ستارے کی موت سے سیارے کیسے وجود میں آتے ہیں؟

ستارے کی موت سے سیارے کیسے وجود میں آتے ہیں؟

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )سوال: ایک ستارے کی موت سے نئے سیارے کیسے بنتے ہیں ؟

جواب: جب کائنات کی ابتدا ہوئی تو قدرتی طور پر اس میں صرف ہائیڈروجن اور معمولی مقدار میں ہیلیم اور برائے نام لیتھیم ہی وجود میں آئے۔ اس مرحلے پر کائنات میں نہ کوئی ٹھوس مادہ تھا، نہ چٹانیں، اور نہ ہی عناصر کا وہ تنوع موجود تھا جو کسی پیچیدہ ساخت یا جسم کو جنم دے سکتا۔ کائنات کا بنیادی کینوس کیمیائی اعتبار سے انتہائی سادہ اور یک رنگا تھا۔

اس سادہ کائنات میں دور دور تک ہائیڈروجن کے بادل پھیلے ہوئے تھے۔ جب یہ بادل گریوٹی کی وجہ سے سکڑنے لگے تو اس کے نتیجے میں کائنات میں کھربوں کے حساب ستارے وجود میں ہے۔ یہی ستارے کائنات کی وہ جوہری بھٹیاں بنیں جن کے اندر بے پناہ دباؤ اور حرارت کے تحت نیوکلیئر فیوژن کا عمل شروع ہوا۔

یعنی پوری کائنات خوبصورت قمموں سے چراغاں ہوئی۔ یہ کائنات کے حسن کا پہلا مرحلہ تھا۔

 ستاروں میں اس عمل کے دوران ہلکے ایٹم باہم مدغم ہو کر کاربن، نائٹروجن، آکسیجن، سلیکون اور لوہے جیسے بھاری ایٹموں میں ڈھلتے رہے، یہیں سے کائنات میں پیچیدہ کیمسٹری کی بنیاد پڑی۔

جب ایک بڑا ستارہ اپنی زندگی کے آخری مرحلے پر پہنچ کر سپر نووا بن کر پھٹتا ہے، تو اس کے کور میں یہ بھاری ایٹم پہلے ہی سے تیار ہو چکے ہوتے ہیں اور دھماکے کی زبردست توانائی سے مزید بھاری عناصر جنم لیتے ہیں۔ سپر نووا کا یہ ہولناک دھماکہ ان تمام بھاری ایٹموں کو دور دور تک بین النجماتی خلا (interstellar space) میں بکھیر دیتا ہے۔ خلا میں پھیلا ہوا یہی گرد و غبار اور بھاری عناصر بعد میں کششِ ثقل کے زیرِ اثر اکٹھے ہو کر ٹھوس، کثیف اور پیچیدہ سیاروں کی شکل اختیار کرتے ہیں۔

ہم عام طور پر ستاروں کے دیو ہیکل حجم، چمک اور توانائی کو دیکھ کر انہیں ہی زیادہ بڑا اور اہم سمجھتے ہیں، لیکن درحقیقت سیارے اپنے چھوٹے سائز کے باوجود اپنی ساخت اور کیمیائی پیچیدگی کے پیشِ نظر کائنات کا اصل شاہکار ہیں۔ ستاروں کی سیدھی سادی پلازما اور گیسی حالت کے مقابلے میں ایک ٹھوس سیارے کا وجود کائناتی اعتبار سے کہیں زیادہ وقت طلب، نایاب اور قیمتی ہے۔ اگر اس کائنات میں نامیاتی سالمات، ڈی این اے اور زندگی جیسی انتہائی نفیس اور معجزاتی ساخت کا ظہور ممکن ہو سکتا ہے تو وہ ستاروں کی دہکتی آگ میں نہیں بلکہ ان کی موت کی راکھ سے تراشے گئے انہی کثیف، ٹھوس اور معدنیات سے بھرپور سیاروں کی گود میں ہی ممکن ہے۔