل اسی اصول کو ماہرینِ طبیعیات نے کائنات پر لاگو کیا۔ انہیں معلوم تھا کہ ابتدائی کائنات میں صوتی لہروں نے ایک مخصوص فاصلہ طے کیا تھا جو آج تقریباً 150 میگا پارسیک کے برابر ہے۔ اب انہوں نے کائناتی پس منظر کی تابکاری میں اس فاصلے کے محفوظ نشانات تلاش کیے اور یہ دیکھا کہ آسمان پر وہ ہمیں کتنے بڑے زاویے پر دکھائی دیتے ہیں۔

اگر کائنات فلیٹ ہو تو اس فاصلے سے متعلق روشنی اور اس کے نشانات ہمیں ایک خاص متوقع زاویے پر دکھائی دینے چاہییں لیکن اگر کائنات مثبت طور پر خمدار یعنی بند (Closed) ہو تو روشنی کے راستے اس طرح خمیدہ ہوتے ہیں کہ وہی فاصلہ ہمیں زاویے کے اعتبار سے زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے۔ اس کے برعکس اگر کائنات منفی خمیدگی والی یعنی کھلی (Open) ہو تو روشنی کے راستے اس انداز میں خمیدہ ہوتے ہیں کہ وہی فاصلہ ہمیں نسبتاً چھوٹا دکھائی دیتا ہے۔ یوں ابتدائی کائنات میں پہلے سے معلوم ایک مقررہ فاصلے کو پیمانہ بنا کر سائنس دان یہ جان سکتے ہیں کہ ہماری کائنات فلیٹ ہے، بند ہے یا کھلی ہے۔ یہی وہ طریقۂ کار تھا جس نے کائنات کی خمیدگی کے بارے میں انتہائی اہم مشاہداتی شواہد فراہم کیے۔

اس پیمانے کو عملی طور پر جانچنے کے لیے سائنس دانوں نے مختلف ادوار میں کئی خلائی اور غبارہ بردار بردار مشن بھی بھیجے۔ ان میں ابتدائی اہم کوششوں میں سے ایک بومرانگ (BOOMERanG) مشن تھا، جس میں ایک خصوصی غبارے کے ذریعے انٹارکٹیکا کے اوپر بلند فضا سے کائناتی پس منظر کی تابکاری کا مشاہدہ کیا گیا۔ اس کے بعد ناسا نے ڈبلیو میپ (WMAP) نامی خلائی جہاز بھیجا، جس نے کئی سال تک آسمان کے مختلف حصوں سے آنے والی اس قدیم روشنی کا نقشہ تیار کیا۔ ان مشاہدات کا مقصد صرف یہ جاننا نہیں تھا کہ کائنات کی ابتدائی حالت کیسی تھی، بلکہ یہ بھی معلوم کرنا تھا کہ اس میں صوتی لہروں کے پیدا کردہ نشانات ہمیں کس زاویے پر دکھائی دیتے ہیں۔ جیسا کہ ہم پہلے دیکھ چکے ہیں، ان نشانات کا ظاہری زاویائی حجم کائنات کی خمیدگی کے بارے میں نہایت اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔

تاہم اس سلسلے میں سب سے زیادہ تفصیلی اور درست معلومات یورپی خلائی ایجنسی کے پلانک (Planck) مشن سے حاصل ہوئیں۔ اس مشن نے کاسمک مائیکرو ویو بیک گراؤنڈ ریڈی ایشن کا انتہائی باریک بینی سے نقشہ تیار کیا۔ اس نقشے میں سائنس دانوں نے ابتدائی کائنات میں پیدا ہونے والی صوتی لہروں کے نشانات کا مطالعہ کیا اور ان کے ظاہری زاویے کا موازنہ نظریاتی طور پر متوقع زاویے سے کیا۔ اگر کائنات میں مثبت یا منفی خمیدگی نمایاں ہوتی تو ان نشانات کا ظاہری زاویائی حجم متوقع حجم سے مختلف نظر آتا۔ لیکن مشاہدات میں ایسا کوئی بڑا فرق سامنے نہیں آیا۔ اس کے بجائے نتائج اس بات سے مطابقت رکھتے تھے کہ کائنات کی جیومیٹری تقریباً فلیٹ ہے یعنی اس کی خمیدگی صفر کے انتہائی قریب ہے۔

اس کے بعد سائنس دانوں نے اسی نتیجے کو ایک دوسرے طریقے سے بھی جانچنے کی کوشش کی۔ اس مرتبہ انہوں نے صرف ابتدائی کائنات کی روشنی پر انحصار کرنے کے بجائے موجودہ کائنات میں کہکشاؤں کی تقسیم کا مطالعہ کیا۔ اس مقصد کے لیے اربوں نوری سال کے فاصلے تک پھیلی ہوئی کہکشاؤں کے مقامات کا سہ جہتی نقشہ تیار کیا گیا۔ یہاں ایک اہم بات یہ ہے کہ ابتدائی کائنات میں پھیلنے والی صوتی لہروں نے صرف کائناتی پس منظر کی تابکاری ہی میں اپنے نشانات نہیں چھوڑے تھے بلکہ ان کے اثرات بعد میں وجود میں آنے والی کہکشاؤں کی تقسیم میں بھی محفوظ رہے۔ آج بھی کہکشاؤں کے درمیان ایک خاص اوسط فاصلے پر ان نشانات کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس پیمانے کو بیریون ایکوسٹک آسکیلیشنز (Baryon Acoustic Oscillations یا BAO) کہا جاتا ہے۔

اس کام میں ڈیسی (DESI) جیسے جدید سروے نے بھی اہم کردار ادا کیا جس نے بڑی تعداد میں کہکشاؤں اور دیگر کائناتی اجسام کے فاصلوں اور مقامات کی پیمائش کی۔ ڈارک انرجی اسپیکٹروسکوپک انسٹرومنٹ یا مختصراً ڈیسی ایک جدید فلکیاتی آلہ ہے جو کہکشاؤں اور کواسارز کی روشنی کا تجزیہ کرکے کائنات کے پھیلاؤ اور ڈارک انرجی کے اثرات کا مطالعہ کرتا ہے۔ یوں پلانک اور ڈیسی DESI ہمیں کائنات کے دو مختلف ادوار کی جھلک دکھاتے ہیں۔ پلانک ہمیں ابتدائی کائنات کی روشنی اور اس وقت موجود صوتی نشانات کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جبکہ ڈیسی (DESI) بعد کے کائناتی ارتقا میں کہکشاؤں کی تقسیم اور ان کے باہمی فاصلوں کا نقشہ ہمارے سامنے رکھتا ہے۔ جب ان مختلف مشاہدات سے حاصل ہونے والے نتائج کو یکجا کر کے دیکھا گیا تو کائنات کی تقریباً فلیٹ جیومیٹری کے حق میں شواہد مزید مضبوط ہوئے۔ یوں دو مختلف ادوار اور طریقوں سے حاصل ہونے والے مشاہدات ایک ہی بنیادی نتیجے کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات میں خمیدگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ان پیمائشوں کے نتائج کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ سائنس دانوں کے پاس کائنات کی خمیدگی جانچنے کے دو بڑے ذرائع موجود ہیں۔ ایک ابتدائی کائنات کی روشنی یعنی کاسمک مائیکرو ویو بیک گراؤنڈ ریڈی ایشن (Cosmic Microwave Background Radiation) اور دوسرا موجودہ کائنات میں کہکشاؤں کی تقسیم جس کا مطالعہ بیریانک اکوسٹک آسیلیشن (BAO) کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ان دونوں ذرائع سے حاصل ہونے والے نتائج کو یکجا کر کے دیکھا جائے تو کائنات کی ساخت کے بارے میں پہلے سے کہیں زیادہ درست اندازہ لگانا ممکن ہو جاتا ہے۔

پلانک مشن کے 2018 کے حتمی نتائج اور کہکشاؤں کے سروے سے حاصل ہونے والی بیریانک اکوسٹک آسیلیشن (BAO) کی پیمائشوں کو ملا کر کیے گئے ایک اہم تجزیے میں کائنات کی خمیدگی کے پیمانے (Curvature Parameter) کی ویلیو تقریباً 0.0007 ± 0.0019 حاصل ہوئی۔ یہ قدر صفر کے انتہائی قریب ہے اور اس کی پیمائشی غیر یقینی کو بھی مدنظر رکھا جائے تو نتائج ایک فلیٹ کائنات کے ساتھ پوری طرح مطابقت رکھتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات میں اگر کوئی خمیدگی موجود بھی ہے تو وہ اتنی معمولی ہے کہ موجودہ مشاہدات کی مدد سے اسے صفر سے قابلِ اعتماد طور پر الگ ثابت نہیں کیا جا سکا۔ ڈیسی DESI مشن کے بعد کے مشاہدات نے بھی کائنات کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ اور کہکشاؤں کی تقسیم کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی ہیں۔ ڈیسی DESI کے ابتدائی نتائج اور کائناتی پس منظر کی تابکاری کے ڈیٹا کو ملا کر کیے گئے تجزیات میں بھی خمیدگی کی قدر صفر کے قریب رہی اور فلیٹ کائنات کے معیاری ماڈل کے حق میں مضبوط شواہد سامنے آئے۔ اگرچہ مختلف کائناتی ماڈلز اور ڈیٹا کے امتزاج سے حاصل ہونے والی پیمائشوں میں کچھ معمولی اختلافات بھی موجود ہیں لیکن مجموعی طور پر اب تک کے شواہد کائنات کی تقریباً فلیٹ جیومیٹری ہی کی تائید کرتے ہیں۔

لیکن یہاں ایک نہایت اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر کائنات تقریباً فلیٹ ہے تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ لامحدود بھی ہے؟ اس کا جواب اتنا سادہ نہیں جتنا بظاہر دکھائی دیتا ہے۔ فلیٹ جیومیٹری کا مطلب صرف یہ ہے کہ خلا کی مقامی سطح پر خمیدگی صفر کے قریب ہے۔ اس سے پوری کائنات کے مجموعی حجم یا اس کی حدود کا فیصلہ نہیں ہوتا۔ ممکن ہے کائنات ایک ہموار سطح کی طرح ہر سمت میں لامحدود پھیلی ہوئی ہو لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ اس کی مجموعی ساخت کسی ایسے انداز میں باہم جڑی ہوئی ہو کہ وہ محدود حجم رکھنے کے باوجود کہیں ختم نہ ہوتی ہو۔

اس بات کو سمجھنے کے لیے ایک دلچسپ مثال لیتے ہیں۔ فرض کریں کہ آپ کے پاس کاغذ کی ایک مستطیل شیٹ ہے۔ آپ اسے موڑ کر سلنڈر کی شکل دے دیں اور پھر اس کے دونوں کھلے کناروں کو بھی آپس میں ملا کر ایک بند حلقہ بنا دیں۔ اب اس سطح پر رہنے والی کسی چیونٹی کو چلتے ہوئے کوئی آخری کنارہ نظر نہیں آئے گا۔ وہ مسلسل آگے بڑھتی رہے گی اور ایک خاص فاصلے کے بعد دوبارہ اسی مقام پر پہنچ سکتی ہے جہاں سے اس نے سفر شروع کیا تھا حالانکہ اس سطح کا مجموعی رقبہ محدود ہوگا۔ کائنات میں بھی اس سے ملتی جلتی ایک ممکنہ ساخت کو تھری ٹورس (3-Torus) کہا جاتا ہے۔ یہ دراصل اسی تصور کی تین جہتی شکل ہے جس میں خلا کسی کنارے پر ختم ہونے کے بجائے اپنے مختلف حصوں کے ساتھ اس طرح جڑا ہوتا ہے کہ مجموعی حجم محدود ہونے کے باوجود اس کی کوئی سرحد موجود نہیں ہوتی۔

یہیں آ کر کائنات کی لامحدودیت کا سوال ایک بالکل نیا رخ اختیار کر لیتا ہے کیونکہ کسی چیز کا بے کنار ہونا اور لامحدود ہونا لازماً ایک ہی بات نہیں۔ اسی لیے یہاں جیومیٹری اور ٹوپولوجی (Topology) کے درمیان فرق سمجھنا بھی ضروری ہے۔

 جیومیٹری ہمیں بتاتی ہے کہ خلا میں زاویے اور فاصلے کس طرح متعین ہوتے ہیں اور اس کی مقامی خمیدگی کیا ہے جبکہ ٹوپولوجی کائنات کی مجموعی ساخت اور اس کے مختلف حصوں کے باہمی تعلق کی وضاحت کرتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں جیومیٹری ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کائنات مقامی طور پر کیسی دکھائی دیتی ہے جبکہ ٹوپولوجی یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ اس کی مجموعی ساخت کس طرح ترتیب پائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کائنات کا فلیٹ ہونا اس کے لامحدود ہونے کی ضمانت نہیں دیتا۔ وہ مقامی طور پر فلیٹ ہوتے ہوئے بھی محدود حجم رکھ سکتی ہے۔

اب تک کے مشاہدات میں کائنات کے لامحدود یا محدود ہونے کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ملا۔ البتہ کائناتی پس منظر کی تابکاری کے نقشوں میں ایسے ایک جیسے دائرہ نما نشانات (Matching Circles in the Sky) تلاش کیے گئے ہیں جو اس بات کا سراغ دے سکتے ہیں کہ کائنات کی ساخت کسی نہ کسی انداز میں خود پر مڑی ہوئی ہے۔ اس تصور کے مطابق اگر کائنات کی کوئی محدود مگر بے کنار ساخت ہو تو ممکن ہے روشنی مختلف راستوں سے سفر کرتے ہوئے ایک ہی قدیم کائناتی خطے کی تصاویر ہمیں آسمان کی مختلف سمتوں میں دکھائے۔ اس صورت میں ہمیں کائناتی پس منظر کی تابکاری میں ایسے ایک جیسے دائرے نظر آنے چاہییں جن میں درجہ حرارت کی تقسیم اور دیگر خصوصیات ایک دوسرے سے مشابہ ہوں۔ اب تک ایسے کسی پیٹرن کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کائنات لازماً لامحدود ہے بلکہ صرف اتنا ظاہر ہوتا ہے کہ اگر اس کی ساخت محدود اور خود پر مڑی ہوئی ہے تو اس کا مجموعی حجم اتنا بڑا ہونا چاہیے کہ اس کی حدود یا تکراری ساخت کے آثار ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات میں آسانی سے دکھائی نہ دیں۔

لہٰذا موجودہ شواہد اور کاسمولوجی کے معیاری ماڈل کی روشنی میں ہماری کائنات مقامی طور پر تقریباً فلیٹ ہے اور اس کے لامحدود ہونے کا امکان ایک قابلِ قبول مگر حد سے زیادہ سادہ مفروضہ ہے۔ تاہم سائنس دان ابھی تک اس کے لامحدود ہونے کو حتمی طور پر ثابت نہیں کر سکے اور اس کے محدود ہونے کا امکان بھی بدستور موجود ہے۔ فی الحال ہم اتنا ضرور جانتے ہیں کہ کائنات کا وہ حصہ جسے ہم دیکھ سکتے ہیں، اس کی مجموعی وسعت کا فیصلہ کرنے کے لیے کافی نہیں۔ ممکن ہے ہماری قابلِ مشاہدہ کائنات ایک ایسی وسیع کائناتی ساخت کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہو جس کی حقیقی حدود کا سراغ لگانا فی الحال ہماری سائنسی صلاحیتوں سے باہر ہے۔

ہو سکتا ہے کہ ہماری کائنات حقیقتاً لامحدود ہو اور زمان و مکان کے نہ ختم ہونے والے تسلسل میں ہر سمت پھیلی ہوئی ہو یا پھر اس کا حجم محدود ہو مگر اس کی وسعت اس قدر زیادہ ہو کہ اس کی حقیقی حدود تک پہنچنے کا تصور بھی ہمارے لیے ممکن نہ ہو۔ فی الحال سائنس ان دونوں امکانات میں سے کسی ایک کو حتمی قرار دینے کی پوزیشن میں نہیں۔ ہم نے دوربینوں کی مدد سے اربوں نوری سال دور تک جھانک لیا، کائنات کی قدیم ترین روشنی کا مطالعہ کر لیا اور اس کی جیومیٹری بھی تقریباً فلیٹ معلوم کر لی لیکن ان تمام کامیابیوں کے باوجود ہم آج تک یہ نہیں جان سکے کہ اس وسیع کائنات کا کوئی آخری سرا بھی ہے یا نہیں۔

شاید اس معمے کا سب سے حیران کن پہلو یہی ہے کہ ممکن ہے جس کائنات کو ہم اپنی تمام تر سائنسی ترقی کے باوجود پوری کائنات سمجھ کر دیکھ رہے ہیں، وہ دراصل ایک ایسی حقیقت کا محض ایک چھوٹا سا قابلِ مشاہدہ حصہ ہو جس کی اصل وسعت کا تصور کرنا بھی ہماری موجودہ عقل اور سائنسی صلاحیتوں سے باہر ہے اور شاید کائنات کی لامحدودیت کے زمرے میں سب سے بڑا راز بھی یہی ہے کہ ہم ابھی تک یہ نہیں جانتے کہ جس وسعت کو ہم ناپنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے آگے بھی کوئی وسعت موجود ہے یا نہیں۔

(تحریر: ڈاکٹر احمد نعیم)